(علی گڑھ ، 26 نومبر/امجدی) مدرسہ اصلاح معاشرہ تعلیم آباد علی گڑھ میں دس بجے دن حضرت سید محمد امان قادری دام ظلہ العالی کی صدارت میں خانقاہ برکاتیہ مارہرہ شریف کے لائق فرزند سید محمد افضل میاں قادری مارہروی کی یاد میں ایصال ثواب کی ایک محفل کا انعقاد کیا گیا،
محفل کی ابتداء محمد یامین رضا کی تلاوت قرآن پاک سے ہوئی اور ان کے بعد معروف ثنا خواں سید فرقان علی قادری نے نعت و منقبت کا نذرانہ عقیدت پیش کیا
مولانا شمشاد اجمل برکاتی صاحب نے کہا کہ سید محمد افضل میاں کا سب سے بڑا خاصّہ یہ تھا کہ جو بھی افضل میاں کے ساتھ ہوتا وہ یہی سمجھتا کہ افضل میاں سب سے زیادہ اسے ہی چاہتے ہیں ۔ وہ ہر ایک سے بے پناہ محبت کیا کرتے تھے ۔ ہر کسی کے دکھ درد کو دور کرنے میں پیش پیش رہا کرتے تھے ۔ بڑھ چڑھ کر مجبوروں کی مالی مدد کیا کرتے تھے ۔
عالیجناب سید مصطفی علی قادری صاحب نے سید محمد افضل میاں کی حیات کا ایک خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے سادات مارہرہ مطہرہ کے دینی گھرانے میں آنکھ کھولی، گھر کے بزرگوں سے دینی تعلیم حاصل کرکے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کیا پھر اردو زبان میں یو پی ایس سی کا امتحان پاس کرکے آئی پی ایس منتخب ہوئے، بھوپال میں ڈی آئی جی کے عہدے پر ملک کی خدمت کرتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہوئے، آپ قوم و ملت کے ہمدرد، غریبوں کے غمخوار، بےسہاروں کے سہارا تھے، عمدہ اخلاق سے مزین بااصول انسان تھے، تعلیم کے تئیں بہت فکر مند تھے، نئی نسل کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دلانے پر زور دیتے اور ہر کسی کو بہتر رہنمائی کرتے، البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کے فاؤنڈر ممبر بھی تھے، ان کے اس دنیا سے جانے کے بعد لوگ آج بھی ان کو یاد کرتے ہیں.
ناظم محفل مولانا ضیاءالرحمن امجدی نے کہا کہ حضور سید محمد افضل میاں قادری برکاتی کے لیے سب سے بہتر خراجِ عقیدت یہی ہوگا کہ ہم ان کے تعلیمی مشن اور اعلیٰ افکار پر عمل کریں اور دوسروں تک پہنچائیں
صلاۃ و سلام کے بعد مولانا شمشاد اجمل برکاتی کی دعا سے محفل کا اختتام ہوا.
اس موقع پر مولانا غلام مرسلین اشرفی، مولانا ساغر جمیل مرکزی موجود تھے
