ایٹہ

یوم آزادی کے موقع پر جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں پرچم کشائی کی گئی، تقریب کا اہتمام

آج 15 اگست 2025ء بروز جمعہ، جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف میں یومِ آزادی کا جشن نہایت عمدہ کارکردگی کے ساتھ منایا گیا۔ صبح کا پرنور اجالا، فضاؤں میں تازگی کی مہک اور وطن کی محبت سے لبریز دل ، اس منظر نے جامعہ کو ایک عظیم الشان قومی اجتماع میں بدل دیا۔ ہر سمت خوشیاں بکھری تھیں، ہر چہرے پر مسکراہٹ اور ہر زبان پر وطن سے محبت کے نغمے تھے۔ٹھیک 8 بج کر 30 منٹ پر، جامعہ کے سربراہِ اعلیٰ حضور رفیق ملت دامت برکاتہم العالیہ کے حکم پر صدر المدرسین، استاذِ محترم علامہ شیخ محمد عرفان ازہری مدظلہ العالی نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔ جیسے ہی ترنگا فضاؤں میں لہرا کر روشنی سے ہم آغوش ہوا، مشہورِ زمانہ ملی ترانہ "سارے جہاں سے اچھا، ہندوستاں ہمارا” بلند آواز میں پڑھا گیا۔ اس کے ساتھ ہی "ہندوستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجے اور فضا میں جوش و خروش کی بجلی سی دوڑ گئی۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد محمد اعیان رضا (جماعت ثالثہ) نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدتوں کا نذرانہ پیش کیا۔ محمد حسیب رضا، متعلم جماعت اعدادیہ، نے سرکار نظمی علیہ الرحمہ کی لکھی ہوئی خوبصورت نظم "میں غلامِ خواجہ ہوں، ہند ہے وطن میرا” پیش کر کے سامعین کے دلوں میں وطن کی محبت اور عقیدت کی شمع روشن کر دی۔
اس کے بعد سربراہ اعلیٰ حضور رفیق ملت سید شاہ محمد نجیب حیدر نوری دام ظلہ الاقدس مسندِ خطابت پر جلوہ افروز ہوئے۔ آپ نے فرمایا:
"ہمیں مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ آزادی کا اصل مفہوم یہ ہے کہ ہم محبت، اتحاد اور ایثار کے ساتھ رہیں، ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔”
آپ نے تمام برادرانِ وطن کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور اتحاد و بھائی چارے کا عملی پیغام دیا۔
چونکہ آپ کو "مارہرہ پبلک اسکول” میں بھی پرچم کشائی کے لیے شریک ہونا تھا، لہٰذا مختصر مگر جامع خطاب فرما کر وہاں روانگی فرمائی۔
پروگرام اپنے تسلسل کے ساتھ جاری رہا۔ استاذِ محترم علامہ شیخ محمد اسلم نبیل ازہری مدظلہ العالی نے اپنے دلنشین اور روح پرور انداز میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ اس کے بعد صدارتی خطاب کے لیے استاذی الکریم شیخ محمد عرفان ازہری دامت برکاتہم العالیہ تشریف لانے آپ نےنایاب خطاب فرمایا۔
حضرت کا خطاب انقلابی رنگ اور ولولہ انگیزی سے بھرپور تھا۔ آپ نے انگریز دور کے مظالم اور مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کا مختصر مگر دل کو چھو لینے والا ذکر کیا اور فرمایا:
"ہمیں اپنے حقوق اور ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہونا ہوگا، تاکہ ہم خوف کے بجائے یقین اور اعتماد کے ساتھ اپنی آواز بلند کر سکیں۔ اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم تعلیم کو اپنا سب سے بڑا ہتھیار بنائیں۔”
تقریب کا اختتام صلوٰۃ و سلام اور ملکِ عزیز کی سلامتی و ترقی کی دعاؤں پر ہوا۔ طلبۂ جامعہ اور جملہ حاضرین نے عہد کیا کہ آزادی کی حفاظت اور ملک کی خدمت کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی ان شاءاللہ عزوجل ۔
اس تقریب میں جامعہ کے تمام اساتذہ کرام ، طلبہ عظام نیز جملہ کارکنان ادارہ نے شرکت فرمائی اور اپنے وطن عزیز کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں ۔ اللہ تعالی وطن عزیز ملک ہندوستان کو حاسدوں کے حسد ، شریوں کے شر اور فسادیوں کے فساد سے محفوظ و مامون رکھے آمین ۔

✍️ نعمان واحدی
جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف
15/اگست/2025ء

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے