سلیم سارنگ کی قیادت میں اسکول مینجمنٹ فیڈریشن کے وفد کی اسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر سے ملاقات، وزیر موصوف کی مثبت یقین دہانی
ممبئی : ( نامہ نگار)
راشٹر وادی کانگریس پارٹی مہاراشٹر کےنائب صدر سلیم سارنگ کی قیادت میں اسکول مینجمنٹ فیڈریشن کے وفد نے اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دیپک کیسرکر سے ملاقات کی اور کچی آبادیوں میں اسکولوں کو تسلیم کرنے کے معیار پر نظر ثانی اور نرمی کامطالبہ کیا ہے۔ وفد نے وزیر تعلیم کو بتایا کہ ممبئی ومضافات کے کچی آبادی والے علاقوں میں موجوداسکولوں کیلئے 5 ہزار مربع فٹ زمین، 30 سال کا لیز کا معاہدہ ، 12/7 سروے رپورٹ اور 20 لاکھ روپے کے فکسڈ ڈپازٹ کی شرائط پورا کرنادشوار گزار ہے، لہٰذا ان شرائط میں نرمی لائی جانی چاہیے۔وفد نے بتایا کہ منظوری کی موجودہ سخت شرائط علاقہ کے 674 اسکولوں اور ان میں زیر تعلیم ایک لاکھ سے زائد طلباء کو متاثرکرسکتی ہیں۔
اس میٹنگ میں سلیم سارنگ نے وزیر موصوف کو بتایا کہ کچی آبادیوں میں زیر تعلیم بچے معاشی طور پر محروم ہوتے ہیں۔دیگر علاقوں کی طرح ان علاقوں میں طلباء سے فیس وصول کرتے ہوئے اسکول کی منظوری کے طے شدہ معیار تک پہنچنا اور اخراجات کو برقرار رکھنا ممکن نہیں ہے۔ فیس میں اضافے کی صورت میں خدشہ ہے کہ طلباء اسکول چھوڑ نے پر مجبور ہوں گے جس سے ڈراپ آؤٹ کی شرح میں اضافہ ہوگا۔سلیم سارنگ نے گنجان آبادی والے علاقوں میں کم جگہ پر قطعہ اراضی چلانے کو منظوری دینے کی وکالت کی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے لیز کی مختصر مدت اور تجدید کے اختیارات پر غور کرنے پر بھی زور دیا ہے۔نیز سروے رپورٹ کی ضرورت کے مطابق فکسڈ ڈپازٹ کی شرط کو کم کرکے منظوری کے عمل کو آسان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور پسماندہ بچوں کی تعلیم کے تناظر میں اسکولوں کو تسلیم کرنے کے معیار میں 50 فیصد تک نرمی لائی جانی چاہیے۔سلیم سارنگ نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ ہم نے اس سلسلے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے ملاقات کی تھی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر وزیر تعلیم کے ساتھ اس میٹنگ کا اہتمام کیا اور یقین دلایا کہ بچوں کی تعلیم کسی بھی حالت میں بند نہیں ہوگی۔
وفد کے مطالبات کو سننے کے بعداسکولی تعلیم کے وزیر دیپک کیسرکر نے جلد فیصلہ لینے کی مثبت یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت معاشی طور پر محروم بچوں کی تعلیم کے حوالے سے مثبت فیصلے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس موقع پر اسکول مینجمنٹ فیڈریشن کے صدر پرکاش چرہاٹے، جنرل سیکرٹری شبانہ خان، ٹرتھ وی کے انگلش اسکول کی شبانہ خان، سٹیزن انگلش اسکول کے ٹرسٹی سعید خان، ایجوکیئر انگلش اسکول کے رضوان انصاری، آکسفورڈ انٹرنیشنل اسکول کے رئیس خان، الفا انگلش سکول کی قمرالنساء شیخ ، ایمانوئل اسکول کی ربیکا ڈیسوزا، جوہر آئیڈیل اسکول کے مختارشیخ، مریم انگلش اسکول کی شبانہ انصاری، اسٹار انجمن انگلش اسکول کے محمد رضوان، گولڈ فیلڈ انگلش اسکول کے محمد اشتیاق اور پریرنا انگلش اسکول کے ٹرسٹی دیویندر ہانڈے سمیت دیگر اسکولوں کے ذمہ داران موجود تھے۔