اعظم گڑھ تعلیمی گلیاروں سے

مدرستہ المدینہ فیضانِ صدیقِ اکبر، اعظم گڑھ میں ترنگا ڈرائنگ مقابلے کا شاندار انعقاد

کمسن طلبہ کے فن پاروں سے حب الوطنی کے رنگ بکھر گئے

اعظم گڑھ (پریس ریلیز)

مدرستہ المدینہ فیضانِ صدیقِ اکبر، محلہ غلامی پورہ، اعظم گڑھ میں 13 اگست 2025ء بروز بدھ، ڈیپارٹمنٹ آف ماڈرن ایجوکیشن، دعوتِ اسلامی انڈیا کے زیرِ اہتمام ترنگا ڈرائنگ مقابلہ نہایت شاندار اور پرجوش انداز میں منعقد ہوا۔ کمسن طلبہ نے اپنی روشن آنکھوں اور تخلیقی ذہنوں سے ایسا فن تخلیق کیا کہ ہر دیکھنے والے کے دل میں حب الوطنی کی شمع مزید روشن ہو گئی۔

ننھے ہاتھوں نے رنگوں کے ذریعے قومی پرچم "ترنگا” کی ایسی جیتی جاگتی تصویریں بنائیں جن میں اخلاص، محبت اور وطن پر فداکاری کے جذبات جھلک رہے تھے۔ کہیں ترنگے کے ساتھ "I Love My India” کی صدا گونج رہی تھی، تو کہیں "Hamare Desh ka Jhanda” کا والہانہ اعلان رنگوں کے ذریعے نظر آ رہا تھا۔ سفید لباس اور عمامہ پہنے یہ ننھے طلبہ جب اپنے فن پارے پیش کر رہے تھے تو یوں محسوس ہوتا تھا جیسے پاکیزگی اور حب الوطنی ایک ساتھ جلوہ گر ہو گئی ہو۔

اس موقع پر مدرستہ المدینہ کے پرنسپل، فاضلِ باکمال حضرت مولانا حافظ و قاری اقبال احمد صاحب مصباحی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ "یہ مقابلہ نہ صرف فنونِ لطیفہ کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے بلکہ طلبہ کے دلوں میں حب الوطنی، قومی اتحاد اور امن و محبت کے بیج بونے کا مؤثر وسیلہ بھی ہے”-
تقریب کے دوران جب حضرت حافظ و قاری مولانا یونس رضا مصباحی صاحب، حضرت قاری سعید اختر و قاری محمد اصغر صاحب اور جناب ماسٹر اسرائیل صاحب ہال میں داخل ہوئے تو ننھے شہزادوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ سفید عمامے اور خوشبو بکھیرتے عطر کی مہک کے ساتھ اساتذہ کرام جب فن پاروں کے قریب پہنچ کر ایک ایک تصویر کا جائزہ لیتے تو طلبہ کے دلوں میں ایک عجیب سی مسرت اور جوش کی لہر دوڑ جاتی۔
حضرت قاری اصغر صاحب نے ایک تصویر پر نظر ڈالتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا:
"بیٹا! تم نے جو ترنگے میں روشنی کے ہالے بنائے ہیں، وہ دل کو چھو لینے والے ہیں۔”

حضرت قاری سعید اختر صاحب ایک دوسرے طالب علم کی تخلیق دیکھ کر بول اٹھے:
"یہ رنگوں کی زبان میں وطن کی محبت کا اظہار ہے۔”
جبکہ عالی جناب ماسٹر اسرائیل۔صاحب نے ایک کم عمر طالب علم کے فن پارے کو دیکھ کر شفقت سے اس کے سر پر ہاتھ رکھا اور فرمایا:
اللہ تمہیں دین و وطن کی خدمت کے لیے قبول فرمائے۔”

ان لمحات میں یوں محسوس ہورہا تھا جیسے فن، محبت اور روحانی تربیت ایک ہی منظر میں یکجا ہو گئے ہوں۔

پروگرام کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی خصوصی حوصلہ افزائی کی گئی اور تمام شرکاء کو دعا و مبارکباد پیش کی گئی۔ یہ یادگار مقابلہ، جس نے حب الوطنی کے جذبات کو تازہ کر دیا، شرکائے محفل کے دلوں میں دیرپا نقوش چھوڑ گیا۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤ شریف کے ناظم تعلیمات ادیب شہیر حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا-

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے