- میخائل گوربا چوف کی عمر 91 برس تھی وہ سینٹرل کلینیکل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
ماسکو(انٹرنیشنل ڈسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سوویت یونین کے سابق صدر میخائل گورباچوف انتقال کر گئے۔ میخائل گوربا چوف کی عمر 91 برس تھی، وہ سینٹرل کلینیکل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔غیر ملکی خبرساں ادارے کے مطابق گورباچوف نے 1985 میں اقتدار سنبھالا، وہ اصلاحات متعارف کروانے اور مغرب سے تعلقات بحال کرنے کے لئے جانے جاتے تھے لیکن وہ 1991 میں سوویت یونین کو بکھرنے سے روک نہیں سکے۔
کئی روسی شہری آج بھی ان کو اور ان کی اصلاحات کو ملک کے بکھرنے پر مورد الزام ٹھہراتے ہیں، میخائل گوربا چوف کا شمار 20ویں صدی کی سب سے اہم ترین سیاسی شخصیات میں کیا جاتا ہے۔انہوں نے 70 سال تک قائم رہنے والے سوویت یونین کی باگ دوڑ ایک ایسے وقت میں سنبھالی جب ایشیا اور مشرقی یورپ پر کسی زمانے میں راج کرنے والا ملک بکھرنے والا تھا۔1990 میں گوربا چوف کو مشرق اور مغرب کے تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے پر نوبیل امن انعام سے نوازا گیا ہے۔