بریلی مہاراشٹرا

شہزادہ اعلیٰ حضرت پیر منانی میاں کی مرکز اہلسنت بریلی شریف سے تمام سنی خانقاہوں کو جوڑنے کی کوشش

  • غازی ملت حضرت سید ہاشمی میاں کو عرس رضوی میں مدعو کرکے کچھوچھہ شریف سے مضبوط خانقاہی رشتے کا آغاز کیا

ممبئی: قمر انجم فیضی

اختلاف ایک چیز کے دوسری چیز کے خلاف ہونے کو کہتے ہیں اور یہ ہر دور میں ہوتا رہا ہے اختلاف چاہے معاملات کے ہو ں یا آرا و افکار کے اسی لئے فقہاء کے درمیان بے شمار مسائل میں اختلاف پایا گیا ہے ۔ اختلاف اگر اخلاص کے ساتھ ہوتو مذموم نہیں لیکن وہی اختلاف اگر ذاتیات پر اتر جائے تو وہ فتنہ و فساد کا باعث بنتا ہے اسی طرح سے خانقاہوں میں ایک دوسرے سے مختلف مسائل پر اختلاف ہوئے ہیں جسے ان کے معتقدین و مریدین نے اختلاف اخلاص کا نام نہ دیکر اختلاف فتنہ و فساد کا رنگ دیا ہے
جس سے نہ صرف ایک دوسرے پیر و مریدین کا نقصان ہوا ہے بلکہ پوری جماعت اہلسنت کا شدید نقصان ہوا ہے خاص طور پر مشربی اختلافات نے ہر محاذ پر اہلسنت کو
کمزور و ناتواں کردیا ہے خیر اختلاف کے بعد اتحاد کی گنجائش ہمیشہ سے ہے اسی جذبے کے تحت بریلی شریف کی سب سے بزرگ شخصیت شہزادہ امام اہلسنت نواسہ و خلیفہ مفتی اعظم شیر رضا علمبردار اتحاد سنیت حضرت علامہ منان رضا خان قادری منانی میاں نے پہل کرتے ہوئے اس سال منعقد ہ عرس رضوی 21.21.23 کے تقریبات روحانی میں کچھوچھہ شریف سے شہزادہ محدث اعظم ہند غازی ملت حضرت علامہ سید ہاشمی میاں کو مہمان خصوصی کے طور پر بحیثیت خطیب مدعو کیا ہے مزید اور بھی حضرات ہیں جس سے نظریاتی و فروعی اختلافات کے باعث خانقاہ رضویہ اور اشرفیہ کی طویل عرصے تک دوری ختم ہونے کے آثار پیدا ہوگئے ہیں جس کا سہرا تاج ملت حضرت منانی میاں کے سر سجتا ہے غازی ملت مدظلہ السامی کی بریلی شریف آمد اور 22 ستمبر کو مرکز علم و فضل جامعہ نوریہ رضویہ باقر گنج کے اسٹیج پر خطاب کی خوشی پر پوری جماعت اہلسنت جھوم رہی ہے اس سلسلے میں خلفائے تاج ملت نے شہزادہ اعلیٰ حضرت برادر تاج الشریعہ حضرت منان رضا خان منانی میاں کی جرات و شجاعت اور تاریخی فیصلہ اتحاد اہلسنت پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور اس تاریخی کانفرنس کا گواہ بننے کا اعلان کیا ہے خلیفہ تاج ملت حضرت مولانا جہانگیر القادری ممبئی نے کہا کہ شہزادہ اعلیٰ حضرت منانی میاں قبلہ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ اہلسنت یعنی اہل جنت میں ہمیشہ اتحاد قائم رہے۔

