- اندرا نگر لکھنؤ میں منعقد جشن عید میلاد النبی ﷺ میں علماء کا خطاب
پریس ریلیز/لکھنؤ
لوکش نگر اندرا نگر لکھنؤ میں غلامان مصطفیٰ نوجوان کمیٹی کے زیر اہتمام جشن عید میلاد النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کا انعقادکیا گیا۔ جلسہ کی صدارت قاری محمد ذاکر فردوسی نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی فضل الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کا جشن ہر زمانہ میں لوگ مناتے چلے آ رہے ہیں۔ حضور ﷺ اس دنیا دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہیں۔ اور اسی نعمت کی ہم خوشی مناتے ہیں۔آج سرکار دوعالم ﷺ بظاہر ہمارے سامنے نہیں ہیں مگر صحابہ کرام صبح و شام نبی پاک ﷺ کی زیارت کرکے عید مناتے تھے۔
انھوں نے کہاکہ رب تعالی ارشاد فرماتا ہے کہ اے محبوب ﷺ اگر تمہیں پیدا کرنا مقصود نہ ہوتا تو دنیا کو پیدا نہ کرتا۔ اس لئے جب سے دنیا کو وجودعمل میں آیا ہے تب سے ہر دور میں نبی برحق ﷺ کی میلاد کا تذکرہ ہوتا آیا ہے۔یہاں تک کہ کعبہ شریف نے بھی آپ ﷺ کی پیدائش کی خوشی منائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم میلاد والے ہیں۔ ہماری پہچان میلاد النبی سے ہے۔ اور ہم ہمیشہ اپنے نبی کی میلاد دھوم دھام سے مناتے رہیں گے۔
اس موقع پر مولانا جمال اختر صدف گونڈوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول ﷺ کی آمد سے انسانیت نے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کیا، آج اگر بنی نوع انسان نبی کریم ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں پر پوری طرح عمل پیرا ہو جائے تو دنیا امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرتے ہوئے تنازعات اور تناؤ کا خاتمہ کر سکتی ہے۔کہ نبی کریم ﷺتمام انبیاء کرام کے سردار ہیں، انہوں نے جہالت میں ڈوبے عرب کو ایک مہذب قوم بنایا۔
انہوں نے کہا کہ سرورِ کائنات حضرت محمدﷺ کی حیثیت اس کائنات میں اُس بے مثال آفتاب کی ہے جو غار حرا سے طلوع ہوا اور ساری کائنات پر چھا گیا۔ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰ لہ وسلم کائنات کی وہ عظیم ترین شخصیت ہیں جس کی نظیر ازل سے ابد تک ممکن نہیں ہے۔ آپ ﷺ نے دشمنی کو محبت میں اور بیگانگی کو یگانگت میں تبدیل کرنے کی تعلیم دی۔ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے۔ آپ ﷺ نے دشمنوں سے اپنے آپ کو صادق اور امین کہلوایا اور تبلیغ اسلام اس وقت شروع کی جب لوگوں نے انہیں صادق وامین تسلیم کر لیا تھا۔ آپ ﷺ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور کبھی امانت میں خیانت نہیں فرمائی۔ آپ ﷺ نے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر ایک مثالی فلاحی ریاست اور رول ماڈل معاشرہ قائم کیا۔
آخر میں اجلاس کے کنوینر ڈاکٹر مشیر احمد صاحب نے تمام علماء،خطباء،شعراء و عوام کا شکریہ ادا کیا۔جلسہئ عید میلاد النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰ لہ وسلم میں قرب وجوار کے کثیر تعداد میں عوام شریک رہے۔ نظامت کے فرائض مولانا جمال اختر صدف گونڈی نے انجام دئے۔ جلسہ کا اختتام صلوۃ وسلام اور دعا پر ہوا۔