جھارکھنڈ مذہبی گلیاروں سے

رانچی: اسلامی مرکز میں عرسِ رئیس القلم منایا گیا

رانچی: 14 ستمبر، ہماری آواز
کل بعد نماز فجر و ظہر الجامعۃ القادریۃ ،اسلامی مرکز ،ہند پیڑھی ،رانچی کے طلبہ کرام نے قرآن خوانی کی اور بعد نماز عصر غوثیہ جامع مسجد، اسلامی مرکز میں تمام اساتذۂ کرام و طلبہ عظام اور شہر رانچی کے علماء ذوی الاحترام و مصلیان حضرات نے شرکت کی ۔مناظر اسلام، رئیس القلم علامہ ارشد القادری علیہ الرحمہ کے سالانہ عرسِ پاک کی مناسبت سے بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ مختصر محفل پاک کا اہتمام کیا گیا ۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعدہ اسلامی مرکز کے آفس انچارج ماسٹر ذوالفقار علی اور حافظ و قاری کلیم نے اپنی مترنم و دلکش آواز میں نعت پاک پیش کیا ۔ اس کے بعد حضرت مولانا مفتی محمدشمس تبریز قادری علیمی، خطیب و امام ،غوثیہ جامع مسجد، اسلامی مرکز نے علامہ رئیس القلم علیہ الرحمہ کی زندگی کے تابندہ و درخشندہ پہلوؤں کو سامعین کے گوش گزار کیا ۔ حاضرین کو ان کے بے لوث محسن کی خدمات یاد دلائیں اور کہا کہ جو قوم اپنے محسنین کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہے وہ ہمیشہ کامیاب رہتی ہے ۔ اس طرح قائد اہلِ سنت علیہ الرحمہ کے فضائل و مناقب سامعین و حاضرین کے درمیان پیش کئے گئے اور اخیر میں بارگاہ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم میں صلوٰۃ و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ بعدہ فاتحہ خوانی کی گئی اوراسلام اور مسلمانوں کی ترقی اور خصوصاً مساجد و مدارس کی حفاظت کے لیے غوثیہ جامع مسجد کے خطیب و امام کی دعاؤں کے ساتھ محفل پاک اختتام پذیر ہوئی ۔ یہ روحانی محفل حضرت مفتی محمد اعجاز حسین رضوی مصباحی ، نائب قاضی ادارہ شرعیہ، جھارکھنڈ اور حضرت حافظ و قاری محمد ایوب فیضی، نائب مہتمم الجامعۃ القادریۃ اسلامی مرکز کی سرپرستی میں بحسن و خوبی پایہ تکمیل کو پہنچی ۔ جملہ عاشقان اولیاء نے بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ اس محفل پاک کا اہتمام کیا۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوبین کے صدقے ان سب کو دارین کی سعادتوں سے مشرف فرمائے آمین ۔

اپنے وہاٹس ایپ پر تازہ ترین خبریں پانے کے لیے یہاں کلک کریںْ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے