بریلی

پرچم رسالتﷺ گھر گھر تک لہرا کر ناموس رسالت کے لیے بیداری لانے کا عزم: الحاج محمد سعید نوری

  • بریلی شریف نوری مہمان خانے میں منعقدہ میٹنگ سے علماے کرام کا خطاب

بریلی/ممبئی
عالم اسلام کی عبقری شخصیت مجدد اعظم اعلم حضرت الشاہ امام احمد رضا خان قادری برکاتی بریلوی علیہ الرحمہ کے ایک سو چار واں سالانہ عرس کی تقریبات عالمی سطح پر انعقاد پذیر ہے بالخصوص ملک کے کونے کونے گوشے گوشے سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد بریلی شریف میں موجود ہے یادرہے مرکز اہلسنت بریلی شریف میں کئ مقامات پر بڑے بڑے کانفرنس ہوتے ہیں جہاں سے مسلمانان ہند کو مذہب و مسلک کے حوالے سے مستقبل میں درپیش مسائل سے متعلق پیغام نشر کئے جاتے ہیں اس سلسلے میں خانقاہ رضویہ نوریہ کے بالکل قریب میں واقع رضا اکیڈمی کے زیر انتظام نوری مہمان خانہ میں بھی ایک اہم میٹنگ طلب کی گئی جس میں ملک کے مختلف صوبوں سے شریک عرس علماء کرام نے شرکت کی
مذکورہ نشست کی صدارت کرتے ہوئے اسیر مفتی اعظم الحاج محمد سعید نوری صاحب جنرل سکریٹری رضا اکیڈمی نے فرمایا کہ امت مسلمہ اس وقت کئ مسائل میں گھری ہوئی ہے جس میں سب سے اہم مسئلہ ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا ہے آج شرپسند عناصر اہانت رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے ذریعے عامۃ المسلمین کے جذبات و کیفیات سے کھلواڑ کرتے ہیں جس پر روک لگا نا وقت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے
قائد محترم حضرت نوری صاحب نے آگے یہ بھی کہا کہ عوام کو ناموس نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے حوالے سے بیدار کرنے کیلئے کئ ذرائع موجود ہیں اسی میں ایک ذریعہ عید میلاد نبی کے موقع پر گھر گھر تک پرچم رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو لہرانا ہے جس کا پرجوش طریقے سے آغاز بھی مسجد بی بی جی سے روضہ اعلیٰ حضرت ومفتی اعظم بریلی شریف تک جلوس کی شکل میں کیا گیا ہے اب فائدہ یہ ہوگا کہ چھوٹے،بڑے بزرگ، سبھی میں جذبہ ایمانی پیدا ہوگا اور وہ ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار رہیں گے
نوری صاحب نے مذکورہ میٹنگ میں چند باتوں سے بھی روشناس کرایا اور کہا کہ ظلم کے خلاف بھی ہمیں اٹھ کھڑے ہونا ہے ظالم چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو ہمیں مشترکہ طور مظلوم کی حمایت کرنی چاہیے

پنجاب لدھیانہ سے حضرت مولانا محمد فاروق رضوی نے کہا کہ رضا اکیڈمی کی جانب سے پیش کردہ تمام تجاویز کی ہم تائید کرتے ہیں کیوں کہ رضا اکیڈمی مکمل اعتماد اور یقین کا نام ہے قوم و ملت کے مفادات میں جو بھی قدم اٹھائے جاتے ہیں ہم نہ صرف خیرمقدم کرتے ہیں بلکہ اس پر اپنے شہر و قصبہ جات میں کام بھی کرتے ہیں لہذا گھر گھر پرچم رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی خدمت بھی ہم کریں گے جو باعث فخر و اعجاز ہے
حضرت مولانا امان اللہ رضا ممبئی نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ناموس رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر کام کرنا ہی مومن کی پہچان ہے اگر ہم نے صحیح معنوں میں اس پر کام نہیں کیا تو آنے والی نسلوں کو ہم کیا جواب دیں گے
حضرت علامہ خلیل الرحمٰن نوری نے اپنے بیان میں کہا کہ آج جس طرح سے مدارس و جامعات کو سروے کے نام پر پریشان کیا جارہا ہے وہ ایک طرف سے مدرسوں کے خلاف سازش ہے جس سے ذمہ دران ادارہ کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے اراکین جامعہ بروقت اپنے کاغذات کو درست کرلیں اس معاملے میں کہیں کوئی پریشانی ہوتو آل انڈیا سنی جمیعۃ العلماء سے رابطہ قائم کریں آپ نے مزید کہا کہ آج جب بھی کہیں کسی بےبس اور کمزور پر ظلم ہوتا ہے تو اس کے خلاف رضاا کیڈمی ہی میدان میں نظر آتی ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم خلوص وعقیدت سے اس تنظیم سے وابستہ ہوں اور اس کی تمام تحریکات کو زمینی سطح پر لانے کی کوشش کریں
حضرت مولانا محمد وسیم رضوی سلطان پور نے پرجوش انداز میں کہا کہ
سچ معنوں میں پرچم رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم ہر گھر تک پہنچے یہ اپنی نوعیت کا منفرد کام ہے جس کے لئے اسیر مفتی اعظم حضرت الحاج محمد سعید نوری صاحب اور ان کے رفقاء لائق تحسین و ستائش ہیں
اگر عاشقان رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے جوش و خروش سے عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے علاقوں شہروں تک اس کار خیر میں حصہ لیا تو اس کے اثرات عشق مصطفی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے حوالے سے نفع بخش ثابت ہوگا
حضرت قاری محمد توفیق اعظمی
حضرت مولانا جہانگیر القادری وغیرہ نے بھی پرچم رسالت تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ تو ہم سب کی مشترکہ خوش بختی ہے کہ پرچم رسالت صلی اللّٰہ علیہ وسلم مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔

رپورٹ: محمد عارف رضوی
سکریٹری رضا اکیڈمی ممبئی

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے