- نماز جمعہ ہماری اجتماعیت و اتحاد کا مظہر ہے اسے برقرار رکھیں!
- نماز جمعہ کی تاکید پنج وقتہ نمازوں سے زیادہ ہے لہذا مسلمان اسے ہرگز ترک نہ کریں!
گولا بازارکھ پور: 23 ستمبر، ہماری آواز(راست)
ایمان و عقیدے کی تحفظ کے بعد تمام عبادتوں میں افضل و اہم اور ضروری عبادت نماز ہے اور تمام نمازوں سے زیادہ تاکید نماز جمعہ کی ہے۔ اسے ترک کرنے کی سوچنا بھی ایک مسلمان کے لیے گناہ عظیم ہے۔ نیز نماز جمعہ ہم مسلمانوں کے اتحاد و اجتماعیت کا مظہر ہے جو غیروں کے پیٹ میں مروڑ کا باعث ہے وہ کبھی نہیں چاہتے کہ مسلمان ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اسی لیے نت نئے پروپیگنڈوں کے تحت وہ ہماری اجتماعیت کو توڑنے کی ہر ممکن کوشش کرتے رہتے ہیں اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ہم سادہ لوح مسلمان ان کے دام و فریب میں آکر خود ہی اپنے اتحاد کے دشمن بن جاتے ہیں اور چھوٹی چھوٹی سی فروعی باتوں میں اختلاف کر اپنا شیرازہ بکھیرنے لگتے ہیں۔ اس لیے مسلمانوں کو چاہیئے کہ وہ اپنی آنکھیں کھولیں اور غیروں کے بہکاوے میں نہ آکر اپنی اجتماعیت کو مضبوط کریں۔
مذکورہ خیالات کا اظہار شہر گولا بازار کے رجسٹرڈ قاضی حضرت علامہ مفتی شعیب رضا صاحب نظامی فیضی نے آج شہر سے متصل موضع پرساں میں خطاب جمعہ کے درمیان کیا۔
انھوں نے مسلمانوں کو سارے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ اخوت و بھائی چارگی کے ساتھ رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کبھی غیروں کی باتوں پر کان دھر کے اپنوں سے رنجشیں نہ بڑھائے حسن ظن کا دامن تھامے رہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے علماے کرام سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ خدائے لم یزل نے اپنے پیارے دین کو آسان تر بنایا ہے لہذا خدارا اسے آسان ہی رہنے دیں مشکل نہ بنائیں ورنہ امت کا شیرازہ بکھرتے دیر نہیں لگے گی۔