ادبی گلیاروں سے بہار

پلادے مجھ کو اے ساقی تو جام عشق بھر بھر کر (عاقب چشتی)

زمینی سطح پر کیا جائے اردو کا کام, سیاسی مفاد کے لیے اردو کا استعمال بند ہو, چکیا بابو لال ساہ گرلز ہائی اسکول و کیسریا مڈل اسکول میں برسوں سے اردو اساتذہ نہیں, کوئی پرسان حال نہیں۔

موتی ہاری: 29 مارچ
اردو زبان و ادب کی تاریخ میں نعتیہ شاعری کا اپنا الگ مقام ہے اور یہ سب سے پاکیزہ صنف ہے – اس لیے ہمیں زمینی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے اور سیاسی, ذاتی مفادات کے لیے اس کا استعمال افسوسناک ہے- رحمانیہ بپلک اسکول رمڈیہہ میں رحمانیہ فاؤنڈیشن و عوامی اردو نفاذ کمیٹی مشرقی چمپارن کے زیراہتمام منعقدہ بزم شعر و سخن کے چھٹے طرحی نعتیہ مشاعرہ کے دوران مولانا سعید احمد قادری نے کہی اور مزید بتایا کہ اردو زبان و ادب کی شیرینی بے مثال و لاجواب ہے اس کے الفاظ و معانی میں کافی وسعت ہے – ہمارے بچے اس سے دور ہوتے جارہے ہیں جو نہایت افسوسناک ہے – صدر مشاعرہ ڈاکٹر طاہر الدین طاہر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اردو زبان کی الگ شناخت و پہچان ہے اور اس کی ترویج و اشاعت ہورہی ہے اور ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ اس زبان و ادب سے ہماری نسل نو مستفید ہو- اردو زبان و ادب کی تعلیم کے بغیر دوسری زبانوں کے الفاظ کی ادائیگی اور اس کے نشیب و فراز کو سمجھنا نہایت مشکل ہے- عوامی اردو نفاذ کمیٹی کے ضلع صدر انیس الرحمان چشتی نے کہا کہ اردو زبان ہمارے ملک کی انقلابی اور تاریخی زبان ہے- آج اردو زبان کی ترویج و ترقی کے نام پر سیاسی روٹیاں سینکی جارہی ہے جو نہایت افسوسناک ہے – زمینی حقائق سے چشم پوشی کرتے ہوئے اس زبان کی ہرگز ترقی نہیں ہوسکتی ہے – آج بھی بہت سارے ایسے اسکول و کالجز ہیں جہاں سینکڑوں اردو زبان کے طلباء و طالبات ہیں لیکن برسوں سے اردو اساتذہ نہیں ہیں اور اردو کی سیٹیں خالی ہیں – چکیا بابو لال ساہ گرلز ہائی اسکول, کیسریا مڈل اسکول سرفہرست ہیں – لیکن اس پر توجہ دینے والا کوئی نہیں ہے – آج ہزاروں اردو ٹی ای ٹی امیدوار بے یار و مددگار سڑکوں پر پولیس کے ظلم و ستم کے نشانہ بن رہے ہیں لیکن ان کا پرسان حال کوئی نہیں ہے جو نہایت شرمناک ہے – ہم حکومت بہار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ان امیدواروں کا رزلٹ جاری کر ان کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔

مشاعرہ میں شریک شعراء کے کچھ منتخب اشعار قارئین کی نذر ہے –
ہمارے مصطفےٰ جب حشر میں بخشش کو آئیں گے
ملے گا جام کوثر بالیقیں ہم کو بھی بھر بھر کر
ڈاکٹر طاہر نبیلی
مسافر راہ طیبہ کا ہراک منزل پہ کہتا ہے
میری قسمت میں میرے حج کو یا رب حج اکبر کر
سعید قادری
رخ والشمس کا ہوگا نظارہ قبر میں بے شک
ہر اک مؤمن یہ دولت پائے گا دنیا سے مر مر کر
رضا چمپارنی
تیرے میخانے تک پہنچا ہوں اپنے گھر سے مر مر کر
پلادے مجھکو اے ساقی تو جام عشق بھر بھر کر
شبر چمپارنی
دربار مصطفےٰ جاؤں گا قدم رکھونگا ڈر ڈر کر
میں زمزم کو وہاں سے لاؤنگا مشکیزہ بھر بھر کر
نیر چمپارنی
جہاں کے گوشے گوشے میں سدا مخمور رہنے کو
پلادے مجھکو اے ساقی تو جام عشق بھر بھر کر
فیروز حیدری
جزا کے دن سبھوں نے کردیا واپس میرے آقا
سفارش اب ہماری تو میرے اے شافع محشر کر
نعمت اللہ جامعی

مشاعرہ کی نظامت کے فرائض جمال شبر نے انجام دیئے اور اس موقع سے مولانا غلام مصطفی حیدری, اختر علی ناز قادری, حافظ وکیل احمد حیدری, حافظ غلام حسن, عبدالغفار انصاری سمیت سینکڑوں افراد موجود تھے۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!