ادبی گلیاروں سے بارہ بنکی

بارہ بنکی میں ادبی تنظیم "بزمِ ایوانِ غزل” کا سالانہ طرحی نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد

بارہ بنکی: یکم نومبر، ہماری آواز(پریس ریلیز)
سعادت گنج میں "بزمِ ایوانِ غزل” کا سالانہ طرحی نعتیہ مشاعرہ آئیڈیل انٹر کالج محمد پور باہوں کے وسیع ہال میں استاد شاعر محترم طارق انصاری صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا ، اس نعتیہ طرحی مشاعرہ کی نظامت کے فرائض نوجوان نسل کے نمائندہ شاعر آفتاب جامی نے انجام فرمائے ، مشاعرہ کا آغاز مشتاق بزمی نے حمدِ پاک سے کیا اس کے بعد دئے گئے مصرع
"شہرے طیبہ جنت الفردوس کے جیسا لگا”
پر باقاعدہ مشاعرہ کی ابتداء ہوئی مشاعرہ بے انتہا کامیاب رہا بہت زیادہ پسند کئے گئے اشعار کا انتخاب نذرِ قارئین ہے ملاحظہ فرمائیں ۔

کچھ نہ پوچھو لفظ میرا ساتھ دے سکتے نہیں
جب درِ سرکار پر پہنچا تو مجھ کو کیا لگا
طارق انصاری
ساحروں کے سانپ جتنے تھے وہ پل میں کھا گیا
جب بنا موسٰی کا ڈنڈا اژدہا اچھا لگا
بیڈھب بارہ بنکوی
ڈھل رہا ہے دھیرے دھیرے سنتوں میں ہر عمل
زندگی بردوش مجھ کو اب مرا جینا لگا
ذکی طارق بارہ بنکوی
کیسے سمجھاؤں درِ سرکار مجھ کو کیا لگا
اس کے آگے دہر کا ہر نقشہ بے معنٰی لگا
مشتاق بزمی
بس خدا ہی جانتا ہے میرے آقا کا مقام
تو بشر ہے ان کی عظمت کا نہ اندازہ لگا
کلیم طارق
کتنی آسودہ ہوئی ہوگی نگاہِ جبرئیل
چشمِ جبریلی میں جب تھا آپ کا تلوہ لگا
عاصی چوکھنڈوی
آسماں پر کہکشاں یہ تب ہوئی ہے ضوفشاں
جب مرے سرکار کی نعلین کا گردہ لگا
راشد ظہور سیدنپوری
رک گئی اسلم وہیں پر اونٹنی سرکار کی
اس کو بس ایوب انصاری کا گھر اچھا لگا
اسلم سیدنپوری
حاجیو شہرِ مدینہ آپ کو کیسا لگا
ہم کو طیبہ شہر تو باغِ ارم جیسا لگا
دلکش چوکھنڈوی
آسماں سے نور کی بارش ہے ہوتی ہر گھڑی
گنبدِ خضریٰ کا منظر نور کا ہالہ لگا
صغیر قاسمی
کیسے ہو تعریف مجھ سے سرورِ کونین کی
مدحتِ سرکار میں جب رب ہی خود ڈوبا لگا
سحر ایوبی
وجہہِ تسکینِ دل و جاں آنکھ کا تارہ لگا
آمنہ کا لاڈلا سب کو بہت اچھا لگا
شفیق رامپوری

ان شعراء کے علاوہ آفتاب جامی ، عظیم چوکھنڈوی ، اظہار حیات ، شکیل رامپوری اور گوہر رامپوری نے بھی اپنا اپنا طرحی کلام پیش کیا سامعین میں ماسٹر محمد وسیم ، ماسٹر محمد قسیم ، ماسٹر محمد حلیم ، محمد سفیان اعطاق صاحبان کے نام بھی قابلِ ذکر ہیں ۔ بزمِ ایوانِ غزل کا آئندہ ماہانہ طرحی مشاعرہ درج ذیل مصرع پر 28/ نومبر بروز اتوار کو ہوگا ۔

"تمہیں تم جلوہ آراء ہو نظر میری جہاں تک ہے”

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے