مورخہ 28 محرم الحرام مطابق 16 اگست 2023 بروز بدھ بعد نماز عشاء دارالعلوم مخدوم سمنانی شیل پھاٹا میں عرس محبوب یزدانی غوث العالم مخدوم سید اشرف جہانگیر سمنانی کا عرس مقدس منایا جس کی افتتاح حافظ وقاری ابوالکلام ازہری استاد ادارہ ہذا نے تلاوت کلام اللہ سے فرمائی بعدہ ادارے کے طلبہ نے نعت ومنقبت کا گلدستہ اپنے مترنم آواز میں پیش کیا حضرت مولانا نسیم رضا فیضی نے فضائل اولیاء پر جامع خطاب فرماتے ہوئے سامعین سے فرمایا کہ اولیاءاللہ نے ہمیں دین واسلام کا جو پیغام دیا جو راستہ بتایا ہے اس پر عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے، مخدوم سید اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمۃ والرضوان نے ہم تک اسلام کی صحیح روشنی پہنچانے اور ہمیں صحیح راستہ دکھانے کیلئے بادشاہی کو ترک کرکے راستے کے مصائب کو برداشت کرتے ہوئے بھارت میں تشریف لائے اور لاکھوں گم گشتگان راہ کو اپنے پند ونصائح سے راہ ہدایت عطا فرماکر ان کا رشتہ خدا سے بھی جوڑا اور خودی سے جوڑا، حضرت مفتی توکیل احمد شمشی شیخ الحدیث دارالعلوم اشرفیہ غریب نواز نے اپنے بیان میں فرمایا کہ اولیائے کرام کی زندگی ہمارے لیے نمونہ عمل ہے ان کی خواہش ہوتی تھی کہ علم دین اوراسلام گھر گھر میں عام ہو ہرشخص علم دین کی روشنی سے سیراب ہو الحمدللہ دارالعلوم مخدوم سمنانی شیل پھاٹا شہید راہ مدینہ حضور سید مثنی میاں علیہ الرحمہ کی خواب کی تعبیر ہے، مولانا جمال احمد صدیقی اشرفی قادری بانی ادارہ نے فرمایا حضور مخدوم سید اشرف جہانگیر سمنانی علیہ الرحمہ کی شخصیت وہ ہے جنھوں نے تبلیغ دین متین کیلئے ایران کی حکومت کو ترک کردیا ۔ فروغ دین اسلام کیلئے ہرات ۔ افغانستان، اوچ، ملتان، اور بہت سارے ملکوں کا دورہ فرماتے ہوئے بھارت میں تشریف لائے، جب کہ آپ بہترین عالم دین، مفتی، شیخ الحدیث، مفسر محدث، مفکر، محرر ، ادیب اور بہت ساری خوبیوں کے مالک تھے، مخدوم سید اشرف جہانگیر سمنانی کی پیدائش بھی ایک کرامت ہے کہ آپ کی ولادت سے تین ماہ قبل شہر سمنان کے ایک مجذوب کامل بزرگ نے سمنان کی گلیوں میں بآواز بلند اعلان کیا کہ خبردار، ہوشیار، قطب زمن، غوث العالم تشریف لا رہے ہیں ۔ مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی خاندانی اعتبار سے بھی بہت اونچا مقام رکھتے ہیں آپ حسنی حسینی سادات ہیں، آپ کے ملفوظات وفرمودات جملہ مسلمانوں کیلئے راہ ہدایت ہے آپ کشف وکرامات کے جامع تھے، آپ کا نام پاک آسیب واجنا کیلئے قیامت ہے آپ کے نیر کا پانی بیماروں کیلئے شفا ہے، جس سے آج بھی لاکھوں انسان بلاتفریق مذہب ومسلک فیضیاب ہورہے ہیں ۔
حضرت حافظ بلال احمد اشرفی ممبئی حافظ عیمر اشرفی مداح رسول زبیر فیضی نے بھی اپنے انداز میں بارگاہ مخدوم اشرف میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ محمد رضوان. شفیع اللہ راجو، کمال احمد، فاروق شاہ، ذاکر علی، پپو بھائی وغیرہ جملہ اراکین ادارہ نے ہاروپھول پیش کرکے آئے ہوئے علماء کرام کا استقبال کیا پھر قل شریف پر عرس مقدس کا اختتام ہوا، جناب معین الدین سیٹھ نے لنگر مخدوم اشرف پیش کرکے سامعین کی حوصلہ افزائی کی،