مہاراشٹرا

مرحوم حاجی صدیق کیلکو نے ایماندارانہ تجارت کے ساتھ دین کی خدمت کو اپنا شیوہ بنایا، اُن کا انتقال اہلِ خانہ کے لیے عظیم صدمہ

مالیگاؤں: ہمیں یہ خبر سن کر انتہائی دکھ اور صدمہ ہوا کہ سکریٹری رضا اکیڈمی ممبئی محترم الحاج عارف رضوی (کیلکو) کے بڑے بھائی، عاشقِ اعلیٰحضرت، حاجی صدیق بھائی (کیلکو) اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔ ان کا انتقال ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جس نے ہم سب کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

حاجی صدیق بھائی کیلکو ممبئی ایک باکردار، نیک دل اور مخلص انسان تھے، جنہوں نے اپنی زندگی دین و دنیا کی خدمت میں گزاری۔ عمر کی آخری سانس تک مسلکِ اعلیٰحضرت کی پاسداری کرتے رہے، حضور تاج الشریعہ کے سچے جاں نثار تھے، ان کی عاجزی، تقویٰ، اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کا وجود ایک نعمت تھا جو اب ہمارے درمیان نہیں رہا، لیکن ان کی یادیں اور ان کے اعمالِ صالحہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ اللہ کریم اپنے حبیبِ کریم علیہ السلام کے صدقے اُن کے صاحبزادے، بلبلِ باغِ رسالت، محمد صادق رضوی اور دیگر اہلِ خانہ کو اس صدمہء عظیم پر صبر و رضا کی توفیق بخشے۔ گھر کے سربراہ کا اس دنیا سے اُٹھ جانا پورے اہلِ خانہ اور اقرباء کے لیے صدمے اور آزمائش کا وقت ہوتا ہے، اللہ کریم اُنہیں راضی بہ رضا رہنے کی توفیق بخشے۔

ہم اراکینِ رضا اکیڈمی مالیگاؤں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے اپنے پیارے حبیب مصطفیٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے صدقہ و طفیل مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، اور ان کے تمام گناہوں کو معاف فرما کر ان کے درجات بلند کرے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

"انا للہ و انا الیہ راجعون”

دکھ کی اس گھڑی میں ہم عارف بھائی رضوی (کیلکو) اور اُن کے اہلِ خانہ کو تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں، صبر و رضا کی تلقین کرتے ہیں اور اُن کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صبر اور استقامت عطا فرمائے اور ہمیں نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ مرحوم صدیقی بھائی کیلکو والے کے اہلِ خانہ کو اُن کے نقشِ قدم پر چلنے، نمازوں کی پابندی کرنے اور اُن کے لئے ہمیشہ ایصالِ ثواب کرتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

آمین۔ بجاہ النبی الامین الکریم صلی اللہ علیہ وسلم 

والسلام۔———————————————-

رضوی سلیم شہزاد،

سکریٹری رضا اکیڈمی مالیگاؤں۔

تاریخ: 27 اگست 2024ء بروز منگل بمطابق 21 صفر المظفر 1446ھ

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے