والدین اپنی اولاد کو تعلیم سے آراستہ کریں: علامہ ڈاکٹر شمشاد احمد ازہری
13 ستمبر، گریڈیہہ (ضیاء الرحمن امجدی) مولانا شمس الدین علیہ الرحمہ ٹرسٹ و شمس آئینہ کلب مقاموں کی جانب سے مولانا نسیم راہی کی صدارت، حافظ عابد حسین کی قیادت، مولانا زین العابدین نعمانی کی نگرانی میں بارہ روزہ جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کیا جا رہا ہے جس میں تلاوت قرآن پاک کے لیے حافظ وقاری شہزاد عالم ،نعت رسول پاک کے لیے مولانا نسیم راہی، حافظ عابد حسین، مولانا اسلم منظر، مولانا دلکش، ساجد رضا آرزو، اکرم رضا. خطابت کے لیے علامہ ڈاکٹر شمشاد ازہری، مولانا زین العابدین نعمانی، مولانا شہادت حسین، مولانا ظاہر حسین، مولانا نعیم الدین، مولانا اسلم برکاتی، مولانا صلاح الدین ایوبی، مولانا ضیاء الرحمن امجدی ،حافظ یاسر اور دیگر شعراء وخطبا تشریف لارہے ہیں.
محفل پاک کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، نعت پاک مولانا ابرار انجم نے پیش کیے.
خصوصی خطاب کے لیے تشریف لائے علامہ ڈاکٹر شمشاداحمد مصباحی ازہری (پرنسپل جامعۃ المصطفی، ہسلہ) نے علم کی فضیلت و اہمیت کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ہے قوم اور معاشرے کی ترقی کا انحصار تعلیم پر ہی منحصر ہے، والدین کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو مکتب، مدرسہ بلاناغہ وقت پر بھیجنے کی کوشش کریں،جب ہم اپنے بچوں کو بچپن ہی سے اسلامی تعلیم وتربیت کے لیے تیار کریں گے تو بڑے ہو کر شریعت پر عمل کرنا انہیں آسان ہوگا، بچپن میں جب قرآن و سنت کی تعلیم حاصل کریں گے، عقائد صحیح طریقہ سے سیکھیں گے تو ایمان پر مضبوطی سے قائم رہ سکیں گے، مزید انہوں نے کہا کہ اپنے بچوں کو دین کی طرف مائل کرنے کے لئے ماؤں کو چاہئے کہ پہلے وہ خود دیندار بنیں کیونکہ ماں دیندار ہوگی تب ہی وہ اپنے بچوں کو دین کی تعلیم دے سکے گی، ماؤں کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے لئے وقت مختص کریں اور اس دوران دینی کتابیں پڑھیں اور اپنے بچوں کو بھی چھوٹی چھوٹی دینی معلومات سے واقف کروائیں.
اخیر میں نوجوان عالم دین مولانا ظاہر حسین ( خطیب وامام بالک) کی پہلی ترتیب دی ہوئی کتاب ” اہم دینی معلومات” کا علامہ ڈاکٹر شمشاد احمد ازہری صاحب نے رسم اجرا کیا اور فرمایا یہ کتاب بچوں کے لیے بہت ہی مفید اور کارآمد ہے، ہمارے علماء جو کسی مسجد یا مدرسے میں دینی خدمات انجام دے رہے ہیں انہیں بھی چاہیے کہ اپنے خالی اوقات میں کتابوں کا مطالعہ کرکے اسے کتابی شکل دیں تاکہ نئی نسل کو فائدہ پہنچ سکے. جس طرح مولانا ظاہر حسین نے محنت وجانفشانی کے ساتھ اہم دینی معلومات کو ترتیب دیا ہے اسی طرح تمام علماء کو محنت کرنے کی ضرورت ہے.
مولانا ظاہر حسین نے راقم الحروف ضیاء الرحمن امجدی کو بتایا کہ ان شاءاللہ العزیز مزید اس طرح کی کتابیں ترتیب دینے کی کوشش جاری رہے گی، آپ حضرات دعا کرتے رہیں.
اس موقع پرجناب ڈاکٹر انور حسین، جناب سیلم انصاری، جناب خواجہ احتشام، جناب عبدالوہاب، جناب قیصر جمال، جناب عبدالقادر،، جناب مختار، جناب شرافت حسین، جناب جاوید، جناب صدام حسین، محمد رفیق، محمد اسرائیل، گلستان، نیاز ، شمش آئینہ کلب کے نوجوان، اور کافی تعداد میں عاشقان رسول موجود تھے.