اتردیناج پور کے اسلام پور میں 21 فروری2021بروز اتوار 2 بجے دن انقلاب فاٶنڈیشن اسلام پور کے دفتر میں بزم شعرائے سیمانچل اتردیناج پور کی ”دوسری طرحی نشست“ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا. اس طرحی نشست کی صدارت سیمانچل پورنیہ کے بزرگ کنہ مشق شاعر استاد الشعرا حضرت مبارک حسین مبارک رضوی پورنوی نے فرماٸی اور نظامت کنوینر مشاعرہ جناب محسن دیناج پوری نے فرمائی جب کہ نگرانی انقلاب فاٶنڈیشن اسلام پور کے چٸرمین جناب ڈاکٹر صادق الاسلام صاحب نے فرماٸی ۔ اس موقع پر شعرا کی تعداد سامعین سے زیادہ تھی ۔۔۔
اس طرحی نشست کے کنوینرمحسن نواز محسن دیناج پوری نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا. چنندہ مہمانان گرامی نے اپنے تاثرات و خیالات بھی پیش کیے. پورنیہ سے آٸے ہوٸے مہمان شاعر حضرت مبارک رضوی نے اپنی مسرت و خوشی کا اظہار کرتے ہوٸے فرمایا کہ مجھے بہت خوشی ہوٸی کہ اس طرحی نشست کا میں حصہ بنا اور نوجوان شعراٸے کرام سے ملنے کا یہ اچھا موقع ملا ۔اس کے لٸے جناب شاعر سیمانچل جناب محسن دیناج پوری کا شکریہ کے ساتھ مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں آٸندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ،یقینا ایک دن بزم شعراٸے سیمانچل کی خدمات کی وجہ سے سیمانچل کو دبستان سیمانچل لکھا جاٸے گا اور جدید و قدیم شعراٸے سیمانچل کو چاہٸے کہ اس طرح کی ادبی شعری نششتیں سجاٸیں شرکت کریں اور سیمانچل میں شعر و ادب کے فروغ کے لٸے بے لوث خدمات انجام دیں ۔ سیمانچل کے غالب بہترین شاعر جناب افقر پورنوی صاحب نے منتخب شدہ مصارع طرح کے تعلق سے معلوماتی گفتگو کرتے ہوٸے فرمایا کہ مصرع جب بھی منتخب کریں، کسی بڑے اور معتبر شاعر کا معیاری مصرع انتخاب کریں تاکہ ادب کا معیار برقرار رہے اور شعرا کو جم کر منفرد شاعری کرنے میں مزہ آٸے ، کسی بھی طرحی نشست کے لٸے ایک مصرع کافی ہے دو مصارع طرح کی ضرورت نہیں جب بھی مصرع دیں ایک مصرع کا اعلان کریں، تاکہ نشست کے دن ایک دور طرحی مشاعرہ کے بعد دیگر شعرا کو غیر طرحی کلام سنانے کا موقع ملے۔ افقر پورنوی صاحب نے منتظمين بزم محسن دیناج پوری ، نثار دیناج پوری ، شہباز مظلوم پردیسی صاحب کی خدمت میں مبارکباد پیش کیا اور ہر ماہ طرحی نشست میں آنے کا وعدہ کیا ۔
سیمانچل کے نوجوان استاد شاعر ماہر لسانیات حضرت مجسم فانی صاحب کی نعت و غزل کو بہت پسند کی گٸی۔فخر دیناج پور جناب نثار دیناج پوری صاحب نے زیادہ سامعین اور اردو دوست احباب کی طرحی نشست میں شرکت نہ کرنے پر بہت افسوس کیا اور مہمان شعراٸے کرام کی آمد پر خوشی و مسرت کا اظہار فرمایا۔۔ اور آخر سرپرست محفل نگران طرحی نشتت،
ہمدرد قوم ملت سیماجی و سیاسی قاٸد جناب حضرت ڈاکٹر صادق الاسلام نے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا شعراٸے سیمانچل کی ہمت افزاٸی کرتے ہوٸے فرمایا اس علاقہ اتردیناج پور و سیمانچل میں مزید اردو شعر و ادب کو فروغ اور شعر و ادب کے ماحول سازگار کرنے کے لٸے آپ تمام شعرا و ادبا کو محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ محسن دیناج پوری و نثار دیناج پوری کی محنتوں ہمت و جذبات کو سلام کرتا ہوں یہی لوگ ہیں جو ہمیشہ اردو کی محفل سجاتے ہیں ان شاء اللہ اسی طرح کی محفل سے اردو شعر و ادب کو فروغ ملے گا۔ میں وعدہ کرتا ہوں آٸندہ جب جہاں میری ضرورت پڑے گی آپ لوگ مجھے یاد کریں، میں آپ تمام احباب کے ساتھ ہوں، ہر ممکن تعاون کرنے کوشش کروں گا۔ اس طرحی نشست کے انتظامات میں ڈاکٹر صاحب اور شفیق بھاٸی کا کلیدی اہم رول رہا شعراٸے کرام کے لٸے مختصر نذرانہ کے ساتھ پرلطف ٹفن سرجاپوری چاٸے کا انتظام کیا۔۔ کنوینر مشاعرہ محسن دیاج پوری نے تمام مہمانان کے شکریہ کے ساتھ نشست کے اختتام کا اعلان کیا ۔۔۔۔
