خاندان امجدیہ کئی نسلوں سے علوم دینیہ کا فیضان تقسیم کر رہا ہے، بر صغیر کے اکثر مدارس و علما اس خاندان کے علمی فیوض و برکات سے فیضیاب ہیں، موجودہ دور میں ہندو پاک کے تقریباً تمام سنی علما حضرت صدر الشریعہ اور آپ کے شاہزادوں کے تلامذہ یا تلامذۂ تلامذہ کی فہرست میں شامل ہیں، اور یہ علمی نہر آج بھی اسی دھار کے ساتھ جاری ہے، صدر الشریعہ پھر ان کے بعد ان کے شاہزادے اور اب ان شاہزادوں کی نسل کے علما دین متین کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں ۔
انہیں میں ایک ذات چشم و چراغ خانوادۂ امجدیہ، نبیرۂ حضور صدر الشریعہ، جانشین محدث کبیر، گل گلزار امجدیت، ناشر مسلک اعلیٰ حضرت،حضرت علامہ مولانا مفتی ابو یوسف محمد قادری ازہری صاحب قبلہ کی بھی ہے ۔
عہد طفولیت ہی سے والد گرامی کی صحبت بابرکت سے مشرف ہیں، انہی کے زیر سایہ جامعہ اشرفیہ سے درس نظامیہ کی تکمیل کی اور پھر جامعہ ازہر مصر سے تحصیل علم کیا۔
اور اب تقریباً سولہ سال سے جامعہ امجدیہ کی عظیم الشان درس گاہ میں فقہ و حدیث اور تفسیرقرآن و دیگر علوم متداولہ کی تدریس سے وابستہ ہیں ۔
ساتھ ہی ساتھ ملک کے طول و عرض میں اور بیرون ملک بھی دعوت و ارشاد و تبلیغ دین متین کی غرض سے اسفار کرتے ہیں ۔
تصلب دینی میں الولد سر لأبیہ کا مصداق ہیں ۔
گزشتہ 12/ مئی 2025 ء کو موصوف گرامی مرتبت کی بارگاہ میں دار العلوم ضیاء الاسلام ہوڑہ کے ابنائے قدیم کی جانب سے” علامہ عبد المصطفٰی ازہری ایوارڈ “ اور سپاس نامہ پیش گیا ہے، جس پر ہم تلامذہ حضرت والا آپ کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں ۔
موصوف گرامی کی ذات والا صفات اس ایوارڈ کی صد فی صد حق دار ہے، یہ ایوارڈ حق بحق دار رسید کے مصداق ہے ۔ آپ کے بڑے ابا حضور مفسر قرآن، محافظ ختم نبوت، شاہزادہ صدر الشریعہ حضرت علامہ عبد المصطفٰی ازہری اعظمی رَحْمَۃُاللہ عَلَیْہ (مدفون کراچی پاکستان) کی طرف منسوب یہ ایوارڈ یقیناً اس بات کو بھی بیان کرتا ہے کہ آپ ہندوستان میں علامہ ازہری رَحْمَۃُاللہ عَلَیْہ کے بھی علمی جانشین ہیں ۔
موصوف عالی جاہ ایک کامیاب استاذ بھی ہیں اور ایک اثر دار مبلغ و خطیب بھی ۔ حضور محدث کبیر مد ظلہ العالی کے خلف اصغر اور جانشین بھی، جامعہ امجدیہ کے لائق و فائق استاذ بھی ہیں اور جامعہ کی تعلیمی و تعمیری ترقیوں کے اہم ستون بھی ۔

ہم بارگاہ ایزدی میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ حضرت والا تبار کو صحت و سلامتی کے ساتھ عمر دراز عطا فرمائے، فیضان امجدی آپ کی ذات سے خوب عام و تام ہو ۔آمین
شاداب امجدی اعظمی
20/ صفر المظفر 1447ھ
14 / اگست 2025 ء