سماجی گلیاروں سے مذہبی گلیاروں سے مہاراشٹرا

لنگرِ رسولﷺ کی تقسیم کا پانچواں ہفتہ بحسن و خوبی ہوا مکمل

مسجد اہلسنت نوری عارج خلیل و مدرسہ اشرف الفقہاء للبنات کے طلبہ و طالبات کی جانب سے جمعہ کو گیارہویں شریف کی خصوصی نیاز کا اعلان۔

مالیگاؤں: مسجد و مدرسہ اہلسنت نوری عارج خلیل محلہ گُلشنِ نوری عارج خلیل کے احاطے سے 21 اکتوبر بروز پیر کو اعلان کے مطابق "لنگرِ رسول” صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم کا پانچواں ہفتہ رضا اکیڈمی مالیگاؤں کی سرپرستی میں جاری رہا۔ الحمدللہ! لنگرِ رسول کی اس تقسیم میں تیزی کے ساتھ مصلیان مسجد، اہلیانِ محلہ و سرکردہ افراد جڑتے جارہے ہیں۔ آج جب لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم کے لئے فاتخہ خوانی شروع ہوئی تو مسجد کے بزرگ مصلی حاجی صدر الدین ٹرک والے، ثناءاللہ خان رضوی، رضوی سلیم شہزاد، میمن افضل غازیانی، حافظ شریف رضوی، حافظ شہزاد رضوی، ساجد میمن، نواز قریشی، اسحاق بابا، فاروق قریشی، شریف بھائی دابھاڑی، نواز قریشی، اصغر بابا، اسحق بابا اور ڈاکٹر عارج وقار (صاحبزادہ نوری عارج خلیل) وغیرہ بنفسِ نفیس حاضر رہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارج وقار نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے انتہائی خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ میرے والد مرحوم کی روح یقیناً اس کارِ خیر سے مستفید ہوگی، اُن کا ہمیشہ سے یہ خواب رہا تھا کہ اُن کے نام سے موسوم اس مسجد و مدرسہ یا شہر کے کسی علاقے میں موجود اہلسنّت کی مساجد و مدارس کی جگہ پر تعمیر اللہ کا گھر ایسا ہو جہاں پنج وقتہ نماز و عبادات کے ساتھ مسلمان بچے بچیوں کی تعلیم و تربیت اور خلقِ خدا کی خیر و بھلائی کے کام بھی ہوتے رہیں، آج مجھے اور میرے اہل خانہ کو بے حد خوشی ہورہی ہے کہ میرے والد کے خوابوں کی تعبیر اور اُنہی کے نام سے موسوم اس مسجد کے متحرک انتظامیہ، ٹرسٹیان و نوجوانان سرگرمِ عمل ہیں۔ ان کے ذریعہ "لنگرِ رسول” کی شکل میں پنج وقتہ نمازوں کی شکل میں اور مسجد و مدرسہ میں جاری دینی تعلیم و تربیت کی شکل میں یہاں جاری خدمت خلق، خدمتِ دین اور خدمتِ مسلمین کا کام جاری ہے، میری دعا ہے کہ یہ کام اور پھولے پھلے اور حضورِ پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا پندرہ سو سالہ جشنِ ولادت اور شاندار طریقے سے منایا جاتا رہے کہ اپنے نبی کی محبت اور عظمت مومنین کے دلوں میں ہر لمحہ ترقی پر رہے۔ یہی جذبہ ایمان کی جان اور اعمال کی قبولیت کی بنیاد ہے۔

واضح رہے کہ معمول کے مطابق "لنگرِ رسول” صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم سے قبل حافظ شریف رضوی، حافظ شہزاد رضوی (خطیب و امام مسجد و مدرسہ اہلسنت بانو مریم قطب الدین) اور یہاں موجود حاضرین نے بارگاہِ ربّ العزت میں عالمِ اسلام کی سربلندی اور نصرت و کامیابی کی دعا کی بالخصوص مسجد اقصٰی کے لیے آزمائشوں میں مبتلا فلسطینی، یمنی اور لبنانی مسلمانوں کی جان و مال، عزت و آبرو اور ایمان و عقیدے کے تحفظ اور استقامت کی دعا کی گئی، اسی طرح ہمارے ملک ہندوستان میں امن امان کے قیام اور ظالم حکمرانوں سے مسلمانوں کے تحفظ و بقاء نیز اوقاف کی زمینوں کے تحفظ و بقاء کے لیے دعائیں کی گئیں۔ جس وقت لنگر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تقسیم کا عمل جاری تھا، اس وقت اس شاہراہ سے گزرنے والے بہت سارے راہگیروں اور ذمہ دار افراد نے یہاں رک کر اس کارِ خیر پر مسجد انتظامیہ کمیٹی کے نوجوانوں کی سراہنا کی، اسے جاری رکھنے میں ہر ممکن معاونت کا بھروسہ دلایا، ایسے ہی ایک شخص سے جب گفتگو ہوئی تو انہوں نے اپنا نام وسیع ہاشمی بتایا اور کہا کہ وہ رسولپورہ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور لنگرِ رسول کی تقسیم سے متاثر ہوکر اسے دیکھ کر خوشی و مسرت سے سرشار ہیں انہوں نے مسجد انتظامیہ کمیٹی کے نوجوانان کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس طرح کے کام شہر کی دیگر مساجد سے بھی ہونے چاہئیں۔ یقیناً بھوکے مسلمان کو کھانا کھلانا اللہ و رسول کی بارگاہ میں مقبول عمل ہے اور جب اس کا تعلق و نسبت پندرہ سو سالہ جشنِ ولادتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوجائے تو یہ سونے پر سہاگہ جیسا عمل مانا جائے گا۔ لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تیاری و تقسیم اور اس کے تمام تر انتظامات کو بہتر انداز میں ادا کرنے کی ذمہ داری نواز قریشی، ساجد بھائی میمن، کلیم قریشی، ندیم خان، اظہر خان، شیخ سفیان، احتشام مدثر، محمد کیف جیسے نوجوانوں نے بحسن و خوبی انجام دی۔ ان شاءاللہ آئندہ جمعہ کو گیارہویں شریف کی خصوصی نیاز کا اہتمام بھی ہوگا۔ اس طرح کا اعلان انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے