پندرہ سو سالہ جشنِ ولادتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر شہری سطح پر مختلف پروگراموں کے انعقاد کی منصوبہ بندی جاری۔
مالیگاؤں: حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ایصالِ ثواب کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں جو عام لوگوں کے لئے ایصالِ ثواب کرنے کا ہے، بلکہ ایصالِ ثواب کرنے والے کی طرف سے یہ عقیدت کا اظہار ہے اور بطورِ شکرانہ یا نذرانہ ہے جو اپنے آقا و مولیٰ مصطفیٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جاتا ہے۔ علامہ شامی نے لکھا ہے کہ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے ایصالِ ثواب صحابۂ کرام اور بزرگانِ دین کا معمول رہا ہے۔ حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما عمر بھر حضورِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے آپ کے پردہ فرمانے کے بعد بغیر وصیت کے عمرہ کرتے رہے، اس طرح کی عقیدتوں کے ساتھ بارگاہِ رسالتمآب صلی اللہ علیہ وسلم میں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مسجد و مدرسہ اہلسنت نوری عارج خلیل کے ذریعہ جاری چھٹے ہفتے "لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم” کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر یہاں مسجد نوری عارج خلیل کے خطیب و امام حافظ شریف احمد رضوی نے اپنی رقت آمیز دعا میں مالیگاؤں سمیت ہمارے ملک ہندوستان اور عالمِ اسلام کے مسلمانوں کی فتح و نصرت اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ جس کے بعد لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم رضا اکیڈمی کے اہم ارکان جناب امتیاز خورشید اور جناب صدیقی شہزاد کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ جبکہ دیگر شرکاء و حاضرین میں رضوی سلیم شہزاد، اصغر بابا، کلیم قریشی، ندیم رضوی، اجو بھائی، اسحاق بابا، سفیان رضوی، اسلان رضوی، محمد دانیال رضوی، محمد ارحم امتیاز اور تحسین بھائی وغیرہ موجود رہے۔



واضح رہے کہ بانیِ رضا اکیڈمی الحاج محمد سعید نوری صاحب کی ایماء پر آنے والے سال ستمبر ٢٠٢٥ء کے پندرہ سو سالہ جشنِ عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی نسبت سے اس "لنگرِ رسول” صلی اللہ علیہ وسلم کی ابتداء کی گئی ہے تاکہ پورے سال ولادتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی یاد منائی جاتی رہے۔ اس ضمن میں ان شاءاللہ اور بھی کئی پروگراموں کے انعقاد کی منصوبہ بندی جاری ہے جس کا اعلان مناسب موقع پر کیا جائے گا۔ تاکہ اس پندرہ سو سالہ جشن ولادت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم میں شہریان کی بڑے پیمانے پر شرکت ممکن ہوسکے۔ اس طرح کی تحریری اطلاع مسجد و مدرسہ اہلسنت نوری عارج خلیل کے ٹرسٹیان و انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی۔