ماہ ربیع النور شریف کے پر بہار موقع پر "تحریک اصلاح معاشرہ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی” کے زیر اہتمام بارہ روزہ (از یکم تا ١٢ ربیع النور شریف) پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے یہ پروگرام ضلع سدھارتھ نگر و مضافات خاص طور پر تحریک کے ہیڈ آفس و کئی برانچ آفس پر منعقد کئے جائیں گے اس پروگرام کا اصل مقصد نبی اکرم نور مجسم ﷺ کی سیرت مبارکہ سے مسلمانوں کو قریب کرنا اور سیرت مصطفٰی ﷺ کے اہم گوشوں سے روشناس کرانا ویسے تو ہر مسلمان نبی کریم ﷺ پر جان نچھاور کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے لیکن سیرت رسول اکرم ﷺ سے ناواقف و نامراد اور دشمنان اسلام حضور اقدس ﷺ کی شان اقدس میں گستاخیاں کر رہے ہیں اس لیے اس بات کی ضرورت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے کہ مسلمانوں کو سیرت النبی ﷺ اور محاسن اسلام سے واقف کرایا جائے اور صحیح طریقے سے اسلام کا پیغام ان کے ذہنوں تک پہنچایا جائے آج بھی اگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ اسلام کی دعوت کو پذیرائی نصیب ہو اور یہ پیغام حق دلوں کی دنیا میں ہلچل پیدا کردے تو اس کی صرف یہی صورت ہے کہ قرآن کریم کی تعلیمات کے حسین خد و خال کو سیرت مصطفوی ﷺ کے شفاف آئینہ میں لوگوں کو دکھایا جائے تاکہ جمال حق کو اپنے آنکھوں سے وہ دیکھ لیں اور اس کی فطرت کے آگے سر تسلیم خم کردیں جب تک ہم حضور اکرم ﷺ کی سیرت مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کو لوگوں کے سامنے اجاگر نہیں کریں گے ہم نہ اپنے فریضۂ تبلیغ سے عہدہ برآ ہو سکتے ہیں اور نہ اپنی باتوں کو لوگوں سے منوا سکتے ہیں نوع انسانی کو دین اسلام کی جس قدر آج ضرورت ہے اتنی شاید پہلے کبھی نہ تھی ترقی یافتہ قومیں اپنی تمدن اور ثقافت سے مایوس ہوچکی ہیں انہیں ضرورت ہے کہ وہ اسلام کے چشمۂ شیریں سے اپنی پیاس بجھائیں اس لیے ہر وہ شخص جس کے دل میں انسانیت کے لیے درد ہے جو اپنے بھائیوں کی ضلالت و گمراہی پر پیچ و تاب کھاتا رہتا ہے جس کو نبی کریم ﷺ کی نبوت اور دعوت پر کامل و اکمل ہونے کا یقین محکم ہے اس کا یہ خوشگوار فریضہ ہے کہ ان اندھیروں میں بھٹکنے والی مخلوق کی رہنمائی کے لیے حضور ﷺ کی سیرت مبارکہ کو بڑے مدلل اور دلکش انداز میں پیش کرے اسی مقصد کے پیش نظر تحریک اصلاح معاشرہ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے اراکین و مبلغین نے عزم کیا ہے کہ ولادت سرور کون و مکاں ﷺ کے اس پر بہار موقع پر بارہ روزہ پروگرام کا انعقاد کریں گے اور حتی الامکان سیرت نبوی ﷺ کے موضوع پہ مسلمانوں کے مابین خطاب کرنے کی سعادت حاصل کریں گے اور سیرت مصطفٰی ﷺ کے گوشوں سے مسلمانوں کو روشناس کرانے کی کوشش کریں گے لہذا علمائے کرام و ائمہ کرام سے گزارش ہے کہ آپ حضرات بھی اس پُر بہار موقع پر اپنے اپنے یہاں مسجد میں بارہ روزہ پروگرام کا انعقاد کریں اور عوام اہلسنت اس مبارک موقع پر شرکت کرکے ضرور فائدہ اٹھائیں اور اپنے نبی کی سیرت طیبہ کو قریب سے جاننے کی کوشش کریں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو عشق رسول ﷺ کو حقیقی رنگ میں سمجھنے والا اور عشق رسول ﷺ کے رنگ اپنے پر چڑھانے والا بنائے۔ اور پروگرام کے ثمر آور اثرات ظاہر فرمائے۔ آمین۔
(مفتی) غلام محمد صدیقی فیضی ارشدی
خادم: تحریک اصلاح معاشرہ اینڈ ویلفیئر سوسائٹی
ہیڈ آفس: کمہریا پوسٹ برگدوا کھکھری ضلع سدھارتھ نگر یوپی الہند