سدھارتھ نگر: نامہ نگار
مشہور عالم دین مولانا محمد پرویز عالم قادری فیضی ایڈیٹر ماہنامہ جام میر بلگرام شریف نے قربانی کے تعلق سے پریس ریلیز کر کے کہا کہ قربانی کی اہمیت ، افضیلت ، اس کی شرعی حقیقت اور مسا ئل پر بہت سی کتابیں لکھی گئی ہیں تاکہ یہ عبادت صحیح طور پر ادا ہو سکے ، قربانی اسلامی شعائر میں سے ایک اہم شعار اور عبادات میں سے ایک اہم عبادت ہے، بدقسمتی سے پچھلے100/ سو سالوں میں جب سے اسلامی تہذیب و تمدن پر مغربی تہذیب نے حملہ بولا اور اسلامی ممالک مغرب نواز حکومتیں قائم ہوئیں، اس وقت سے تمام اسلامی ممالک یا تقریباً اکثر ممالک مغربی تہذیب کی لپیٹ میں ہیں ، مغربی تہذیب صرف معاملات کی حدتک نہیں بلکہ عقائد ، عبادت اور معاشرت میں بھی انتہائی گہرائی سے مسلمانوں میں نافذ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے، عقائد ، عبادات بلکہ جملہ اسلام کے متعلق بے بنیاد اعتراضات کو انتہائی اہم اور علمی تحقیقات کے نام پر الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات میں ذکر کئے جاتے ہیں، ہر اہم اسلامی عمل کو مغرب کی عینک سے دیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے اور اس کی ایسی تاویلیں پیش کی جاتی ہیں کہ جو مغرب کےلئے قابل قبول ہوں، اس طرح اس عبادت کی اصل غرض اور روح جو کہ رضائے الٰہی ہے اس کو لوگوں میں ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ، قربانی کےمتعلق بھی قربانی کے دنوں میں اسی طرح کی کوششیں الیکٹرانک میڈیا پر کی جاتی ہیں کہ گویا کہ یہ ایک تہوار ہے جس کا مقصد بس کھانا، پینا ، دوستوں اور رشتہ داروں کو کھلانا اور پلانا ہے، جانوروں کے خریدنے سے لیکر ذبح کرنے تک پورے ملک میں اس طرح مغرب زدہ ماحول اور فضا بنانے کی کوششیں دانستہ طور پر کی جاتی ہیں۔اس سلسلے میں ضروری یہ ہے کہ مسلمانوں کو قربانی کی اصل حقیقت ،اس کی فضیلت ، اہمیت ، فلسفہ اور مقاصد، مسائل وغیرہ سے علماء کرام آگاہ کریں، جب کہ رضا اکیڈمی ضلع گونڈہ کے صدر حضرت مفتی محمد اسرار احمد فیضی واحدی ناظم اعلی جامعہ امام اعظم ابوحنیفہ نسواں عربی کالج علی پور بازار ضلع گونڈہ، نے اس موقع پر فرمایا کہ قربانی کا حکم اللہ تعالیٰ کا ہے۔ اور نماز پنجگانہ پڑھنے کا حکم بھی اسی پرور دگار عالم کا ہے۔ قربانی سال بعد کرنی ہوتی ہے اور فرض نماز ایک دن میں پانچ مرتبہ ادا کرنی ہوتی ہے۔ قربانی کی روح اور مقصد یہ ہے کہ”اللہ تعالیٰ کو صرف جانور کی قربانی مطلوب نہیں بلکہ نفس اور اس کی خواہشات کی قربانی بھی مطلوب ہوتی ہے۔اسی طرح نماز ادا کرنے کے لئے نفس کے ساتھ مسلسل محنت کرنی پڑتی ہے۔ کبھی کچھ کمی بیشی ہوجائے تو اس کی فوراً اصلاح کرنی چاہیئے ،قربانی ایسی اہم عبادت ہے جس کا ہماری زندگی میں بہت اہم عملی کردار ہے۔ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں نماز کے ساتھ قربانی کا تذکرہ کیا ہے جس سے اس کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔ اسی طرح نماز کی دائمی اہمیت ہے جس کی اللہ تعالی کی بارگاہ میں قدر و قیمت بہت زیادہ ہے۔قربانی صرف جانور کی نہیں ہوتی بلکہ اپنے نفس کو کنٹرول کرنے کی قربانی بھی بہت بڑی قربانی ہوتی ہے۔لہذا تمام مسلمانان عالم قربانی کریں اور اللہ تبارک وتعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کریں۔اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ذبح کرتے وقت کوئی ویڈیو اور تصویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ نہ کریں تاکہ ملک میں امن و چین برقرار رہے اور شر پسند عناصر کو فتنہ و فساد کرنے کا موقع نہ مل پائے