ادبی گلیاروں سے بارہ بنکی

ادبی تنظیم بزمِ عزیز کی ماہانہ طرحی نشست کا انعقاد

بارہ بنکی (ابوشحمہ انصاری) شہر کے محلہ نبی گنج میں واقع بزمِ عزیز کے صدر الحاج نصیر انصاری کے مکان پر بزم عزیز کی ماہانہ طرحی نشست منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت عدیل منصوری نے کی۔ نظامت کے فرائض ہذیل احمد ہذیل نے انجام دیے۔ جبکہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر مختار فاروقی و طارق جیلانی نے شرکت کی۔ غزل کا مصرع طرح” ہمیں ہے تلاش یارو کسی میرِ کارواں کی ” پر کہی گئی غزل کے پسندیدہ اشعار نذرِ قارئین ہیں۔۔۔

جو یہ چاہتے ہو برکت بھی ہو رزق میں تمہارے
ہے عدیل تم پہ لازم کرو قدر مہماں کی
عدیل منصوری
ترے حسن کے مقابل مری شاعری کہاں ہے
نہ تو لفظ ہیں میسر نہ صلاحیت زباں کی
مختار فاروقی
ہوا کیا ہے دوستوں کو جو اُتر گئے ہیں چہرے
ابھی ابتدا ہی کی تھی سر بزم داستاں کی
نصیر انصاری
کرے آرزو وہ کیونکر کسی اور مہرباں کی
جسے مل گئ گدائی ترے سنگِ آستاں کی
ہذیل احمد ہذیل
مرا عزم سوئے منزِل مُجھے لے چلا ہے ریحان
نہیں اب مُجھے ضرورت کسی میرِ کارواں کی
ڈاکٹر ریحان علوی
نہ تو چاہ مل و زر کی نہ تو آرزو جہاں کی
کوئی خاک لا کے دے دے مُجھے اُن کے آستاں کی
دانش رام پوری
ہے یہاں کی کامیابی بھلا کوئی کامیابی
وہی کامیاب ہوگا کرے فکر جو وہاں کی
سرور کنتوری
جو یہ سیر کر رہا ہوں میں بلند آسماں کی
یہ ہیں باپ کی دعائیں ہیں دعائیں میری ماں کی
طفیل زید پوری
دبے پاؤں جس نے آ کر مری آرزو جواں کی
کوئی مُجھ سے یہ بتا دے وہ بہار تھی کہاں کی
نفیس بارہ بنکوی
جو مٹا دے نفرتوں کو جو دلوں سے دل ملا دے
ہمیں آج ہے ضرورت کسی ایسے مہرباں کی
بشر مسولوی
مُجھے جُستجُو ہے یاروں کسی ایسے مہرباں کی
جو بڑھا دے آکے رونق مرے اُجڑے آشیاں کی
عارف شہاب پوری
کریں ہم بھروسہ کس پے ہے عجیب دور یاروں
نہ لکھے کی کوئی قیمت نہ تو قدر ہے زباں کی
مسٹر امیٹھوی
ملیں گی بہاریں بے شک اُسے گلشنِ جہاں کی
یہاں صدق دِل سے خدمت جو کرے گا اپنی ماں کی
نظر مسولوی

نشست کے اختتام پر سبھی شعراء اور شرکاء کا شُکریہ ادا کیا گیا۔ اور اعلان کیا گیا کہ آئیندہ دسمبر ماہ میں ہونے والی نشست کا مصرع طرح ” اُسے میں ڈھونڈتا پھرتا ہوں اک زمانے سے ” رہےگا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے