دہلی

جنتا کالونی میں علماے کرام و مشائخ عظام کی موجودگی میں مدرسہ ضیاء القرآن کی نئی اور مستقل جگہ کا افتتاح

الجمامعۃ الحشمتیہ معین العلوم (دھانے پور گونڈہ) کے پرنسپل علامہ سید شہزاد احمد مشاہدی کا علم کی اہمیت پر خصوصی خطاب

نئی دہلی، ہماری آواز (محمد طیب رضا)
مذہب اسلام میں تعلیم کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ حصول علم پر جتنا زوراس مذہب حقہ نے دیا ہے اس کی مثال کہیں بھی نہیں ملتی ہے ۔اسلام کے ابتدائی دور سے لے کر اب تک دین کی ترویج و اشاعت میں مدارس اسلامیہ کا کردار سب سے اہم ہے ۔آج ہماراجو تشخص برقرار ہے ہماری شناخت قائم ہے اور ہمارے قلوب میں ایمان کی شمع روشن ہے یہ مدرسوں کا ہے جس دن ہمارے مدرسے ختم ہوگئے یقین جانئے اس دن ہمارے اقدار کا بھی جنازہ نکل جائے گا اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ مدرسوں کی طرف خاص توجہ دی جائے اور اس کے استحکام کے لئے ہمہ وقت فکر مند رہیں۔مذکورہ خیالات کا اظہار الجمامعۃ الحشمتیہ معین العلوم دھانے پور گونڈہ کے پرنسپل علامہ سید شہزاد احمد مشاہدی نے رـضا ایجوکیشنل مومنٹ کے زیر اہتمام شمال مشرقی دہلی کی جنتا کالونی گلی نمبر ۱۹ میں چلنے والا مدرسہ ضیاء القرآن کی نئی اور مستقل جگہ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑی بات ہے کہ جس کا قیام دو سال پہلے ہوا تھا اور اب تک کرائے کی جگہ پر نونہالوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کررہا تھا لیکن آج ادارے کی مستقل جگہ ہے ہمیں یقین ہے کہ یہ سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوگا بلکہ ان شاء اللہ جلد ہی اور ترقیوں کے منازل طے کرے گا۔تقریب کا آغازطاہر رضا اشرفی نے آیات قرآنی سے کیا اور بارگاہ رسالت میں منطو نذرانہ ریاض دہلوی ،کمال جائسی،سید ارسلان اعظم ،دانش رضا ،اعمش رضا ،مصیب رضاوغیرہ نے پیش کیا۔نظامت کے فرائض مولانا آفا ق رضا مشاہدی نے بحسن و خوبی انجام دیا۔مدرسہ کا افتتاح خلیفہ حضور تاج الشریعہ علامہ سید شہزاد احمد مشاہدی نے عشا کی نماز پڑھا کر کیا۔خطاب کرتے ہوئے مدینہ مسجد جیت پور کے خطیب و امام مفتی ساجد الرحمن قادری نے کہا کہ اسلام میں ایسی تعلیم کی قطعی گنجائش نہیں ہے جو انسان کو راہ راست بھٹکا دے ۔انہوں نے صاف طور پر کہا کہ انسان چاہئے ڈاکٹر ،انجینئر ،فلاسفریا سائنسداں بن جائے لیکن جب تک اس کے اندر اسلامی تعلیم نہیں ہوگی تب تک ابدی کامیابی حاصل نہیں ہوگی کیوں کہ قرآن وحدیث کی تعلیمات میں دونوں جہان کی کامیابی ہے۔جامعہ عشرہ مبشرہ کے مہتمم مولانا فاروق رضا برکاتی نے کہا کہ مدرسہ ضیا ء القرآن کی طرح جنتا کالونی میں اور مدرسہ کھلنے چاہئے کیوں کہ آج کل کے جو حالات ہیں بہت ہی تشویش ناک ہیں ۔بڑے اداروں پر حکومتی سطح نظر رکھی جارہی ہے اس لئے چھوٹے چھوٹے مدرسہ قائم کرکے اپنے مشن کو قائم رکھنا چاہئے۔مدرسہ صدیقہ مصطفی آباد کے امام و خطیب مولانا مشرف رضا سبحانی نے کہا کہ اگر ہم ماضی کو دیکھتے ہیں تو لگتا ہے کہ آج ہم نے ہر میدان سر کر لئے لیکن اس حقیت سے بھی چشم پوشی نہیں کرسکتے کہ ذلت و رسوائی کا منھ جتنا آج ہم دیکھ رہے ہیں شاہد اس سے پہلے کبھی دیکھے ہوں جس کی اہم وجہ اسلامی تعلیما ت سے روگردانی ہے اس لئے ہم سب مل کر معاشرے میں اسلامی تعلیمات کو عام کریں اور اپنے بچوں کو مدرسوں میں ضرور بھیجیں۔سرپرست ادارہ مولانا سید قیصر خالد فردوسی نے مدرسہ ضیاء القرآن کا تعارفی خاکہ پیش کیا اور مستقبل کے عزائم پرروشنی ڈالی ۔رضا ایجو کیشنل مومنٹ کے صدر مولانا شکیل احمد جائسی نے مدرسہ کے قیام کے اغراض و مقاصد پر گفتگو کی اور اس چھوٹی سی جگہ کو اور بڑی کرنے کا عزم کیا۔مدرسہ کے صدر محمد ظہیر رضوی نے تمام مہمانوں کا گلپوشی کرکے استقبال کیا۔ اہم شرکا میںالحاج قاری ریاست علی رضوی مولانا محمد علی مصباحی،مولانا محمد رضا ازہری،قاری الیاس برکاتی،مولانا ضمیر الاسلام ،مولانا مبشر رضا نعیمی،قاری ظہیر رضا،مولانا شعیب رضا ،قاری ناصر رضا،مولانابلال رضا ،قاری مرشد عالم کے نام قابل ذکر ہیں۔پروگرام کو کامیابی سے ہمکنا ر کرنے میں محمد ادریس انصاری،محمد رفیق ،محمد شکیل خان،طیب رضا،محمد طارق،چاند محمد ،محمد ارشاد،محمد عارف،جمال حسین،محمد ہاشم،محمد رضوان نے اہم کردار ادا کیا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے