بارہ بنکی: 23 ستمبر (ابوشحمہ انصاری)
بزمِ عزیز کی سالانہ طرحی نعتیہ نشست شہر کے محلہ نبی گنج (اکبر نگر) میں واقع بزم کے صدر الحاج نصیر انصاری کے مکان پر منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت سید حبیب وارثی (ببلو میاں) نے کی۔ مہمانانِ خصوصی کے طور پر استاذ شاعر ہاشم علی ہاشم،ایس ایم حیدر اور طارق جیلانی موجود رہے۔ اس بار نعت پاک کے "چلو دیکھ آئیں گلزارِ مدینہ” اور "اے کاش مرا سر ہو درِ پاکِ نبی ہو” دو مصرعے دیے گئے تھے۔ ھزیل لعل پوری کی نظامت میں پڑھے اور پسند کیے گئے اشعار نظر قارئین ہیں۔۔۔
قسم رب کی وہ ہے خوش بخت جن کا
بنے مدفن چمن زارِ مدینہ
ہاشم علی ہاشم
وہیں سے با ادب ہو جائیے گا
نظر جب آئے آثارِ مدینہ
الحاج نصیر انصاری
ذرا اے گرمئی محشر ٹھہر جا
ابھی آتے ہیں سرکارِ مدینہ
ضمیر فیضی
یہ سورج چاند تارے کیا کروں میں
نگاہوں میں ہے انوارِ مدینہ
صغير نوری
مسیحا میں ہوں بیمارِ مدینہ
دوا میری ہے دیدارِ مدینہ
مختار فاروقی
اُن آنکھوں کا چلو دیدار کر لیں
جو کر آئی ہیں دیدارِ مدینہ
ھزیل لعل پوری
جتنا بھی کرے ناز مقدر پے وہ کم ہے
سرکار کے روضہ کی جسے خاک ملی ہو
اسلم سیدنپوری
سنی جائے جہاں فریاد سب کی
اُسے کہتے ہیں دربارِ مدینہ
ڈاکٹر ریحان علوی
دکھا دے رب تو دربارِ مدینہ
کہ ہوں میں بھی طلبگارِ مدینہ
ماسٹر عرفان انصاری
مہاجر ہوں کہ انصارِ مدینہ
ہیں سب کے سب وفادارِ مدینہ
کلیم طارق
سماعت با وضو اُٹھے گا اپنی
پڑھے جب کوئی اشعارِ مدینہ
اثر سیدنپوری
دوا بھی کارگر ہو جائے کیسے
یہ خادم جب ہے بیمارِ مدینہ
سلیم ہمدم رودولوی
جبیں ٹکراوں قسمت جگمگاوں
اگر مل جائے دیوارِ مدینہ
طفیل زید پوری
وہ شخص بھلا کیوں نا مقدر کا دھنی ہو
اللہ کے محبوب سے لو جس کی لگی ہو
مسٹر امیٹھوی
ہمیشہ وہ جہنّم میں جلےگا
جو ہے گستاخ سرکارِ مدینہ
شمس زکریاوی
نہیں ہے دور دربارِ مدینہ
کرم جو کر دیں سرکارِ مدینہ
عارف شہاب پوری
فدا تھے جان و دِل سے مصطفیٰ پر
مہاجر اور انصارِ مدینہ
سرور کنتوری
میں نعت پڑھوں روضہ سرکار پے جاکر
یا رب مری قسمت میں کوئی ایسی گھڑی ہو
طالب اعلیٰ پوری
یہ حسرت ہے مری آنکھوں کو یا رب
کبھی ہو جائے دیدارِ مدینہ
نظر مسولوی
ان کے علاوہ افسر بارہ بنکوی، بشر مسولوی، رجب مسولوی ،اور تنویر مسولوی نے بھی اپنے-اپنے نعتیہ کلام پیش کیے۔
نشست کہ اختتام پر بزم کے جنرل سیکریٹری ھزیل لعل پوری نے تمام شعراء اور شرکاء کا شُکریہ ادا کیا۔
بزم کے صدر الحاج نصیر انصاری نے آیندہ ماہ ہونے والی نشست کے لیے مصرع طرح (ہمیں ہے تلاش یارو کسی میر کارواں کی) کارواں قافیہ اور کی ردیف کا اعلان کیا۔
اس کے ساتھ ہی بيس اکتوبر کو دیوا شریف میں آستانے پر ہونے والے مشاعرے کے لیے مصرع طرح ( اُس سنگ آستاں پہ جبینِ نیاز ہے) قافیہ نیاز اور ردیف ہے کا بھی اعلان کیا۔