مہاراشٹرا

محبت اور اطاعت لازم و ملزوم ہیں: مولانا مدثر ازہری

مالیگاؤں: 2 اکتوبر
عشق رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے دعوے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے کردار و عمل سے بھی عشق رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ظاہر کرنا چاہیے. کیوں کہ محبت اور اطاعت لازم و ملزوم ہیں. محبت کے اظھار کا بہترین ذریعہ طاعت و اتباع رسول ﷺ ہے۔ اگر آپ کسی سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں تو یقیناً اس کے کردار و عمل کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ محبوب راضی و خوش ہو. تو جب ہم محبت رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا دعویٰ کر رہے ہیں تو ہمیں چاہیے کہ ہم ہر گام اطاعت رسول کو مقدم رکھیں. اس طرح کا اظہار خیال مولانا مدثر حسین ازہری صاحب نے یکم اکتوبر بروز سنیچر بعد نماز عشاء مدینہ مسجد مالیگاؤں میں جیلانی مشن کے ماہانہ مرکزی اجتماع سے اپنی مخاطبت میں ظاہر کیا. آپ نے صحابہ کرام، اسلاف و اکابر امت کے کردار و عمل سے مثالیں پیش کیں، اور بتایا کہ کس طرح ہمارے اسلاف اطاعت رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میں مصروف و مشغول رہے. آپ نے نوجوانوں کو سیرت مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر عمل آوری کا پیغام دیا. اور بتایا کہ ساری مشکلوں کا حل اطاعت رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میں پنہاں ہے. جس طرح ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر ہر موقع پر امت کی رہبری و رہنمائی اور غم گُساری فرمائی ہمیں بھی چاہیے کہ ایسے رؤف و رحیم آقا سے محبت کا اظہار کریں۔
اظہار محبت رسول مہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجتماع کا آغاز حافظ عبدالرافع نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ بعدہٗ الحاج عتیق الرحمن رضوی نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔ مرکزی خطاب علامہ مدثر حسین ازہری نے کیا۔ حلقہ ذکر صلوٰۃ و سلام اور دعا کے بعد تربیتی حلقہ میں حافظ ندیم احمد رضوی نے وضو کے مکروہات ذہن نشین کرواے۔ اجتماع کے انعقاد میں جملہ اراکین مشن نے اپنی خدمات پیش کیں۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے