مہاراشٹرا

محفل صبح بہاراں و زیارت موئے مبارک کا کیا گیا انعقاد

مالیگاؤں: اظہار محبت رسول صلی الله عليه وسلم مہم کے تحت جیلانی مشن اور ادارہ اصحاب صفہ کے زیر اہتمام شب ولادت مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی مناسبت سے مسجد اہل سنت حجن خیرالنساء، رضا پورہ گولڈن نگر (مالیگاؤں) میں رات بارہ بج کر بارہ منٹ تا نماز فجر محفل صبح بہاراں کا انعقاد ہوا. جس میں کثیر تعداد میں احباب اہل سنت اور شہر عزیز کے ثناء خوانان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے شرکت کی. محفل کا آغاز درود و سلام کے ورد سے ہوا. محفل میں شریک احباب نے اجتماعی طور پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا. بعدہ یکے بعد دیگرے حاضرین نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میں نعت و قصائد کے نذرانے پیش کیے. گاہے گاہے مسجد نعرہ ہائے تکبیر و رسالت سے گونجتی رہی. عاشقان رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے سرکار کی آمد مرحبا مرحبا سے سماں باندھ دیا. محفل میں بالخصوص مداح رسول عبداللہ رضا قادری جیلانی نے عقیدتوں کے نذرانے پیش کرکے محفل کو گل گلزار کر دیا. ساتھ ساتھ افضال احمد رضوی، وسیم احمد رضوی، مدثر رضا جیلانی، عتیق الرحمن رضوی، شہباز احمد رضوی، خلیل جیلانی، محمد عارف رضوی و دیگر حاضرین نے بزرگوں کے کلام پیش کیے. وقت صبح بہاراں پر مولانا جمیل الرحمن جمیل قادری علیہ الرحمہ کا قصیدۂ میلادیہ با قیام پیش کیا گیا. صلاۃ و سلام اذان و فجر کی نماز باجماعت کے بعد مولانا نورالحسن مصباحی صاحب نے موئے مبارک شریف کے فضائل و مناقب بیان کیے، صحابہ کرام کے معمولات اور موئے مبارک سے توسل کے حوالے سے ایمان افروز مختصر بیان فرمایا. بعدہٗ موئے مبارک شریف کی با ادب زیارت کا اہتمام کیا گیا. حاضرینِ مجلس نے ادب و احترام کے ساتھ درود پاک ورد کرتے ہوئے زیارت موئے مبارک کی سعادت حاصل کی. آخر میں نبی آخرالزماں صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی بارگاہ میں صلاۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا. مصباحی صاحب کی رقت آمیز دعا پر محفل کا اختتام ہوا. محفل صبح بہاراں اور زیارتِ موئے مبارک کے اہتمام میں جیلانی مشن، مالیگاؤں اور ادارہ اصحابِ صفہ نے اپنی خدمات پیش کیں. محفل میں ارکان مشن و ادارہ اصحاب صفہ کے احباب اور دارلعلوم سیدنا امیر حمزہ کے طلبہ کے ساتھ ساتھ شہر عزیز سے بڑی تعداد میں عاشقان رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے شرکت کر کے اپنے آقا و مولیٰ کی بارگاہ میں خراج عقیدت و محبت پیش کیا۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے