مسجد و مدرسہ اہلسنت نوری عارج خلیل میں پندرہ سو سالہ جشنِ عیدِ میلاد النبیﷺ کی تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری۔
مالیگاؤں: (7/اکتوبر) / ضرورت مندوں کو کھانا کھلانے کے بے شمار فضائل قرآن کریم و احادیث مبارکہ میں بیان کئے گئے ہیں، جو مسلمان کسی بھوکے مسلمان کو کھانا کھلائے، اللّٰہ تعالیٰ اُسے جنت کے پھل کھلائے گا نیز یوں بھی فرمایا گیا کہ ’’مغفرت لازم کر دینے والی چیزوں میں سے بھوکے مسلمان کو کھانا کھلانا ہے۔” یہی وجہ ہے کہ حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پندرہ سو سالہ جشنِ ولادت کی خوشی میں منعقد کی جانے والی مختلف تقریبات میں سے ایک ہر پیر کو” لنگرِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم” کی تقسیم کرنا بھی شامل ہے۔ الحمدللہ! بانیِ رضا اکیڈمی اور بانیِ آل انڈیا میلاد کونسل ممبئی، الحاج محمد سعید نوری صاحب قبلہ کے اعلان پر مسجد و مدرسہ اہلسنت نوری عارج خلیل کی انتظامیہ و ٹرسٹیان کے ذریعہ شروع کئے گئے اس "لنگرِ رسول” کا آج بروز پیر ٧/اکتوبر ٢٠٢٤ کو تیسرا ہفتہ رہا۔ گذشتہ پیر ٣٠/ستمبر کو مسجد نوری عارج خلیل کے احاطے سے مذکورہ لنگرِ رسول کی تقسیم مسجد کے خطیب و امام حافظ شریف احمد رضوی کی دعا سے شروع ہوئی، اس موقع پر حافظ صاحب نے ہندوستان سمیت عالمِ اسلام کی سرخروئی اور خوشحالی کی دعا فرمائی جبکہ سلیم بھائی دابھاڑی والے اور دیگر ذمہ داران کے ہاتھوں لنگر رسول کی تقسیم عمل میں آئی۔ اسی طرح اس ہفتہ پیر یعنی ٧/اکتوبر کو تیسرے ہفتہ کے لنگر رسول کی تقسیم فاروق بھائی قریشی اور رئیس شیخ کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر مسجد ھذا کے اراکین و انتظامیہ میں رضوی سلیم شہزاد، ساجد میمن، نواز قریشی، سلمان قریشی، کلیم قریشی، اسحاق بابا اور اصغر بھائی وغیرہ موجود رہے۔
اس پیر کو بھی خطیب و امام حافظ شریف احمد رضوی نے ہندوستان، فلسطین، لبنان اور یمن کے مسلمانوں کی جان و مال عزت و آبرو کی حفاظت اور امن عالم کے لئے خصوصی دعا فرمائی اور لنگر کی تقسیم شروع ہوئی، اس لنگرِ رسول سے ڈھیر سارے ضرورت مندوں نے استفادہ کیا اور لنگر لے کر خوشی خوشی اپنے گھروں کی جانب روانہ ہوئے۔ اس علاقے سے گزرنے والی ماں بہنوں کے علاوہ اسکولی طلبہ و طالبات اور نوجوانوں و بزرگوں نے مذکورہ لنگر حاصل کرکے خوشی و مسرت کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب اس لنگرِ رسول کی تقسیم سے بہت سارے افراد جُڑتے جارہے ہیں جن کی خواہش ہے کہ بھوکوں کو کھانا کھلانے کے اس کارِ خیر میں اُن کی بھی عملی شرکت ہو تاکہ وہ بھی اللہ و رسول کی رضا و خوشنودی حاصل کرکے ڈھیروں ثواب کما سکیں۔ اس طرح کی تحریری اطلاع برائے اشاعت مسجد و مدرسہ اہلسنت نوری عارج خلیل کے ساجد میمن نے فراہم کی۔