کل بعد نماز ظہر خانقاہ اسحاقیہ بلسڑھ شریف، نوگڈھ سدھارتھ نگر میں عارف باللہ حضرت الشاہ سید اسحاق علی تیغی رحمة اللہ علیہ کے 35 ویں عرس سے متعلق ایک اہم نشست کا انعقاد صاحب سجادہ حضرت علامہ و مولانا سید سہیل صاحب قبلہ مدظلہ العالی کی سرپرستی میں ہوا۔ خیال رہے کہ حضرت کا عرس امسال 17، 18 جمادی الاولیٰ 1444 ہجری مطابق 12، 13 دسمبر 2022 بروز دوشنبہ و منگل منعقد ہوگا۔
میٹنگ میں نبیرہ اسحاق ملت حضرت سید مشتاق علی صاحب قبلہ مدظلہ العالی، خلیفہ اسحاق ملت حضرت علامہ قاری محمد شبیر صاحب(ارجی) مشہور خطیب و ادیب حضرت علامہ صاحب علی چترویدی، شاعر اہل سنت حضرت قاری ضیاءالمصطفی ضیاؔ فیضی اور حضرت مولانا جمال احمد فیضی نے خصوصی شرکت کی۔ نشست میں عرس کے انتظام و انصرام سے متلعق کئی امور پر مشورے ہوئے اور انھیں فوری طور پر قلم بند بھی کیا گیا۔ ساتھ ہی علماے کرام نے یہ بات بھی رکھی کہ صاحب عرس اللہ کے ایک برگزیدہ ولی اور مسلک اعلیٰ حضرت کے سچے علمبردار تھے، ہمیشہ اپنے مریدین کو مسلک اعلیٰ حضرت پر کاربند رہنے کی تلقین کرتے باوجودیکہ ابھی تک بہت سارے افراد ان سے ناواقف ہیں جبکہ حضرت کے وصال کو 35 سال کا عرصہ گزر چکا ہے، لہذا ان پر کوئی قلمی کام ہونا ضروری ہے۔ جس پر یہ طئے پایا کہ جلد ہی حضرت اسحاق ملت کی حیات و خدمات کو صفحہ قرطاس کے حوالے کردیا جائے تاکہ عوام و خواص حضرت والا کی ذات سے متعارف ہوسکے۔
اس کے ساتھ یہ بھی فیصلہ کیا گیا امسال عرس پاک میں ضلع سدھارتھ نگر و مہراج گنج کے تمام مکاتب و مدارس کے علماے کرام کو خصوصی دعوت دے کر ان کی شرکت یقینی بنائی جائے گی۔