حضور غوث پاک رضی اللہ عنہ کی حیات مبارکہ اہل ایمان کے لیے مشعل راہ ہے. شیخ نعمان احمد ازہری
علی گڑھ: 15 اکتوبر (امجدی)
مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد وحید نگر علی گڑھ میں پیران پیر حضور غوث اعظم دستگیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تاج المشائخ حضور امین ملت سید محمد امین میاں قادری مدظلہ العالی والنورانی کی سرپرستی، حضور محبوب العلماء سید محمد امان میاں قادری مدظلہ العالی کی صدارت و عالیجناب سید مصطفی علی قادری صاحب کی قیادت میں جشن غوث الورٰی کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی. جشنِ غوث الوری کا آغاز مولانا انس صاحب کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، مولانا ضیاء الرحمن امجدی نے نظامت کے فرائض انجام دیے، نعت ومنقبت مولانا انس ،محمد شعیب اور مدرسہ اصلاح معاشرہ کے مختلف بچوں نے پیش کی.
خصوصی خطاب کے لیے تشریف لائے شیخ نعمان احمد ازہری نے کہا کہ حضور غوث پاک رضی اللہ عنہ کی حیات مبارکہ اہل ایمان کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ کی زندگی میں دو چیزیں بہت نمایاں ہیں۔ اپنے خالق اللہ تبارک و تعالیٰ سے بے پناہ محبت اور اس کی مخلوق کی خدمت کا بے لوث و بے انتہا جذبہ۔ آپ کی ذات اقدس اہل طریقت کے لیے اعلیٰ مثال رہی ہے۔ اسلام کی تعلیمات اور اس کی روحانی زندگی کو مشارق و مغارب کی پنہائیوں میں نافذ کرتے رہے۔ دنیائے اسلام کی روحانی بارگاہیں آپ کی نگاہ کرم سے ہی روشن و منور ہیں۔ ولایت کے تمام سلاسل آپ کی ذات سے ہی فیض یاب ہورہے ہیں، مزید انہوں نے کہا کہ حضور غوث پاک رضی اللہ عنہ نے آنکھیں ایسے گھر میں کھولی جہاں ہر وقت تلاوت کلام پاک و دردو وظائف کی آواز گونجتی تھی، آپ کے نانا حضرت عبداللہ صومعی، آپ کے والد ماجد حضرت ابو صالح موسیٰ جنگی دوست جلیل القدر ولی کامل تھے اسی طرح آپ کی والدہ ماجدہ کامل ولیہ تھی.
مولانا شمشاد اجمل برکاتی(خطیب وامام گلستان رضا مسجد) نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سید الانبیاء ہیں اسی طرح حضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ سید الاولیا ہیں آپ سے بے پناہ کرامات کا ظہور ہوا، پانی میں ڈوبی ہوئی کشتی کو اپنی درسگاہ میں بیٹھ کر باہر نکالا، قبر میں ٹھوکر مار کر مردے کو زندہ کیا، آپ مادر زاد ولی تھے اس طرح کی بہت ساری کرامتیں آپ سے ظہور ہوا جسے دیکھ کر بہت سارے لوگوں کو ایمان کی دولت نصیب ہوئی. مزید انہوں نے مسلمانوں سے گزارش کی کہ ہرسال حضور غوث پاک رضی اللہ عنہ کی یاد میں محفل منعقد کیا کریں اور اپنے لیے، اپنے مرحومین کے لیے ، اپنی بستی کے لیے دعا کیا کریں.
ناظم محفل مولانا ضیاءالرحمن امجدی نے کہا کہ اللہ والوں کے ساتھ مضبوطی سے وابستہ ہوجائیے ، ان سے عقیدت ومحبت رکھئے آپ کے ایمان کی حفاظت ہوجائے گی.
مولانا غلام مرسلین اشرفی نے بارگاہ رسالت مآب میں صلاۃ و سلام پیش کیا اور مولانا شمشاد اجمل برکاتی صاحب کی دعا سے محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
اس موقع پر مولانا ساغر جمیل مرکزی، مولانا عارف نعمانی مصباحی ،مولانا افضل فیضی ،مولانا احمد حسن امجدی سعدی، مولانا انیس مجتبٰی مصباحی، مولانا ساجد امجدی، مولانا نواز مصباحی، مولانا عمیر اشرفی، مولانا مبشر مرکزی، ڈاکٹر محشر اور کافی تعداد میں عاشقان غوث پاک میں موجود تھے۔