- عید میلادُالنبی ﷺ پر نوری مشن و اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کی طرف سے 250 راشن کٹ کی تقسیم
مالیگاؤں: اعانتِ مستحقین کا فریضہ انجام دے کر روحانی کیف و سرور ملتا ہے- دربارِ رسالت ﷺ سے غریب پروری کا مبارک درس عطا ہوا- پیارے آقا ﷺ کی آمد آمد یعنی میلادِ پاک کی روح پرور ساعتوں میں نوری مشن کی طرف سے 250 راشن کٹ کی تقسیم عمل میں آئی- اس ضمن میں غلام مصطفیٰ رضوی کی نگرانی میں اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر سے کٹ کی تقسیم کی گئی- فرید رضوی نے کہا کہ ہر کٹ میں تیل، شکر، آٹا، چاول، تور دال، مسور دال، بیسن، مصالحہ، چائے، نمک، چنا، ہلدی پاوڈر، دھنیا پاؤڈر، مرچ پاؤڈر وغیرہ شامل ہیں- معین رضوی نے کہا کہ عزتِ نفس ملحوظ رکھتے ہوئے کٹ کی تقسیم عمل میں آئی جب کہ ہر کٹ کے ساتھ اعلیٰ حضرت کی ایک کتاب بھی تحفتاً پیش کی گئی- واضح رہے کہ نوری مشن سے لازمی طور پر سیرتِ طیبہ سے منسلک عنوان پر کتابیں شائع کی جاتی ہیں- نعیم رضوی کے مطابق ہر سال پابندی کے ساتھ باقاعدہ رسید جاری کر کے یہ عمل انجام دیا جاتا ہے- جس کا ریکارڈ رکھا جاتا ہے- امسال راشن کٹ کی تقسیم بارہویں شریف کی شب نیز صبح عمل میں آئی- کٹ کی تیاری کے لیے نوری مشن کے یاسین رضا، شہزاد برکاتی، آصف رضوی، شعیب رضوی، سعد رضوی، شاداب رضوی، امین علی رضوی سمیت دیگر اراکین نے مخلصانہ حصہ لیا- کٹ کی تقسیم بیواؤں، معذوروں نیز مستحق افراد میں کی گئی- ایسی رپورٹ نوری مشن و اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر مالیگاؤں کی طرف سے ارسال کی گئی-