بیٹیوں نے حاصل کی نمایاں کامیابی
موتی ہاری: 2 اپریل، ہماری آواز
بہار اسکول اکزا مینشن بورڈ پٹنہ کے ذریعہ جاری کردہ میٹرک امتحانات کے نتائج میں نمایاں کامیابی حاصل کر نے والے طلبہ اور طالبات کو معروف سماجی و سیاسی شخصیت مقصود عالم انصاری کے ذریعہ حضرت مولانا عالم شمسی مرحوم کے دولت کدہ کوآواں، مغربی محلہ میں نواز گیا ۔ اس اہم ترین موقع پر شہر کے معروف کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر نیاز احمد رانا، محمد امتیاز عالم، مولانا عبد القیوم اشعر، انجینیر شاہد نواز جگنو، محمد منظور عالم، انجمن ترقی اردو تر ہت ڈویژن کے سکریٹری شکیل شاغل صاحبان سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر نیاز احمد رانا نے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں پیش آنے والی دشواریوں اور اسکے حل کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا کہ مصمم ارادہ اور خود اعتمادی سے ہی کامیابی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ اُنہوں نے عصر حاضر کے اہم کورسیز اور اُس کے چیلنجز سے بھی طلبہ کو روشناس کیا۔ مقصود عالم انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے معاشرہ کی روشن مستقبل کے علامات ہیں کہ لڑکیوں نے لڑکوں پر سبقت حاصل کی ہے اور اپنی محنت کی بدولت اپنے خاندان اور گاؤں کا نام روشن کیا ہے۔ہم سب کو اس کاوش اور بیداری کو وُسعت دینے اور اپنی بیٹیوں پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ کامیابی اور کامرانی کی ایک نئی عبارت تحریر کرسکیں۔ موصوف نے نعمت اللہ ابن نثار احمد، جابر حسین ابن محمد منظور عالم، حوریہ انصاری بنت محمّد مرتضٰی انصاری، شاہد عزیز ابن عزیز انصاری، عاطف علی ابن حسرت علی، ثانیہ حسن بنت طارق حسن،صوفیہ بنت جمیل اختر،علیجاہ خاتون بنت افروز عالم اور حنا کوثر بنت نثار عالم کو انعامات سے نوازا۔ سبھی طلبہ اور طالبات کا استقبال پھول مالا سے کیا گیا۔ مہمانوں کا استقبال مولانا عبد القیوم اشعر نے کیا۔ انجینئر شاہد نواز جگنو نے کلمات تشکریہ پیش کیا۔