مذہب اسلام نے عبادات کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کو بھی بڑی اہمیت سی ہے اور ہر موقع پر خدمت خلق کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔چنانچہ اسلام کی نظر میں کسی ضرورت مند کی مالی مدد کرنا ، بیمار کی عیادت کرنا،کسی کو ہنر سکھادینا، تعلیم دینا،یا تعلیم حاصل کرنے میں مدد کرنا ،کسی کو مفید مشورہ دینا، دکھ دردمیں شریک ہونا،کچھ نہیں تو کم ازکم دعا ہی کردینا، سماج میں پھیلی ہوئی برائیوں کو روکنے کی کوشش کرنا ، مہلک بیماریوں اور آنے والی پریشانیوں سے آگاہ کرنا،مصیبت میں کام آنا اور جیسے بے شمار طریقے ہیں جن کے ذریعہ خدمت خلق کیا جاسکتا ہے اور جن کو اللہ رب العزت نے استطاعت دی انھیں ہر ممکن طور پر ایسے نیک کاموں میں ضرور حصہ لینا چاہیے،کیوں کہ اس سے رب تعالیٰ کی خوشنودی کے ساتھ ساتھ انسان کو ذہنی اور قلبی سکون بھی نصیب ہوتا ہے اور ہمارا دین اسلام تو ہمیشہ ہمیں مخلوق خدا کی خیر خواہی اور امن و سلامتی کے قیام اورانسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے۔ بعض علماء کے نزدیک عبادت کا خلاصہ دو چیزوں میں ہے ایک امر الٰہی کی تعظیم اور دوسرا خلق خدا پر شفقت۔ یہی وجہ ہے کہ دین اسلام میں حقوق العبادپورا کرنے پر بہت زیادہ زور دیا گیا ہے۔ چناں چہ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے:’’اور اللہ ہی کی عبادت کرو، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ بنائو، ماں باپ، قرابت داروں، یتیموں ، ناداروں ، رشتے داروں، ہمسایوں، اجنبی ہمسایوں، پاس بیٹھنے والوں، مسافروں اور جو لوگ تمہارے قبضے میں ہوں،سب کے ساتھ حسن سلوک کرو۔بیشک اللہ تکبر کرنے والے،بڑائی مارنے والے کو دوست نہیں رکھتا۔‘‘ (النسا:۳۶)
اسلام کے اسی طریقۂ کار کے پیش نظر اتر پردیش کے ضلع مہراج گنج کے ایک مشہور قصبہ ،نوتنواں کے نوجوانوں نے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر ایک تنظیم بنام ’’ سیرت ایجوکیشنل چیریٹبل ٹرسٹ ‘‘کی بنیاد ڈالی جس کا مقصد اولین خدمت خلق ہے اور یہ تنظیم اس سمت اپنا قدم آگے بڑھا رہی ہے۔
گزشتہ دنوں مورخہ 8/ نومبر 2022 کو اس تنظیم نے نوتنوا ں شہر کے بلاک مقام ’’ پڑاری مصرولیا ‘‘ میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا اورٹرسٹ کے صدرجناب ماسٹرمحمد شمیم اشرفی صاحب کی نگرانی میں بلا تفریق مذہب وملت مفت علاج کیا گیا۔ یقیناً ٹرسٹ نے خدمت خلق کے میدان میں یہ بہت ہی بہتر پہل کیا ہے۔اس موقع پر "لائف کیئر ہاسپیٹل نوتنواں” کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد نظیر صاحب نےاپنی پوری طبی ٹیم کے ساتھ بلا کسی فیس کے محض خلوص وللہیت کے ساتھ اپنا قیمتی وقت دیا اور ٹرسٹ کے ارکان کی حوصلہ افزائی کی ۔
اسی ضمن میں مورخہ 16 نومبر 2002 کو ٹرسٹ کے ارکان نے حالیہ دنوں میں تیزی سے پھیل رہی خطرناک بیماری ’’ ڈینگو ‘‘ سے بچاؤ کے سلسلے میں طبی جانکاری دینے کے لیے نوتنواں مہراج گنج میں ایک بیداری ریلی نکالی اور عوام کو پمفلٹ بانٹ کر اس سے بچنے کی تدابیر سے آگاہی دی ۔
اس کے علاوہ پہلے بھی اس ٹرسٹ نے بہت سے کارہائے نمایا ں انجام دیئے ہیں مثال کے طور پر جس وقت ملک نیپال میں زلزلے سے تباہی آئی تھی اس موقع پر بھی ’’ ٹرسٹ ‘‘ نے اپنی بساط بھر امداد کی بھرپور کوشش کی تھی ، نیز بہت سے غریب بچوں کو کمپیوٹر کی مفت تعلیم دی،ضرورت مند بچوں /بچیوں کی تعلیم میں حصہ لیا ۔
جناب ماسٹر محمد شمیم اشرفی صاحب کی اطلاع کے مطابق خدمت خلق کے ان تمام تر نیک کاموں میں ’’سیرت ٹرسٹ کے اہم ستون ” عالی جناب عتیق عباسی صاحب صحافی روزنامہ ہندوستان ( ہندی) اور عالی جناب سید وہاج صاحب ،منور خان صاحب ،ماسٹر وسیم صدیقی صاحب ، محبوب بھائی ،محمد اعظم ،ادریس اشرفی،محمد عتیق انصاری،امت ترپاٹھی،راہل تیواری،سنجے سنگھ،سورج گوڑ،دیپو پرجاپتی،علی اکبر،محمد شکیل، پرمود پاٹھک،ڈھیریندر ساگر،سنجے کمار، اجے جیسوال، رجا اہروغیرہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس کے علاوہ نوتنواں قصبے کے چیئر مین جناب گڈو بھائی نے بھی ٹرسٹ کے ارکان کی حوصلہ افزائی کی اور ’’ ڈینگو ‘‘ بیداری مہم میں شریک رہے۔

رپورٹ: غیاث الدین احمد عارف مصباحی
ایڈیٹر: سیرت چیریٹبل ٹرسٹ نوتنواں،مہراج گنج(یوپی)