المصباح اسلامی کوئز مقابلے میں رضوی گروپ نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنا اور سماج و معاشرے کا نام روشن کیا
گڈا/ جھارکھنڈ:- کل ساتواں المصباح اسلامک کوئز کا انعقاد تنظیم حافظ ملت اسلامیہ کے زیر اہتمام اسکول اور کالج کے طلبا و طالبات کے درمیان مدرسہ مدینۃ العلم رہا، گڈا [جھارکھنڈ] میں منعقد کیا گیا۔ کوئز میں رضوی گروپ نے پہلی پوزیشن، چشتی گروپ نے دوسری پوزیشن اور رحمانی گروپ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ آپ کو بتا دیں کہ کوئز میں 165 طلباء میں سے 21 شرکاء کا انتخاب پہلے تحریری امتحان کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ جس میں اکیس طلبہ میں سے تین لڑکے اور اٹھارہ لڑکیوں کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔تحریری امتحان میں لڑکیوں نے سبقت حاصل کی۔ رضوی گروپ کی جانب سے عطاء الرحمن (بھٹہ) عبدالوکیل اور محمد شاہ جہاں (راہا) کو پہلا انعام، ڈاکٹر جنید عالم (سن رائز ہسپتال گڈا اور سلیمان جہانگیر آزاد صاحب کے توسط 4500 روپے کا انعام دیا گیا۔ دوسرے نمبر پر چشتی گروپ کے شرکاء شائستہ پروین، تسکین فاطمہ اور گلشن آرا تمام (بھٹہ) اور تیسرے نمبر پر آنے والا رحمانی گروپ میں راحتنیش، حلیمہ خاتون اور صابرین کو بالترتیب 3500 اور 2500 کا گراں قدر انعام دیا گیا۔ ان کے علاوہ تمام شرکاء کو تشجعیی انعامات سے بھی نوازا گیا۔ محمد سلیمان جہانگیر آزاد کو کوئز مقابلے کے پروگرام کے بہترین انتظام پر خانقاہ رحمانیہ کیری شریف کے سجادہ نشین مفتی سید شاہد رضا رحمانی کے ہاتھوں شال اور یادگاری تحفے سے نوازا گیا۔ڈاکٹر جنید عالم، سن رائز ہسپتال گڈا اور اسماعیل ٹرسٹ کے محمد گلزار عاطف اور توصیف عالم کو مولانا رفیق عالم خاکی بھاگلپوری اور مولانا وقار احمد مصباحی نے تنظیم کی طرف سے شال پیش کر کے حوصلہ افزائی کی۔ عبدالمنان ہاشمی، ڈائرکٹر، اسٹار پیتھالوجی مہاگما کو مفتی وزیر احمد مصباحی، ریسرچ اسکالر، جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی نے مبارکباد دی اور انھیں بھی شال سے سرفراز کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت قاری شفاعت رضا نوری شہباز مصباحی اور شاہد مصباحی گڈاوی نے کی۔ کوئز مقابلے اور جلسہ سیرت النبی کے مہمان خصوصی اسلامک اسکالر، خانقاہ رحمانیہ کیری شریف کے سجادہ نشین مفتی سید شاہد رضا مصباحی نے مشترکہ طور پر مدرسہ اور سکول کے طلباء کے درمیان اس طرح کے تعلیمی پروگرام کو اس پسماندہ علاقے کے لیے ایک تاریخی پروگرام قرار دیا۔ انھوں نے لوگوں کو ہر حال میں اپنے بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے پر زور دیا اور آخر میں صلاۃ و سلام اور رقت آمیز دعا پر بحسن و خوبی پروگرام کا اختتام ہو گیا۔