مہاراشٹرا

مجدد الف ثانی اور مجدد اعظم کے کارناموں میں قابل غور فکری مماثلت ہے: مولانا نورالحسن مصباحی

مالیگاؤں: 24 ستمبر، ہماری آواز
مسجد اہل سنت خانقاہ برکتیہ نقشبندیہ میں مجدد الف ثانی و مجدد اعظم امام احمد رضا علیہما الرحمہ کی بارگاہ میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک علمی نشست کا انعقاد ہوا. محفل کا آغاز مسجد ھذا کے خطیب و امام حافظ تجمل حسین ضیائی نے تلاوت کلام پاک سے فرمایا. مدثر رضا جیلانی نے بارگاہ رسالت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میں نعت – اور منقبت کا نذرانہ پیش کیا.
مولانا نورالحسن مصباحی رضوی نقشبندی صاحب نے مرکزی گفتگو میں دونوں بزرگان دین کے تجدیدی کارناموں پر اختصار سے روشنی ڈالی. آپ نے مالیگاؤں کی علمی شخصیت حافظ جمیل ابوزہرہ رضوی کی تحقیقات کی روشنی میں دونوں مجددین کے کارناموں، خدمات اور اثرات میں مماثلت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں بزرگوں کے مابین کئی طور سے مماثلت پائی جاتی ہے. کہ دونوں صحابی رسول کی آل سے ہیں. مجدد الف ثانی نے عقیدہ توحید پر شب خون مارنے والوں کے خلاف خوب کام کیا، کیوں کہ آپ کے دور میں عقیدہ توحید پر حملہ کیا جا رہا تھا، جب کہ مجدد اعظم نے عقیدہ رسالت اور تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر خوب کام کیا کہ آپ کے دور میں ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم پر حملے کیے جا رہے تھے. دونوں بزرگوں نے عقیدہ توحید و رسالت کے ساتھ ساتھ، ناموس صحابہ و اہل بیت اور اپنے اپنے دور میں پنپ رہی بدعقیدگی کا شد و مد کے ساتھ رد کیا اور امت مسلمہ کے ایمان و عقیدے کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا. نیز دونوں بزرگوں کے بعد ان کے شہزادوں اور خلفاء کے ذریعے اصلاح افکار و اعمال کا سلسلہ دراز رہا. شہزادگان کی امثال دیتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ حضرت مجدد الف ثانی کے ایک شہزادے نے 9 لاکھ لوگوں کو بیعت توبہ کروائی جب کہ امام اہل سنت کے شہزادے نے شدھی کرن تحریک سے متاثرہ 9 لاکھ افراد کو دوبارہ کلمہ پڑھوا کر داخل اسلام کیا.
مرکزی خطاب کے بعد مختصر محفل ذکر الٰہی کا انعقاد ہوا، حاضرین مجلس کے مابین حالت نزع اور تدفین کے حوالے سے تربیتی حلقہ کا انعقاد ہوا. نظامت کے فرائض عتیق الرحمن رضوی نے انجام دیے.
صلاۃ و سلام اور مصباحی صاحب کی دعا پر مجلس کا اختام ہوا. محفل کے اختتام پر دونوں مجددین کے کارناموں میں مماثلت کے عنوان پر دو ورقہ پمفلٹ (مرتبہ: حافظ جمیل ابو زہرہ رضوی-حال مقیم، برطانیہ) کی تقسیم عمل میں آئی. دعوت نیاز کا اہتمام ہوا. کثیر تعداد میں اہلیان محلہ و عوام اہل سنت نے شرکت کی.
اجتماع کے انعقاد میں، وسیم احمد رضوی، محمد سعید رضا، مدثر رضا جیلانی، شعیب رضا جیلانی، محمد سہیل تابانی، زبیر جیلانی، محمد افضال رضوی، خلیل احمد جیلانی، طالب رضا جیلانی،عبداللہ رضا قادری،شعیب حسین اشرفی، عارف جیلانی، نذیر احمد یادگار، اعجاز احمد، محمد سعید ایگل، محمدحسین،شکیل ماسٹر اور دیگر اراکینِ ادارۂ حضرت خالد بن ولید و جیلانی مشن مالیگاؤں نے اپنی خدمات پیش کیں۔ تحریری رپورٹ شعبہ نشر و اشاعت جیلانی مشن سے موصول ہوئی.

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے