سنت کبیر نگر: 30 اکتوبر(ہماری آواز)
ضلع سنت کبیر نگر کے سانتھا بلاک کے گاؤں پنچایت لوہر سن بازار کے گور ہوا عید گاہ قبرستان میں آج اس وقت حیرت انگیز واقعہ رونما ہوا جب لوگوں نے دیکھا کہ مذکورہ قبرستان کی ایک قبر سے دھواں نکل رہا ہے۔ یہ خبر جنگل میں آگ کی طرح پورے علاقہ میں پھیل گئی۔ پھر کیا تھا سانڈا سانتھا، دھو بہا، کوئلی بھار رموا پور سمیت آس پاس کے درجنوں مواضعات سمیت دور دراز کے لوگ قبر کے اندر سے نکلنے والے دھوئیں کو دیکھنے کیلئے قبرستان میں جمع ہو گئے۔ دھوئیں کو دیکھ کر لوگوں میں خوف و دہشت پھیل گئی اور لوگ اللہ کی کبریائی اور رسول پاک کی رسالت کا اقرار کرتے ہوئے ذکر و اذکار میں مشغول ہو گئے ۔ دوسری جانب قصبہ کی ایک مسجد سے گاؤں کے علماء حفاظ کو قبرستان پہنچنے کی اپیل کی گئی اور لوگوں نے علماء کے ساتھ قرآن پاک کی تلاوت کی اور ایصال ثواب کیا۔

گاؤں کے مولانا شاہ عالم سبحانی، بابا ذاکر علی اور مولانا ضیاءالدین وغیرہ نے کہا کہ عذاب قبر کا عقیدہ اسلام کے بنیادی عقائد میں سے ایک ہے اور قبر کا اندرونی معاملہ انتہائی تشویشناک ہے کوئی نہیں جانتا کہ میرے ساتھ قبر کے اندر کیا معاملہ ہو گا رحمت عالمﷺ کا فرمان ہے کہ قبر کا منظر سب مناظر سے زیادہ ہولناک اللہ تعالیٰ بھی نشان عبرت کے لیے عذاب قبر کے احوال کو دنیا والوں کے سامنے ظاہر کرتا ہے ایسے میں گاؤں کے قبرستان میں واقع ایک آٹھ ماہ قبل کی قبر سے دھواں نکلنا اللہ کے قہر اور عذاب کی نشانی ہے علماء نے کہا کہ قبر سے دھواں اٹھنے کا واقعہ سامان عبرت ہے۔
بہر حال قبر سے دھواں اٹھنے کے واقعہ سے لوگ جہاں حیرت زدہ ہیں تو وہیں دنیا میں ہور ہے گناہ اور ظلم کا اسے پیش خیمہ قرار دے رہے ہیں نمائندہ کو گاؤں والوں نے بتایا کہ علی الصباح گاؤں کے کچھ لوگ قبرستان میں گئے کہ اس درمیان ایک قبر پر لوگوں کی نگاہ پڑی جس میں سے دھواں نکل رہا تھا جسے دیکھ کر لوگوں کے اندر دہشت پھیل گئی۔ باہر آ کر جب اس کی اطلاع گاؤں والوں کو دی جب لوگ قبرستان پہنچے تو دھوئیں کو دیکھ کر ڈر گئے اور اللہ کی کبریائی بیان کرنے لگے۔
جب اس کی اطلاع قرب وجوار کے لوگوں کو ہوئی تو وہ اپنے گھروں سے نکل پڑے ہر جانب عوام کے سر ہی سر نظر آنے لگے۔ اور لوگ اپنے رب کو راضی کرنے کے لیے قبرستان کے اندر قرآن پاک کی آیتوں کی تلاوت کرنے لگے۔ جس قبر سے دھواں اٹھ رہا تھا وہاں کھڑے ہو کر فاتحہ خوانی کر کے مردے کو عذاب قبر سے نجات دینے کی دعا کرنے لگے۔ اس موقع پر فرزندان توحید ورسالت کی زبان پر بس ایک صدا تھی کہ اب لوگ فرمان خداوندی کو بھولے جارہے ہیں رسول کی لائی شریعت پر عمل کرنے سے گریز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اللہ تعالی قبر میں ہو رہے عذاب کو بندے کی عبرت کیلئے ظاہر فرما رہا ہے۔ گناہوں سے توبہ کریں جھوٹ غیبت چغلی سمیت تمام گناہوں سے دور رہیں تا کہ عذاب قبر سے محفوظ رہ سکیں۔