اس طرحی نشست کے لٸے دیٸے گٸے دو مصارع طرح
”تونے ہی اسے مطلع انوار بنایا“
”اک حشر اس زمیں پہ اٹھا دینا چاہٸے“
پر شعرا کی جانب سے پیش کٸے گئے طرحی کلام سے چند نمونہء اشعار ملاحظہ کریں ۔۔
رخسار حسیں زلف کو خمدار بنایا
قدرت نے تجھے حسن کا شہکار بنایا
سرکار دوعالم کے پسینے کی مہک نے
گلش میں گلابوں کو مہکدار بنایا
مجسم فانی پورنوی ۔۔پورنیہ بہار
شہروں میں فقط شہر مدینہ ہی حسیں ہے
تونے ہی اسے مطلع انوار بنایا
خیرات وہ دیتے ہیں زمانے کو شب و روز
خالق نے انہیں مالک و مختار بنایا
محسن دیناج پوری (کنوینر)
سرکار دو عالم کی محبت میں خدا نے
اک پھول نہیں سارا ہی سنسار بنایا
کیا پوچھتے ہو ان کی سخاوت کا طریقہ
آقا نے تو منگتوں کو بھی سردار بنایا
جسیم اکرم مرکزی ۔۔پورنیہ
جلوؤں کااعتبار کرادیناچاہئیے
اس کو نقاب رخ سے ہٹا دینا چاہئیے
غالب کی فکر میر کالہجہ ہواقدیم
صنفِ سخن کو طرزنیا دینا چاہئیے
مبارک رضوی پورنوی (صدر مشاعرہ)
دو چار بار یاد دلا دینا چاہئے
پھر بھی جو بھول جائے بھُلا دینا چاہئے
دنیا کی زندگی ہو جسے عارضی حیات
اُس لاش کو ٹھکانے لگا دینا چاہئے
افقر پورنوی ۔۔۔نورنیہ بہار
ایوبی جوش خالدی شمشیر لے کے پھر
کہرام اس جہاں میں مچا دینا چاہٸے
لگ جائے جس چراغ کی لو سے مکاں میں آگ
اے فانی وہ چراغ بجھا دینا چاہیے
مجسم فانی پورنوی ۔۔باٸسی پورنیہ
چہرہ ہو جیسا ویسا دکھا دینا چاہئے
اک آئنے کو فرض نبھا دینا چاہئے
جس کو ملیں نہ عشق ومحبت کی منزلیں
اس کو تمہارے گھر کا پتہ دینا چاہئے
نثاردیناج پوری (معاون کنوینر)
مذہب کا ہر جنون ہے حسنِ وطن پہ داغ
یہ داغ ہو کہیں بھی مٹا دینا چاہئے
بیٹھا رہا میں صبح سے دیدار کے لئے
آنا اگر نہیں تھا بتا دینا چاہئے
شہباز مظلوم پردیسی ۔۔(معاون کنوینر)
استاد سے سبق یہی ملتا رہا ہمیں
حق کے لٸے یہ سر بھی کٹا دینا چاہٸے
کھیتی لگاکے چاند ستاروں کی دوستو
اب آسماں زمیں کو بنا دینا چاہٸے
محسن نواز محسن دیناج پوری (کنوینر)
مدت گزر گئی ہے ترے انتظار میں
دیدار اپنے رخ کا کرا دینا چاہئیے
میں نے تو تیرے ملنے کو سمجھا تھا دوستی
گر عشق تھا تجھے تو بتا دینا چاہئیے
جسیم اکرم مرکزی پورنوری
آداب نوش جام کے جس کو نہیں پتہ
اس کو بھی ایک جام پلا دینا چاہیے
اب میں وصال جان تمنا کو چل دیا
میرا جنازہ خوب سجا دینا چاہیے
غلام ربانی اشہر ۔۔باٸسی بہار
حرفِ انا کو دل مٹا دینا چاہیے
وعدہ کسی سے ہو تو نبھا دینا چاہیے
ہو جائے جس جگہ بھی نادم ترا حریف
شکوہ گلہ ہو جو بھی بھلا دینا چاہیے
شجرالہدی شجر دیناج پوری (گوال پوکھر)
اس کے علاوہ وھاٹس ایپ کے ذریعے بھیجنے والے شعراٸے کرام مدبر عالم جامعی مغربی بنگال ،نور جمیل نوری اتردیناج پور، آزاد ضمیر لکھنوی یوپی شکیل سہسرامی بہار ،نور سعید صاحب کا نام قابل ذکر ہے ۔۔
آخر میں نوجوان شاعر مبارک علمی دیناج پوری نے تیسری ماہانہ طرحی نشست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوٸے اعلان فرمایا کہ بزم شعراٸے سیمانچل اتردیناج پور کی تیسری طرحی نشست 20 مارچ 2021 بمطابق 6 شعبان 1442 بروز سنیچر 11 بجے دن سے ”لاٸف میڈیکل ہاٶس“ و علمی گرافس کے سامنے اسلام پور بلاک کے دھتولہ بازار میں ہوگی ۔۔۔ان شاء اللہ
مصرع براٸے غزل
”مکمل وہ ابھی میرا نہیں ہے“
اشرف یعقوبی کلکتوی
آزاد قوافی ۔۔۔ میرا اچھا سچا سمجھا وعدہ جلوہ کیسا جیسا وغیرہم
افاعیل ۔۔مفاعیلن مفاعیلن فعولن
اس مصرع طرح پر ایک دور طرحی مشاعرہ ہوگا اور ایک دور غیر طرحی کلام سنانے کا موقع دیا جاٸے گا۔
تمام شعراٸے کرام ،باذوق سامعین ، اور محبان اردو سے شرکت کی پرخلوص گزارش ہےرابطے نمبرات 8374786880 9002542909