مہاراشٹرا

اعلیٰ حضرت نے دین کی خدمت انجام دی تو آپ کی مقبولیت عرب و عجم میں پھیل گئی

  • جانشین حضور تاج الشریعہ حضور عسجد میاں دام فیوضہ کا دورۂ خاندیش

ساودہ (جلگاؤں): بزرگوں کی یاد منانے کا اصل فائدہ یہ ہے کہ جو ان کے نقش قدم پر چلے گا وہ ہدایت پائے گا- اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں:

ترے غلاموں کا نقشِ قدم ہے راہِ خدا
وہ کیا بہک سکے جو یہ سُراغ لے کے چلے

آج کا ماحول بڑا پُر آشوب ہے- کلمے کے نام پر بدعقیدوں سے اتحاد عقائد کے لیے بہت سخت اور مُضر ہے- حدیث پاک میں ارشاد ہوا کہ: امت بہتر یا تہتر فرقوں میں تقسیم ہو گی، سب جہنم میں جائیں گے لیکن جس پر میں اور میرے صحابہ ہیں وہ جنتی فرقہ ہوگا:

اہلِ سنّت کا ہے بیڑا پار اصحابِ حضور
نجم ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی

اپنے دین کی حفاظت کریں، جنت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاموں کی ہے- اعلیٰ حضرت فرماتے ہیں:

جناں بنے گی محبانِ چار یار کی قبر
جو اپنے سینوں میں یہ چار باغ لے کے چلے

اس طرح کا اظہار خیال٣٠ اگست ٢٠٢٢ء منگل کی شب سرزمینِ ساودہ پر جانشین حضور تاج الشریعہ قاضی القضاۃ فی الہند حضرت مفتی محمد عسجد رضا خان قادری دام فیوضہ نے فرمایا- جماعت رضائے مصطفیٰ کے زیر اہتمام منعقدہ تاریخی اجلاس میں پورا خاندیش اُمڈ پڑا تھا- سَروں کا سمندر معلوم ہوتا تھا- جانشین حضور تاج الشریعہ نے اپنی سنجیدہ اور بصیرت افروز تقریر میں فرمایا کہ: اعلیٰ حضرت نے دین کی خدمت انجام دی تو آپ کی مقبولیت عرب و عجم میں خوب پھیلی اور اب تک مقبولیت کا سلسلہ جاری ہے- علماے عرب نے مدحیہ قصائد لکھے- اللہ تعالیٰ جب کسی بندے سے محبت فرماتا ہے تو اس کی مقبولیت دلوں میں پیدا کر دیتا ہے- ولی سے جو بغض رکھتا ہے تو اس سے اللہ تعالیٰ کا اعلان جنگ ہے- اعلیٰ حضرت کو ایسی مقبولیت ملی کہ ان کی ذات دین کی پہچان بن گئی اور مسلکِ اعلیٰ حضرت کہا جانے لگا- کوئی کسی سلسلے میں مرید ہو وہ مسلکاً رضوی ہے- دین حق ان کے نام و ان کے شہر سے پہچانا جاتا ہے-
خلیفۂ حضور تاج الشریعہ مفتی عاشق حسین کشمیری (ناظم تعلیمات: مرکز الدراسات الاسلامیہ جامعۃ الرضا بریلی شریف) نے فرمایا کہ: اللہ کی محبت حاصل کرنی ہے تو احکامِ شریعت پر چلیں- جب بارگاہِ الٰہی میں مقبولیت مل جائے تو جبریل علیہ السلام کو حکم ہوتا ہے کہ تم بھی اس سے محبت کرو- فرشتگانِ الٰہی بھی محبت کرنے لگتے ہیں- پھر اس کے بعد زمین میں اس کے لیے محبت و شہرت رکھ دی جاتی ہے- اللہ تعالیٰ بزرگوں کی راہ چلائے- مسلکِ اہلسنّت مسلکِ اعلیٰ حضرت پر قائم و دائم رکھے-
اسی شب ١١ بجے جانشین حضور تاج الشریعہ چوپڑا پہنچے- جہاں آپ نے تصلب دینی کا درس دیا- یہاں بھی انبوہِ کثیر تھا- آپ نے مسلکِ اعلیٰ حضرت پر استقامت کی تلقین کی- علاقۂ خاندیش کا آخری پروگرام ٣١ اگست بدھ کی صبح کاسودہ میں تھا- جہاں جانشین حضور تاج الشریعہ نے عقائد کی سلامتی کا پیغام دیا- صالح اعمال کی تلقین کی- اعلیٰ حضرت کی تعلیمات پر عمل کی نصیحت کی- تینوں اجلاس میں حضرت کی زیارت کے لیے بے پناہ ہجوم جمع ہوا- اطراف کے درجنوں مقامات سے ہزاروں افراد شریک ہوئے- تینوں محافل میں ساداتِ کرام، علماے اسلام اور ائمہ اہلِ سنّت زینتِ مسند تھے- چہرے کِھلے ہوئے تھے- بیک وقت بکثرت افراد نے توبہ کی سعادت حاصل کی اور سلسلۂ قادریہ برکاتیہ رضویہ میں داخل ہوئے- ان تینوں پروگراموں کی برکت سے علاقۂ خاندیش میں گلشنِ سنیت میں بہاریں چھا گئیں- ایمان تازہ ہو گئے- جماعت رضائے مصطفیٰ کے زیر اہتمام ان تمام اجلاس میں باوقار انتظامات کیے گئے- سلام و دعا کی نکہتوں پر اختتام کی منزلیں طے ہوئیں- فضائیں مشکبار ہو گئیں اور خاندیش کی وادیاں سرسبزو شاداب- اللہ تعالیٰ! بریلی شریف کے اس شہزادے کا سایۂ کرم اہلِ حق کے سروں پر تادیر سلامت رکھے اور بزمِ عشقِ رسول میں نغماتِ رضا گونجتے رہیں۔

شذرہ : راقم سمیت متعدد احباب نے حضور عسجد میاں دام فیوضہ سے ملاقات کی سعادت حاصل کی… اور علمی کام نیز دین و سنیت کی اشاعت کے عنوان پر گفتگو ہوئی اور دعاؤں کی سوغات ملی…

رپورٹ: غلام مصطفیٰ رضوی
نوری مشن مالیگاؤں

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے