ادبی گلیاروں سے تمل ناڈو

چنئی میں اردو کے مشہور و معروف نقاد و ادیب پروفیسر زماں آزردہ صاحب کشمیری کی آمد پر ایک شاندار نشست

"ایک شام پروفیسر زماں آزردہ صاحب کشمیری کے نام”

روداد: اسانغنی مشتاق رفیقی

ٹمل ناڈو اردو پبلیکشنز اور ٹمل ناڈو اردو لٹریری اسوسیشن کی جانب سے بروز اتوار 2022-03-27 بعد نماز مغرب بمقام المجلس منی ہال، ٹریپلیکن ہائی روڈ، چنئی پروفیسر زماں آزردہ صاحب کشمیری کی چنئی آمد پر ان کے اعزاز میں ایک شاندار جشن ” ایک شام پروفیسر زماں آزردہ صاحب کشمیری کے نام” کا انعقاد عمل میں آیا۔ عزیز الشعراء حسن فیاض صاحب اور بابائے اردو ٹمل ناڈو علیم صبا نویدی صاحب کی سر پرستی میں منعقدہ اس جشن کی صدرات استاذ الاساتذہ پروفیسر سید سجاد حسین صاحب نے فرمائی۔ ڈاکٹر حیات افتخار صاحب اور ڈاکٹر جی امتیاز باشاہ صاحب بطور مہمانان خصوصی اس جشن میں شریک رہے۔ قراءت کلام پاک حافظ فاضل شریف نے پیش کی۔ اس کے بعد بہت ہی پر وقار اندازمیں محمد اظہر باشاہ نے حمد اورمنا شوکت صاحب نے نعت پیش کیا ۔ استقبالیہ ادا کرنے کی ذمہ دارای اسانغنی مشتاق رفیقی نے نبھائی اور افتتاحی خطاب علیم صبا نویدی نے اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا۔ اس شاندار محفل کی نظامت کے فرائض خوبصورت لب و لہجہ کی مالکہ محترمہ جیوتی امیرہ خسرو مدراسی نے ادا کی۔
صدر محفل پروفیسر سید سجاد حسین نے صدارتی خطاب میں ممہمان مکرم پروفیسر زماں آزردہ صاحب کشمیری کے حوالے سے بڑی دلچسپ اور تاریخی باتیں بتائی اور ساتھ ہی اس بزم کے سجانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے علیم صبا نویدی اور با لخصوص شاہد مدراسی صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے مخصوص لب و لہجے میں منتخب الفاظ اور خوبصورت جملوں سے ان کی خوب سراہنا کی۔ مہمان مکرم نے اپنے پرمغز خطاب میں اردو ادب کے حوالے سے بہت ساری کارآمد باتیں شیئر کی اور اپنا ایک انشائیہ تصویر کے موضوع پر پڑھ کر سنایا جسے سامعین نے بہت پسند کیا۔
بابائے اردو ٹمل ناڈو علیم صبا نویدی صاحب اور استاذ الاساتذہ پروفیسر سید سجاد حسین صاحب کے ہاتھوں مہمان ذی وقار کی شال پوشی کی گئی اور ان کی خدمت میں ڈاکٹر نجم الھدیٰ ایوارڈ پیش کیا گیا۔
اس محفل کی ایک خاص بات یہ بھی رہی کہ اس میں تین کتابوں کیا اجراء عمل میں آیا۔ علیم صبا نویدی کی اردو ادب کا اولین نقاد، سراج زیبائی کی ڈاکٹر مناظر عاشق ہرگانوی کی منظوم سوانح مرتب کردہ علیم صبا نویدی اور سید جلال عرفان کی وانم باڑی میں اردو ادب کی ایک صدی مرتب کردہ ڈاکٹر ایم سعید الدین۔
خطابات اور اجرائے کتب کے بعد مشاعرہ کی محفل سجی۔ عزیز الشعراء حسن فیاض صاحب اور بابائے اردو ٹمل ناڈو علیم صبا نویدی صاحب کے علاوہ ، ایوب مدراسی، ماہر مدراسی، فضل الرحمٰن فیض، ببر نواب،سجاد رفعت، منا شوکت علی، جیوتی حبیبہ امیرہ خسرومدراسی، شاہد مدراسی، امتیازاحمد امتیازی، اسانغنی مشتاق رفیقی نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
شاہد مدراسی کے ہدیہء تشکر کے ساتھ یہ محفل اختتام کو پہنچی جس میں شروع تا آخر سامعین کثیر تعداد میں موجود رہی۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!