اعظم گڑھ (پریس ریلیز) قرآن کریم کلام الٰہی وحی ربانی اورامت محمدیہ کے لئے کتاب ہدایت ہے ،جس کامحافظ گرچہ خود ربّ کریم ہے ، لیکن سبب ظاہری کے طورپر حضرت انسان کو اس کامکلف بنایا گیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہرسال مدارس اسلامیہ سے بے شمار طلبہ وطالبات تکمیل حفظ قرآن کرکے محافظین قرآن کریم کی فہرست میں اپنااندراج کراتےہیں ۔الحمدللہ تعالٰی اب تک مدرسۃ المدینہ(دعوت اسلامی) اعظم گڑھ سےکئی طلبہ نے ایک نشست میں تکمیل حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے۔ چنانچہ ابھی چندایام قبل حافظ محمد ریحان عطاری بن عبدالکریم ساکن بہرائچ شریف نے اپنے اساتذہ کی نگرانی و مدرسۃ المدینہ اعظم گڑھ کے پرنسپل حضرت مولانا اقبال حسین صاحب مصباحی کی سرپرستی میں ایک نشست میں مکمل قرآن سنانے کا شرف حاصل کیاتھا، خوشی کی بات یہ کہ حسب روایت پھر مدرسۃ المدینہ فیضان صدیق اکبر اعظم گڑھ کے دو اور ہونہار طالب علم (حافظ محمد اصفہان عطاری بن حافظ محمد عقیل اعظمی ساکن اعظم گڑھ و حافظ محمد یسین عطاری بن محمد مظہر الزماں ساکن اکبر پور امبیڈکرنگر) نے17 ربیع الغوث 1446ھ/ 22 اکتوبر 2024 عیسوی کو ایک نشست میں پوراقرآن سنایا۔فالحمدللہ تعالیٰ –
یقیناً قرآن پاک کے حفظ وضبط اور حفاظت و صیانت کا مبارک سلسلہ عہدنبوی سے متواتر طور پر چلا آرہاہے، دورحاضر تک کوئی ایسا دور نہیں گذراجس میں حافط قرآن نہ پائے جاتے ہوں، ہرقرن اور ہر صدی میں ہزاروں بلکہ لاکھوں حافظ قرآن پائےجاتے رہےاور قیامت تک ان شاءاللہ پائے جاتے رہیں گے-لیکن حفاظ کرام کی اس ازدہام کثیر میں چند ہی حفاظ ایسے ملیں گےجنہوں نے ایک نشست میں پورا قرآن سنانے کی سعادت حاصل کی ہو-
بفضلہ تعالیٰ مدرسۃ المدینہ فیضان صدیق اکبر اعظم گڑھ کے ان باذوق، ہونہار اور محنتی طلبہ نے بھی اپنا اندراج ان خوش نصیبوں میں کروالیا جنہیں یہ عظیم سعادت حاصل ہوتی ہے-
بلاشبہ اس میں جہاں مذکورہ طلبہ کی محنت ولگن سمجھ میں آتی ہے وہیں ان کے مادرعلمی "مدرسۃ المدینہ فیضان صدیق اکبر اعظم گڑھ” کے ذمہ داران کی عمدہ واحسن تعلیمی ڈسپلن اور ان کے اساتذہ کی کارکردگی بھی نمایاں ہوتی ہے-
دعا ہے کہ مولیٰ تعالیٰ ان طلبہ کو مزید علوم دینیہ کے تحصیل کی توفیق سعید مرحمت فرمائے اور ان کے مادر علمی کے تعلیمی معیار میں خوب خوب بلندیاں عطافرمائے-اور اللہ تعالٰی ان سبھی طلبہ کے لیے قرآن مقدس یادرکھناآسان فرما دے ، ختم قرآن کے موقع سے حدیث پاک کے اندر قبولیت دعا کاوعدہ ہے ،ان طلبہ کی کامیابی کے پیچھے جہاں ان کے استاد خاص حضرت حافظ وقاری مولانا یونس رضا مصباحی صاحب کی انتھک محنت ولگن شامل ہے وہیں مذکورہ مدرسہ کے ناظم حضرت مولانا اقبال حسین مصباحی صاحب کی خصوصی توجہ ہے-
اس مبارک ومسعود موقع پرقاضی شہرگورکھپور و جامعہ رضویہ معراج العلوم چلماں پور کے استاذ حضرت مفتی خورشید احمد مصباحی، دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی، نگران ڈویژن ابوطلحہ عطاری اور نگران ڈسٹرکٹ کوثر عطاری صاحبان سمیت بہت سارے علمائے کرام ودانشوران نے ان ہونہار طلبہ اور ان کے اساتذہ و والدین کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ اپنی دعاؤں سے نوازا۔


