عالم اسلام کو عرس شہید راہ مدینہ مبارک ہو۔الحاج محمد سعید نوری
ممبئی: 14 اپریل، ہماری آواز
رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوتے ہی عاشقان رسولﷺ جہاں عالم اسلام کو مبارکبادیاں دینا شروع کرتے ہیں۔وہیں ممبئی کی سرزمین پر بسنے والے غلامان حضور شہید راہ مدینہ اپنے محسن و مربی کی یاد منانے کی تیاریاں زوروں پر شروع کردیتے ہیں۔
الحمداللہ عرس شہید راہ مدینہ کی تیاریاں اس وقت اپنے عروج پر ہیں۔عروس البلاد ممبئی میں غلامان حضور شہید راہ مدینہ کا جوش و خروش دیدنی کے قابل ہوتا ہے۔جیسے جیسے 15/رمضان المبارک کی تاریخ قریب آتی ہےتوحضور شہید راہ مدینہ علیہ الرحمہ کے دیوانے اپنے آپ کو نغمات اشرفی سے مزین کرلیتے ہیں کہ ہمارے پیرومرشد کا عرس مقدس ممبئی میں ہونے جارہا ہے۔ ظاہر سی بات ہے کہ وہ ایسے شخص کی یاد منانے کی تیاریوں میں لگ جاتے ہیں جس کا مدفن جنت البقیع مدینہ منورہ میں ہے۔یقینا ایسی شخصیت کی یادوں سے فضائیں معطر ہوجاتی ہیں،قلوب و اذہان منور ہوجاتے ہیں،اور کیوں نہ ہو آل نبی اولاد رسول شہزادہ غوث اعظم قطب المشائخ حضرت علامہ الحاج سید انوار اشرف الاشرفی الجیلانی کچھوچھہ مقدسہ عرف حضور مثنیٰ میاں علیہ الرحمۃ والرضوان(شہید راہ مدینہ)ایک ایسی شخصیت کے حامل تھے کہ جن کو عوام وخواص میں یکساں مقبولیت حاصل تھی آپ کی پوری زندگی اللہ و رسول کی اطاعت و فرمانبرداری میں گزری۔راقم نے شہزادہ شہید راہ مدینہ حضور معین المشائخ حضرت علامہ مولانا الحاج سید معین الدین اشرف اشرفی الجیلانی کچھوچھہ مقدسہ صدر آل انڈیا سنی جمیعۃ العلماء و صدر ٹی این آر بورڈ سے رابطہ قائم کیا اور عرس کے سلسلے میں ان کی رائے جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے برجستہ یہی کہا کہ اس سال ان شاءاللہ ابو جان کا عرس مبارک نہایت ہی شاندار طریقے سے منایا جائے گا کیونکہ ہمارے اور ابو کے مریدین،متوسلین، معتقدین بالخصوص محافظ ناموس رسالت اسیر مفتئ اعظم خلیفۂ تاج الشریعہ الحاج محمد سعید نوری صاحب بانی و سربراہ رضا اکیڈمی ممبئی کی خواہش ہوتی ہے کہ عرس مبارک نہایت ہی دھوم دھام سے منایا جائے۔لہذا اس سال مریدوں کی طرف سے عرس کی تیاری خوب زوروں سے چل رہی ہے۔حضور شہید راہ مدینہ کے چاہنے والے اپنے محسن کے عرس کی تقریبات کی تیاریوں میں دل و جان سے لگے ہوئے ہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ تقریباً دو سال سے عرس کی تقریبات کا اہتمام کورونا وائرس کے چلتے کھلے میدان میں نہ ہوسکا۔مگر اس سال عرس نہایت ہی شاندار طریقے سے منانے کی تیاری چل رہی ہے۔ایسے میں ہم ان باتوں کی طرف بھی اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں کہ ہمارے وہ بھائی جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشانی کے شکار ہوگئے ہیں حتی الامکان ان کی مدد کی جائے گی۔ہم جانتے ہیں کہ بہت سارے لوگ ایسے بھی ہیں جن کے گھروں میں راشن وغیرہ کی کمی محسوس ہورہی ہے اور بہت سارے لوگ کورونا وائرس کے قہر سے ابھی تک باہر نہیں نکل سکے ہیں۔ان کی بھی مدد ہماری اولین ترجیح ہے لہذا ہم مریدوں اور چاہنے والوں سے یہی گزارش کریں گے کہ عرس شہید راہ مدینہ کے حسین موقع پر ضرورت مندوں یتیموں،بیواؤں،مریضوں،بے سہاروں بے بسوں بیکسوں، لاچاروں،مدارس اسلامیہ، علماء،حفاظ،مساجد کے اماموں،مؤذنوں،خادموں کی خوب خدمت و مدد کرکے آل رسول اولاد علی،گلشن مخدوم سمناں کے مہکتے پھول حضور شہید راہ مدینہ حضور قطب المشائخ پیر طریقت حضرت العلام الشاہ الحاج سید انوار اشرف اشرفی الجیلانی کچھوچھہ مقدسہ المعروف بہ حضور مثنیٰ میاں علیہ الرحمۃ والرضوان کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں۔
رپورٹ۔ظفرالدین رضوی ممبئی