بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری) سرولی غوثپور بلاک کے اردو مترجم ہیڈ اسسٹنٹ الحاج ماسٹر انتظار احمد کے رٹائرمنٹ کے موقع پر ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت بلاک بی۔ ڈی۔ او۔ مینکا پاٹھک نے فرمائی۔ جس میں بلاک پرمکھ سمیت وہاں کے تمام اسٹاف نے ان کو بہت افسردہ دل سے وداعیہ دیا۔ مہمان خصوصی بلاک پرمکھ رینو ورما اور مہمان اعزازی پورے ڈلئی بلاک بی۔ ڈی۔ او۔ گیانیندر سنگھ ، بنکی بی۔ ڈی۔ او۔ جتیندر کمار ، فتحپور بی۔ ڈی۔ او۔ سنتوش کمار اپنا قیمتی وقت نکال کر پروگرام میں شامل ہوئے۔ ماسٹرانتظار احمد کے رٹائرمنٹ پر بی۔ ڈی۔ او۔ گیانیندر سنگھ نے کہا کہ نوکری کرنے کے عمل میں عوام کی خدمت کا دل میں جذبہ ہونا بہت بڑی بات ہے۔ یہ وصف بابو انتظاراحمد میں تھا۔ ان کے کام کرنے کے طریقے اور خوش مزاجی کو بہت دنوں تک یاد رکھا جائے گا۔ بلاک پرمکھ رینو ورما نے کہا کہ اردو بابو انتظار احمد ہمیشہ وقت پر بلاک پہونچتے تھے۔ اپنی ذمہ داری کو بحسن و خوبی نبھاتے تھے۔ وقت سے پہلے آفس پہونچنا اور وقت گزر جانے کے بعد آفس سے گھر واپس جانا ان کے مزاج میں شامل تھا۔
واضح رہے ماسٹر انتظاراحمد انوپ گنج پوسٹ سعادت گنج کے رہنے والے ہیں۔ ان کی ابتدائی زندگی بہت کشمکش میں گزری۔ شروع میں مدرسہ مدینۃ العلوم رسولی ، مدرسہ فیض العلوم رامنگر ، مدرسہ فیضان العلوم انوپ گنج میں پرائیویٹ تعلیمی خدمات انجام دیں۔ اس کے بعد یکم اپریل 1995 میں ان کی تقرری مسولی بلاک میں اردو بابو کے عہدے پر ہوگئی۔ نوکری ملنے کے کچھ ہی مہینے بعد وہ مسولی بلاک اپنی پوری فیملی کے ساتھ شفٹ ہوگئے۔ جب بلاک میں کام شروع کیا تو ان کے کام کرنے کے طریقے سے وہاں کا اسٹاف بہت زیادہ متاثر ہوا۔ ایمانداری سے کام کرنا ان کے اصولوں میں شروع سے شامل رہا۔ کبھی انہوں نے کسی سے بھی رشوت نہیں لی۔ وہ نہایت متقی اور پرہیزگار شخصیت کے مالک ہیں۔ یاد رہے ایمانداری ایک ایسی چیز ہے جو ملک میں ہو رہی بربادی کو روکنے اور سیاسی مسئلوں کو ٹھیک کرنے کے لئے بہت ہی اہم اور ضروری ہے۔ وہ جہاں جہاں بھی رہے ان کی ایمانداری اور بہترین کارکردگی کے قصیدے وہاں کے اسٹاف کی جانب سے ضرور پڑھے گئے۔ وہ بہت قابل اور لائق شخص ہیں۔ وہ بارش ، آندھی ، طوفان ، گرمی ، سردی کیسا بھی موسم ہو آفس ضرور پہونچتے تھے۔ ان کا رٹائرمنٹ 1 اگست 2023 کو ہوا۔
پروگرام میں اکھلیش ورما ، غلام یزدانی ، اے۔ ڈی۔ او۔ کوآپریٹو آشیش ورما ، اے۔ ڈی۔ او۔ سماج کلیان ابھیشیک کمار ، سچیو کلدیپ سریواستو ، دھرمیندر ورما ان کے علاوہ درجنوں لوگوں کی موجودگی قابل ذکر ہے۔