علی گڑھ:02 فروری/ ہماری آواز(ضیاء الرحمن امجدی) کل ہند انجمن اصلاح معاشرہ اہل سنت و جماعت(علی گڑھ) کی جانب سے قادری مسجد کبیر کالونی علی گڑھ میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ کی شان میں بعد نماز عشاء ایک محفل کا انعقاد کیا گیا، محفل پاک کا آغاز قاری محمد شعیب رضا کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، حمد باری تعالیٰ قاری محمد جاوید صاحب نے پیش کی، نعت و منقبت معروف ثناخواں سید فرقان علی قادری علی گڑھ، مولانا احمد بہاء الدین مرکزی، مولانا انوار احمد بھوج پورا، محمد فرقان برکاتی (متعلم جامعہ احسن البرکات، مارہرہ شریف) نے پیش کیے. تنظیم کے صدر محبوب العلماء حضور سید محمد امان میاں قادری( ڈائریکٹر البرکات اسلامک ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ علی گڑھ) مدظلہ العالی نے آئے ہوئے تمام ائمہ کرام اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی زندگیوں کو پڑھنا چاہیے اور اپنے بچوں کو بھی بتانا چاہیے اور خصوصاً جب خلفاے راشدین کی وصال کی تاریخ آئے تو اس وقت ان کے متعلق پروگرام منعقد کیا جانا چاہیے، کیوں کہ نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے پیارے چہیتے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کا یومِ وصال منانا ہم سب کے لیے باعث سعادت ہے، جس کے لیے ہم سب کو کوشش کرنی ہے تاکہ آپ کی مبارک زندگی سے ہر مسلمان آگاہ ہو سکے، سامعین سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عبد المصطفی مصباحی نے کہا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی ذات دنیا میں انبیاء کرام کے بعد سب افضل ذات ہے، نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم جس دین کو اس دنیا میں لائے تھے اس دین کو سب سے زیادہ سمجھنے والے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ تھے، اس لیے بھی حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دن کو یاد کے طور پر منانا ضروری ہے تاکہ ہم دین کو اچھی طرح سمجھ سکیں اور اس پر چل سکیں،مزید انہوں نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے ہمیں اہل بیت کی محبت سکھائی، حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا دن منانا گویا اپنے بچوں کو صحابہ کرام و اہل بیت اطہار کی محبت سکھانا ہے.
خصوصی خطاب کے لیے تشریف لائے حضرت شیخ نعمان احمد ازہری نے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی حیات طیبہ کے چند درخشاں پہلوؤں کو اجاگر کیا اور یوم صدیق اکبر منانے کے لیے لوگوں کی رہنمائی کی،انہوں نے فرمایا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی حیات طیبہ پڑھنے سے آپ کی نبی کریم صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم پر جان نثاری اور ان سے بےپناہ محبت کا درس ملتا ہے، ہم ان کی یاد منا کر اپنے بچوں اور نوجوان نسل کے اندر جان نثاری اور نبی سے محبت کا جذبہ پیدا کر سکتے ہیں. آخر میں سید مصطفیٰ علی قادری(نگراں: کل انجمن اصلاح معاشرہ اہل سنت و جماعت علی گڑھ) نے تنظیم کی خدمات کا مختصر تعارف پیش فرمایا.
نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد سلمان رضا علیمی علیگ نے بحسن و خوبی انجام دیا. اس موقع پر مولانا ساجد عالم نصیری، مولانا عارف رضا نعمانی، مولانا سید اوصاف علی مجددی، قاری شعیب رضا،قاری جاوید احمد قادری، قاری شکیل احمد اور علی گڑھ کی مختلف مساجد کے ائمہ کرام اور طلبہ اور دیگر حضرات شریک تھے محفل کا اختتام محبوب العلماء حضور سید محمد امان میاں قادری مدظلہ العالی کی دعا سے ہوا،
زیر اہتمام :کل ہند انجمن اصلاح معاشرہ اہل سنت و جماعت علی گڑھ
ضیاء الرحمن امجدی