نیویارک: 24 ستمبر(ایجنسی)
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ فریقین معاہدے کو حتمی شکل دیں۔
نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ غزہ اور اسرائیل میں معصوم شہری جہنم جیسی صورتِ حال کا سامنا کر رہے ہیں۔
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے بطور صدر افغان جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ روس نے یوکرین پر چڑھائی کی تو ہم خاموش رہ سکتے تھے۔ لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ چین کے ساتھ معاشی مقابلے میں ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ سب کو مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہو گا اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کو دنیا میں قیامِ امن کے اپنے مقصد کی جانب لوٹنا ہوگا۔