- اہل خانہ نے قتل کا امکان ظاہر کیا
رام نگر،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)
پولیس اسٹیشن رام نگر کے تحت گاؤں چھوٹا آنگن پور بھٹے کے قریب ایک خالی کھیت میں ایک 22 سالہ نوجوان کی مشتبہ حالات میں لاش ملی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کے ایس آئی وشنو شرما، سمیت ورما، لال جی سنگھ، آلوک کمار وغیرہ پولیس اہلکار اور متوفی کے لواحقین نے موقع پر پہنچ کر لاش کا پنچنامہ بھرکرلاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر بھیج دیا۔ متوفی کے والد نے پولیس کو درخواست دی اور بتایا کہ ان کے بیٹے وبھانشو سنگھ کے دوست اسی تھانہ علاقے کے گاؤں چھوٹا آنگن پور کے رہنے والے گووند ولد شیو شنکرنے جو ان کے بیٹے وبھانشو سنگھ کی لاش گاٶں میں موجود بھٹے کے پاس موجود ایک گڈھے میں پڑے ہونے کی اطلاع دی ہے۔ جس کے بعد لواحقین جلدی جلدی بتاۓ گۓ جگہ پر پہنچے تو انہوں نے اپنے بیٹے کی لاش مشکوک حالت میں پڑی دیکھی، لاش پر زخم کے نشان نہ ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے انہوں نے بیٹے کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کا مطالبہ کیا۔ تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے۔
مقتول کے چچا راج کشور نے قتل کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وبھانشو جمعہ کی شام 5 بجے اپنے گھر سے نکلے تھے۔ رات 9 بجے فون کرکے بتایا کہ وہ لکھنؤ جارہے ہیں اور کل آئیں گے۔
تاہم موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق لاش کے قریب سے فور ویلر گاڑی کے ٹائر کے نشانات بھی ملے ہیں جس سے لگتا ہے کہ لاش کسی اور جگہ قتل کرنے کے بعد یہاں لائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کچھ لوگوں کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

