نوری مشن کی بزم میں علماے اہلِ سنّت کا خطاب: اشاعتِ نو کا اجرا و تقسیم
مالیگاؤں: 31 اگست
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی کا ایک نکاتی پیغام عشقِ رسولﷺ ہے- ان کی تصنیفات و تعلیمات کا پیغام تعظیم رسولﷺ ہے- حیاتِ سلفِ صالحین سے بھی تعظیم و تکریمِ مصطفیٰﷺ کا درس ملتا ہے- بڑے بڑے اہلِ علم نے اعلیٰ حضرت کے علم و فضل کا اعتراف کیا ہے- اعلیٰ حضرت نے فرائض و سنن کی پابندی اور شریعتِ مطہرہ پر عمل کا درس دیا- اس طرح کا اظہارِ خیال 30؍اگست2024ء جمعہ کی شب مدینہ مسجد میں عرسِ اعلیٰ حضرت کی بزم میں مفتی عبیداللہ خان مصباحی نے کیا۔ آپ نے پیغامِ اعلیٰ حضرت کے ضمن میں سنجیدہ و بصیرت افروز گفتگو کی- نوری مشن و اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کے زیر اہتمام منعقدہ اس بزم میں مفتی محمد نورالحسن مصباحی نے اپنے مدلل خطاب میں فرمایا کہ: امام احمد رضا کے علم و فضل کا شہرہ تعظیم رسولﷺ کی بنیاد پر ہے- اعلیٰ حضرت نے استدلال کے ساتھ ناموسِ رسالتﷺ کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا- توہینِ رسالت کے جو معاملات درپیش ہیں ان سے نمٹنے کے لیے تعلیمات امام احمد رضا پر عمل کی ضرورت ہے- اعلیٰ حضرت کی کتابیں مطالعہ کریں- اعلیٰ حضرت کو 565؍ علوم و فنون پر مہارت حاصل تھی- اعلیٰ حضرت کی شانِ ولایت و تفرد کہ حضرت سید شاہ آل رسول احمدی مارہروی رحمۃ اللہ علیہ نے اعلیٰ حضرت کو بیعت فرماتے ہی خلافت عطا کر دی جب کہ خانقاہِ برکاتیہ میں مجاہدہ و ریاضت کی منزلیں طے کروانے کے بعد ہی خلافت دی جاتی تھی- اِس بزم میں نوری مشن کی 149؍ویں اشاعت ’’قرآن، سائنس اور امام احمد رضا‘‘ (مصنف: پروفیسر ڈاکٹر مجیداللہ قادری) کا اجرا مذکورہ دونوں علما کے ہاتھوں عمل میں آیا- غلام مصطفیٰ رضوی نے تمہیدی گفتگو میں کہا کہ اس کتاب کو کئی تعلیمی اداروں میں شاملِ نصاب کیا گیا ہے- اعلیٰ حضرت کی علمی، تحقیقی و تصنیفی خدمات پر 40؍سے زیادہ پی ایچ ڈی اور درجنوں ایم فل باعثِ افتخار ہیں- حافظ خالد رضا کی تلاوت سے بزم کا آغاز ہوا- نعت خوانی جناب ہاشم رضا نے کی- اخیر میں سلام، شجرہ و قل شریف کا اہتمام ہوا- اختتام پراشاعتِ نو کی تقسیم عمل میں آئی- اس بزم میں حافظ محمد اطہر، حافظ عبدالرؤف، پروفیسر حامد رضا، عبدالمجید سیٹھ، حسن مقادم، حاجی محمد اصغر (پاپا ہوٹل)، ڈاکٹر جاوید چشتی، وسیم رضوی، عتیق رضوی، امتیاز خان سمیت کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول شریک تھے- بزم سجانے میں فرید رضوی، آصف رضوی، سعد رضوی، نعیم رضوی، شہزاد برکاتی، یاسین رضوی، شاداب رضوی نے حصہ لیا-