ایٹہ

تحقیقی کتاب’’مسئلۂ افضلیت اور مشائخ مارہرہ مطہرہ‘‘ منظر عام پر

عرس قاسمی برکاتی میں حضور امین ملت کے بدست نوری مشن کی اشاعت کا اجراء

مارہرہ/ایٹہ(پریس ریلیز)

اکابر خانقاہِ برکاتیہ مارہرہ مطہرہ نے اپنے اپنے عہد میں عقائد اہل سنت کی ترجمانی کی۔ مسئلۂ افضلیت میں بھی مشائخ کرام کا موقف واضح رہا۔ اِس زمانے میں جب کہ تفضیلی فتنہ بعض خانقاہوں میں سر اُبھار رہا ہے؛ ضروری ہے کہ اکابر اہل سنت بالخصوص مشائخ مارہرہ مطہرہ کی تعلیمات کو عام کیا جائے، اسی غرض سےحضرت مفتی شاداب احمد صاحب امجدی برکاتی(استاذ جامعہ احسن البرکات مارہرہ شریف) نے ایک تحقیقی کتاب ’’مسئلۂ افضلیت اور مشائخ مارہرہ مطہرہ‘‘ تصنیف کی، جس کا اجراء خانقاہِ برکاتیہ کے سجادہ نشین حضور امین ملت پرفیسر سید محمد امین میاں قادری مارہروی صاحب قبلہ کے بدست عرس قاسمی میں بوقتِ قل شریف عمل میں آیا۔ اس موقع پر منبر نور پر حضور اشرف میاں، حضور نجیب میاں، حضور امان میاں اور مشائخ کرام و علمائے اہل سنت موجود تھے۔ 128؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب کو نوری مشن/اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر نے حضور امین ملت کی سرپرستی میں152؍ویں اشاعت کے بطور منصۂ شہود پر لایا۔ کتاب سنجیدہ، فکر انگیز اور مدلل ہے۔ افضلیت سیدنا حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ پر کتاب و سنت نیز اکابرِ مارہرہ مطہرہ و بلگرام شریف سے لے کر موجودہ بزرگوں میں حضور امین ملت، حضور رفیق ملت، حضور امان میاں تک کے موقف کو بیان کر دیا گیا ہے۔ اس بابت حضور امین ملت کا یہ اقتباس بڑی اہمیت کا حامل ہے: ’’عزیزم مولانا شاداب احمد امجدی کی یہ تالیف جو انہوں نے خانوادۂ برکاتیہ کے مشائخ کے اقوال کے حوالے سے حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مرتبۂ افضلیت پر لکھنے کی جو کوشش کی ہے، اس کے لیے انہیں یوں بھی مبارک باد ہے کہ انہوں نے خانوادۂ برکاتیہ کے مشائخ کی حیات و خدمات کا عرق ریزی کے ساتھ مطالعہ کر کے اس عنوان پر خانقاہِ برکاتیہ کے اکابرین کے موقف کو پیش کیا۔‘‘ (مسئلۂ افضلیت، ص7)…کتاب پر حضور امین ملت، حضور محدث کبیر، حضور رفیق ملت، مفتی اختر حسین قادری، مفتی شمشاد احمد مصباحی، مولانا شہباز احمد مصباحی کی تقاریظ موجود ہیں۔ کتاب کو منبرِ نور پر موجود علما و مشائخ کو پیش کیا گیا؛ جن میں خصوصیت سے حضرت سید حسین میاں بلگرام شریف، شہزادۂ صدر الشریعہ حضرت مفتی بہاء المصطفٰی، خیر الاذکیاء حضرت علامہ محمد احمد مصباحی، حضرت مولانا حنیف خان بریلوی، مولانا عبدالمبین نعمانی، مولانا صدر الوریٰ قادری، مولانا نفیس احمد مصباحی، مفتی نسیم مصباحی، مولانا مسعود برکاتی، مولانا زاہد سلامی، مولانا اختر کمال، مولانا توفیق احسن اساتذۂ جامعہ اشرفیہ مبارک پور، مولانا حنیف کان پوری، مولانا جنید مصباحی البرکات علی گڑھ وغیرہ تشریف فرما تھے۔ اس اہم اشاعت پر اہلِ علم و دانش نے مفتی شاداب احمد امجدی و ناشر کو کلماتِ تبریک و تہنیت پیش کیے۔
مذکورہ اطلاع دارالعلوم انوار مصطفیٰ سہلاؤشریف کے ناظم تعلیمات حضرت مولانا محمد شمیم احمد صاحب نوری مصباحی نے پریس ریلیز کے ذریعہ دیا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے