ایٹہ گوشہ کتب

مفتی شاداب احمد صاحب امجدی برکاتی کی کتاب "مسئلہ افضلیت اور مشائخ مارہرہ مطہرہ” منظر عام پر

دور حاضر میں رافضیت بڑے بڑے جلسوں و کانفرنسوں کے راستے سے سواد اعظم اہلسنت وجماعت بالخصوص عوام الناس کے اندر بہت ہی تیزی کے ساتھ داخل ہورہی ہے۔ آجکل اکثر دیکھا جاتا ہے کہ اچھے اچھے نامور خطباء و شعراء روافض کی کتابوں سے من گھڑت واقعات و خیالات پڑھ کر جلسوں میں پہنچ جاتے ہیں اور بہت ہی ذوق و شوق سے محبت اہلِ بیت کا نام دے کر عوام سے موٹے موٹے نذرانے وصولنے میں ہمہ تن مصروف ہیں۔

ایسے میں ہر علاقے کے ذمہ دار علمائے کرام و سادات عظام و خانقاہوں کے سجادگان کو متحد ہوکر بر وقت ملت کے عقائد ونظریات کے تحفظ و بقاء کی خاطر کوئی پلیٹ فارم تیار کرنا ہوگا تاکہ وقتاً فوقتاً عقائد و معمولاتِ اہلسنت کی آبیاری ہوتی رہے۔

اس سلسلے میں موجودہ شہزادگان و سجادگانِ خاندان برکات (مارہرہ مقدسہ) کی محنتیں و کاوشیں یقیناً قابلِ تعریف و تقلید ہیں کہ مختلف اعراس میں آپ ہمیشہ اپنے مریدین و معتقدین و متوسلین کو جام عقائد اہل سنت پلاتے رہتے ہیں۔ مجھے بہت اچھی طرح یاد ہے کہ سال گزشتہ عاشورہ کے موقع پر چشم و چراغِ برکاتیت شہزادۂ حضور امین ملت، محب العلماء حضرت سید محمد امان میاں صاحب قبلہ نے اپنے والد محترم حضور سید امین ملت دام ظلہ العالی والنورانی و دیگر ذمے داران کی موجودگی میں فرمایا:
"آج شیعہ حکومتوں نے دیکھا کہ ہم سنیوں کو ہرا نہیں پا رہے ہیں تو بہت سارے شیوخ و علماء کو کانفرنس وغیرہ کے نام پر ایران بلا کر گھمانا شروع کر دیا۔ یہ ایک ٹِرِک ہے۔ سنیوں کو گھمایا جائے، تحائف دیے جائیں، اندر ہی اندر پیسے دیے جائیں، تاکہ وہ دھیرے دھیرے صحابہ کی تنقید کریں۔ جب صحابہ کی محبت اہل سنت کے دلوں میں کمزور ہو جائے گی تو اسلام خود بخود کمزور ہوجائیگا۔ صرف اہل بیت کا دامن پکڑنے اور صحابہ کی گستاخی کرنے والے اسلام کو کمزور کر رہے ہیں۔
کسی ایسے آدمی کو اپنے اسٹیج پر نہ آنے دینا جو حضرات ابوبکر و عمر، عثمان و علی و معاویہ رضوان اللہ علیہم اجمعین کی گستاخی کرتا ہو۔
جب ہم ایک ہاتھ میں دامن صحابہ کو پکڑیں گے اور ایک ہاتھ میں دامن اہل بیت کو پکڑیں گے تب اسلام مضبوط ہوگا۔
محرم الحرام کا مہینہ ہے۔ بہت سے نوسکھیے مقرر اور وہ سادات جو علم سے دور ہیں، علم سے دوستی نہیں رکھتے وہ آپ کو غلط فکریں دینے کی کوشش کریں گے۔ ہمیں ان کی فکریں نہیں لینی ہیں۔
چاہے جان چلی جائے، ہمیں اپنے ایمان و عقیدہ کی حفاظت کرنی ہے۔ علمائے کرام اور بالخصوص اعلیٰ حضرت کے ماننے والے علماے کرام کے دامن سے وابستہ رہیں ان شاءاللہ تعالی آپ کا ایمان و عقیدہ محفوظ رہے گا” (مفھوما و ملخصا از بیان امان ملت)

اسی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے جامعہ أحسن البرکات مارہرہ مطہرہ کے لائق و فائق استاد حضرت مفتی شاداب احمد صاحب قبلہ امجدی نے اپنی کتاب بنام (مسئلہ افضلیت اور مشائخ مارہرہ مطہرہ) میں امام سلسلہ برکاتیہ حضرت سید شاہ برکت اللّٰہ عشقی مارہروی علیہ الرحمۃ سے لیکر موجودہ سجادگان تک سب کی تصانیف و تالیفات و اقوال کو جمع کرکے یہ ثابت کردیا کہ خانقاہ برکاتیہ کا ہر دور اور ہر عصر میں یہی موقف و مسلک رہا کہ حضرت ابوبکر صدیق افضل البشر بعد الانبیاء والمرسلین ہیں اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کا چوتھا نمبر ہے۔

عرس قاسمی برکاتی کے مبارک موقع پر 16/نومبر کو حضور امین ملت دامت برکاتہم العالیہ کے دست مبارک سے مذکورہ کتاب کی رسم اجرا عمل میں آئے گی ۔
اس کتاب کو حضور أمین ملت و حضور رفیق ملت و حضور محدث کبیر (اطال اللّٰہ عمرھم) کی تقریظات جلیلہ نے مزید قابلِ اعتبار و استناد بنادیا۔ اور اس کتاب کے اندر محقق عصر مناظر اہل سنت حضرت مفتی أختر حسین علیمی و حضرت مفتی شمشاد صاحب مصباحی امجدی دام ظلھما العالی و دیگر علمائے أجلہ کی تقریظات جلیلہ کے جلوے بھی نظر آئیں گے، اور مرتبِ کتاب استاذ گرامی وقار حضرت مفتی محمد شاداب صاحب امجدی کو اس کتاب کی ترتیب اور طباعت واشاعت پر کئی اکابر علماء و مشائخ نے مبارکبادیوں اور دعاؤں کے سوغات کے طور پر اپنے فیس بک پیج اور دیگر سوشل میڈیا زرائع سے حوصلہ افزا کلمات نشر کیے، اور اپنی نیک دعاؤں سے نوازا ۔
اللّٰہ تعالیٰ مفتی صاحب قبلہ کو نہایت ہی حساس اور حالات حاضرہ سے لگتے ہوئے موضوع پر ایک عمدہ کتاب ترتیب دینے پر جزائے خیر عطا فرمائے۔ اور ناظرین و قارئین کرام کو اس کتاب سے مستفیض و مستفید فرمائے۔
آمین یارب العالمین-

محمد ہاشم رضا ازہری
متعلم:جامعہ أزھر شریف، قاہرہ، مصر

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے