






- مدرسہ انوار قادریہ میکرن والا میں حضرت مخدوم قطب درس علیہ الرحمہ کا سالانہ عرس منایا گیا
بحیثیت مسلمان دینی احکام پر عمل پیرا ہونا ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے ، دینی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور مکمل طور پر دین اسلام سے جڑے رہنا دنیا اور آخرت میں فلاح ، کامیابی اور کامرانی کا باعث ہے دوسری طرف دین سے دوری دنیا و آخرت میں نقصانات اور خسارے کا باعث ہے ، جب انسان دین پر عمل پیرا ہوتا ہے تو اس کا اخلاق ، کردار ، گفتار اور اس کا ظاہر و باطن بھی بہتر ہوجاتا ہے جبکہ دین سے دوری کی صورت میں بد اخلاقی،بد کرداری اور نتیجتاً برا انجام کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
دور حاضر میں دن بدن دینی بے زاری وبے راہ روی بڑھتی ہی جارہی ہے۔زبان پراگردین کی باتیں کہیں ہیں بھی توکرداروعمل سے اس کا اظہار بمشکل ہی نظرآتاہے الاماشاء اللہ ۔آج ہماری قوم کے نونہالوں اور نوجوانوں کاعالم توبہت خراب ہے۔آج ہماری نئی نسل اکثروبیشتر انگریزی اسکولوں میں پڑھ رہی ہے ۔انگریزی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کے پاس اتناوقت کہاں کہ وہ قرآن و دینیات کی تعلیم سے اپنے آپ کوآراستہ کرسکیں اورپھرافسوس بالائے افسوس یہ ہے کہ ان کے والدین کواس کی کوئی فکربھی نہیں ہے الاماشاء اللہ ۔اللہ پاک انہیں اس کی توفیق دے کہ وہ اپنے بچوں کودینی تعلیمات سے بھی آشناکراسکیں ۔ آج حال یہ ہے کہ اگریہ والدین اپنے بچوں کوکچھ وقت دیتے بھی ہیں تووہ بھی برائے نام ،زیادہ سے زیادہ نصف گھنٹہ ۔ کہیں ایسانہ ہوکہ آنے والے دنوں میں مسلمان کابچہ کلمہ طیبہ اورنمازوغیرہ دین کی بنیادی باتوں کی معلومات سے بھی محروم ہوجائے۔ہماری سوسائٹی کے مؤثرترین اورسرمایہ دارطبقہ کے حالات تو اوربھی بے حدخراب ہیں ۔شایدہم نے اس طبقے اوران کی اولادکے حالات نہیں دیکھے ہیں۔سچی بات یہ ہے کہ دین سے دوری میں جہاں ان کی بے حدلاپرواہی ہے وہیں دین کی دعوت دینے والوں کی بھی بہت سی کمزوریاں ہیں ۔اس سلسلے میں بہت غوروفکرکرنے اور ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے-
اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری آنے والی نسلیں دین ودنیا میں کامیاب ہوں تو ہمیں اپنے بچوں کی عمدہ تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی،ورنہ یہی اولاد کل قیامت کے دن ہمارے لیے عذاب کاسبب بن جائےگی-
ان خیالات کااظہار علاقۂ تھار کی مرکزی اور مغربی راجستھان کی ممتاز ومنفرد دینی درسگاہ “دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف،باڑمیر، راجستھان” کے شیخ الحدیث وناظم اعلیٰ پیرطریقت نورالعلماء حضرت علامہ الحاج سیدنوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی نے27 اگست 2023عیسوی کو میکرن والا، باڑمیر میں منعقدہ حضرت مخدوم قطب درس علیہ الرّحمہ کے سالانہ عرس مبارک ومدرسہ انوارقادریہ فیض جیلانی میکرن والا کے سالانہ تعلیمی اجلاس میں اپنے خصوصی خطاب کے دوران کیا، اورساتھ ہی ساتھ اس بات پر خصوصی زرو دیا کہ آج قوم مسلم میں تعلیمی بیداری پیدا کرنے،اور اہل ثروت حضرات کو اپنے مال ودولت کو فضولیات سے بچانے اور نیک کاموں میں خرچ کرنےکی جانب پیش رفت کرنے کی از حد ضرورت ھے، خطاب کاسلسلہ جاری رکھتے ھوئے سرپرستوں سے بھی اپیل کی کہ آپ لوگ اپنے بچوں کو ڈاکٹر ،انجنیر ، سائنسداں ضرور بنائیں یہ بھی وقت کا تقاضا ھے کیونکہ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان علوم کے سیکھنے کی ترغیب دی ھے جس کی کئی مثالیں سیرت کی کتابوں میں موجود ہیں لیکن ان علوم کے حصول سے پہلے اپنے بچوں کو کتاب وسنت ،عقائد و دینی فرائض کی تعلیم دلائیں اور کم از کم اس قدر دینی علم ضرور پڑھائیں کہ وہ اپنی مفروضہ عبادت اداکرسکے اور تلاوت قرآن کرسکے تاکہ ان کا ایمان مضبوط ہوسکے اور اس دور الحاد میں کوئی ان کے ایمان پر حملہ نہ کرسکے -اور آپ نے فرمایا کہ اس دور میں اگر کوئی علم حاصل کرناچاہتا ہے تو اس کے اسباب بھی ہیں اس کے باوجود جو لوگ مسلمان ہوکر بھی علم سے دور رہیں گویا وہ اسلامی مقاصد کے خلاف زندگی گزار رہے ہیں۔حالانکہ تعلیم و تعلم کے سب سے زیادہ حقدار ہم ہی ہیں ۔لہٰذا مسلمانوں کو چاہیئے کہ جہالت کی تاریکیوں کو چھوڑکر اب علم کے اُجالے میں آجائیں-
ساتھ ہی ساتھ آپ نے لوگوں کو پابندی کےساتھ نماز پنجگانہ باجماعت اداکرنے،اپنے مالوں کی زکوٰة نکالنے ودیگر ارکان اسلام کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے اپنے والدین کی خدمت،بزرگوں کی تعظیم وتکریم، چھوٹوں پر شفقت،جملہ برائیوں سے اجتناب اور نیک اعمال کے کرنے کی تاکید وتلقین کی،گویا آپ نے جملہ منہیات شرعیہ سے بچنے اور اوامر شرعیہ پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی-
آپ کے ناصحانہ وصدارتی خطاب سے قبل خطیب ہر دل عزیز حضرت مولانا جمال الدین صاحب قادری انواری نائب صدر دارالعلوم انوارمصطفیٰ نے عمدہ خطاب کیا اور شاہکارترنم حضرت حافظ وقاری عطاؤالرحمان صاحب قادری انواری جودھپور و واصف شاہ ہدیٰ حضرت مولاناقاری محمدجاوید صاحب سکندری انواری اور مداح رسول مولانا محمدیونس صاحب انواری نے نعت ومنقبت کے نذرانے پیش کیے- جب کہ دارالعلوم انوارمصطفیٰ سہلاؤشریف و مدرسہ انوارقادریہ فیض جیلانی میکرن والا کے چند ہونہار طلبہ نے بھی نعت ومنقبت اور تقریر پر مشتمل اپنا دینی و علمی پروگرام پیش کیا-
نظامت کے فرائض طلیق اللسان حضرت مولانا محمدحسین صاحب قادری انواری نے بحسن وخوبی انجام دیا-
صلوٰة وسلام اور قبلہ نورالعلماء حضرت علامہ پیر سید نوراللہ شاہ بخاری مدظلہ العالی کی دعا پر یہ جلسہ اختتام پزیر ہوا-
اس پروگرام میں خصوصیت کے ساتھ یہ حضرات شریک ہوئے-
ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمدصاحب نوری مصباحی، حضرت مولانادلاورحسین صاحب قادری صدرالمدرسین دارالعلوم انوارمصطفیٰ، مولاناحبیب اللہ قادری انواری،مولاناباقرحسین قادری،مولانا عبدالسبحان مصباحی، مولانا فخرالدین انواری، مولانااسلام الدین قادری انواری، مولانا شیر محمد انواری،حافظ برکت علی قادری، مولانامحمدعلی انواری، مولانامحمد قاسم انواری،قاری ارباب علی قادری انواری،مولاناشہاب الدین انواری، قاری علاؤالدین انواری،مولانا محمد عرس سکندری انواری وغیرہم
رپورٹ:(مولانا)عطاؤالرحمان قادری انواری!
[ناظم اعلیٰ]مدرسہ انوارقادریہ فیض جیلانی متصل درگاہ حضرت مخدوم درس قطب علیہ الرحمہ،میکرن والا، تحصیل:رامسر،ضلع:باڑمیر[راجستھان]