بارہ بنکی،(ابوشحمہ انصاری) منگل کو دیویٰ میلہ میں ہاکی مقابلے کا افتتاح ہوا۔ہاکی مقابلے کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی دیویندر دھیان چندر اور سابق قومی کھلاڑی آر۔ کے ٹنڈن رہے۔ افتتاحی تقریب کی صدارت اقبال مبشر دیویٰ میلہ ہاکی کھیل کے سکریٹری نے کی۔ منگل کو دیویٰ میلہ میں کھیل کا میدان کھیلوں کے شائقین سے بھرا ہوا تھا۔ ہاکی کھیل مقابلہ دیکھنے کیلۓ شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ لکھنؤ، ہردوئی، گونڈہ، رائے بریلی اور بارہ بنکی کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ افتتاحی میچ مہاتما گاندھی اسپورٹس کلب بارہ بنکی اور منا الیون گونڈہ کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے میچ میں منا الیون نے مہاتما گاندھی اسپورٹس کلب کو شکست دی۔ دوسرا میچ بلرام پور اور ڈی ایچ اے بارہ بنکی کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں بلرام پور نے ڈی ایچ اے بارہ بنکی کو شکست دی۔ تیسرا میچ بابو الیون دیویٰ اور ایس بی سنگھ کلب لکھنؤ کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں بابو الیون دیویٰ نے فتح حاصل کی۔ چوتھا میچ وارثی کلب اور رائے بریلی کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں وارثی کلب نے فتح حاصل کی۔ پانچویں سنسنی خیز مقابلے میں منا الیون گونڈہ نے ہردوئی ٹیم کو زبردست شکست دی۔ جس میں منا الیون گونڈہ نے شاندار فتح درج کی۔بدھ کو ہاکی کا سیمی فائنل میچ دیویٰ میلہ کے گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔اس موقع پر سابق قومی ہاکی کھلاڑی صلاح الدین قدوائی، شہزاد عالم وارثی، مظہر عزیز خان، چندن استھانہ، وجے اوستھی، جے۔ پی گپتا، مجیب احمد، شکیل احمد وغیرہ موجود رہے۔