آپ جہاں گئے وہاں اتحاد اہلسنت کا نعرہ پرزور طریقے سے لگایا۔ آخر وہ دن آیا ہی گیا ہے ہندوستان کی دومشہور بڑی خانقا ہ بریلی شریف اور کچھوچھہ شریف کے شہزادگان ایک اسٹیج پر جمع ہوئے یاد رہے بلاد اسلامیہ میں انہیں دونوں خانقاہوں سے وابستہ مریدین و معتقدین اکثریت میں پائے جاتے ہیں ،ماہر قلم حضرت علامہ قمر انجم فیضی نے کہا کہ حضرت منانی میاں نے جو تاریخی قدم اتحاد اہلسنت کیلئے اٹھایا ہے وہ تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے حالانکہ ایک حلقہ کی جانب سے جاری شدید مخالفت کے باوجود قبلہ منانی میاں اپنے فیصلے پر ثابت ہیں جو یہ دہراتا ہے کہ تاج ملت واقعی شیر رضا شیر اہلسنت ہیں میں کچھوچھہ شریف اور بریلی شریف سے آنے والی خوشگوار ہوا کو اہلسنت والجماعت کیلئے نفع بخش جانتے ہوئے اس اتحاد کو ہمیشہ قائم رہنے کی دعا کرتا ہوں،خلیفہ تاج ملت قاری محمد توفیق اعظمی نے کہا کہ سچ میں اشرفی رضوی اختلاف کبھی نہیں رہا
سرکار اعلیٰ حضرت اور مفتی اعظم ہند سے سادات کچھوچھہ کی محبتیں کتابوں میں محفوظ ہیں بس چند لوگوں کی وجہ سے یہ نظریات اختلاف رونما ہوئے جنہوں نے دونوں طرف کے لوگوں کو لڑا کر اپنی دکان سجائ
آج جبکہ مرشدِ کامل منانی میاں نے ماضی کی سبھی باتو ں اور بیانات کو بھلا کر خانقاہوں کو مرکز اہلسنت بریلی شریف سے جوڑنے کا کام کیا ہے تو کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد شروع ہوگیا ہے وہ نہیں چاہتے کہ مذکورہ دونوں خانقاہوں میں اتحاد و اتفاق ہو لہٰذا ہمیں چاہئے کہ جو بھی سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کا نعرہ لگا رہے ہیں ان کا بائیکاٹ کیا جائے۔ خلیفہ تاج ملت حضرت قاری محمد سلیمان رضوی نے بھی غازی ملت حضرت سید ہاشمی میاں صاحب کی بریلی شریف آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی قریب میں دونوں خانقاہوں کے اختلاف سے اہلسنت والجماعت کا بڑا نقصان ہوا ہے
مسجد و محراب سے اٹھنے والی اختلافی آوازوں نے ناصرف مرشدان طریقت میں نفاق پیدا کیا بلکہ ایک دوسرے کے مریدان بھی دست و گریباں ہوئے ہیں
جس کا اثر صرف اور صرف اہلسنت والجماعت پر پڑا ہے امید ہیکہ اب آئندہ دونوں طرف کے مشائخین مل جل کر قوم و ملت بالخصوص مسلک اعلیٰ حضرت کی ترویج و اشاعت میں اہم کردار ادا کریں گے
خادم القرآن محب حضرت منانی میاں عبد الرحمٰن ضیائی نے اپنے بیان میں کہا کہ جس طرح سے شہزادہ حضرت منانی میاں صاحب نے خلوص وعقیدت سے شہزادہ محدث اعظم غازی ملت ہاشمی میاں صاحب کی جانب ہاتھ بڑھا یا ہے اور دعوت اتحاد پیش کی ہے سادات کچھوچھہ شریف بھی اسے دل سے قبول کریں اور ماضی کے تمام بیانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بریلی شریف سے کچھوچھہ شریف تک محبتوں کے ایک نئے سفر کا آغاز کریں ۔ ضیائی صاحب نے مزید کہا کہ اتحاد اہلسنت ہر شخص کی آواز ہے جس کی پہل قبلہ منانی میاں نے کی ہے لہذا جو بھی اس اتحاد کو توڑنے کی کوشش کرے گا عوام اہلسنت اسے ہرگز معاف نہیں کرے گی
آخر میں دارالعلوم حاجی علی خانقاہ قادریہ کے سربراہ قاری عبد الرحمٰن ضیائ نے کہا کہ یہ اتحاد نہ صرف بریلی شریف اور کچھوچھہ مقدسہ کا ہو بلکہ مرکز اہلسنت سے دور ہوئ تمام اہلسنت کی خانقاہوں سے ہو نظریات کی لڑائی ختم ہو فروعی مسائل پر اجتماعی نشست ہو جہاں مل بیٹھ کر حل تلاش کریں عوام کو الجھا نہ جائیں
ممبر و محراب سے کسی کی بھی ذات کو نشانہ نہ بنایا جائے حالیہ دنوں جس طرح سے مدارس پر یلغار ہے اس کو تمام سجادگان سر جوڑ کر بیٹھیں حل نکالیں۔
بقول حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ،اتحاد زندگی ہے اختلاف موت

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے