جیلانی مشن کے پہلے ماہانہ مرکزی اجتماع سے بڑی تعداد نے استفادہ کیا
مالیگاؤں: حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت مدار ایمان ہے۔ صحابۂ کرام اور اہلِ بیت اطہار سے محبت کی اصل وجہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پاک سے نسبت و تعلق ہے۔حضور کے اہلِ بیت سے عقیدت و محبت کے ساتھ حضور کے تمام صحابہ سے محبت کرنا یہ اہلِ سنت کی سب سے بڑی علامت ہے۔ان خیالات کا اظہار 6؍ اگست بروز سنیچر مدینہ مسجد میں جیلانی مشن مالیگاؤں کے پہلے ماہانہ مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب قاضیِ اہلِ سُنت حضرت مفتی محمد نعیم رضا مصباحی نے کیا۔ آپ نے علاماتِ اہلِ سُنت کے حوالے سے بنیادی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انبیاء کے بعد سے افضل طبقہ صحابۂ کرام کا ہے۔ انبیاء اور فرشتوں کے علاوہ کسی کے لیے معصومیت کا عقیدہ رکھنا اہلِ سُنت کے خلاف ہے؛ ہاں اللہ تعالٰی اپنے مقبول بندوں کو گناہوں سے محفوظ رکھتا ہے۔آپ نے ائمۂ اہلِ بیت کی شان بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلام کے پانچویں خلیفۂ راشد سیدنا امام حسن رضی اللہ عنہ غوثیت کبریٰ کے مقام پر فائز ہیں۔ آپ کی نسل پاک سے سیدنا غوث اعظم ہوئے جو ظہورِ حضرت امام مہدی تک غوثیتِ کبریٰ کے منصب پر فائز ہیں۔ پھر اخیر دور میں امام مہدی رضی اللہ عنہ غوثیت کبریٰ کے مقام پر متمکن ہوں گے؛ جو کہ امام حسن مجتبٰی کی نسل پاک ہی سے ہوں گے۔
"دین کے لیے صرف ایک گھنٹہ” سلوگن کے ساتھ ہر مہینے کے پہلے سنیچر کو مدینہ مسجد میں منعقد ہونے والے اس پہلے اجتماع کا آغاز حافظ عبدالرافع نے تلاوت کلام اللہ سے کیا۔ بعدہٗ حمد باری تعالٰی و نعت پاک کا نذرانہ مداح رسول عبداللہ رضا قادری نے پیش کیا۔ فرض علوم کورس کا تعارف و اہمیت کے حوالے سے 12 منٹ حافظ عمر فاروق رضوی (استاذ دارالعلوم سیدناامیر حمزہ) نے گفتگو فرمائی۔ مفتی نعیم رضا مصباحی 25 منٹ کے پُر مغز مرکزی بیان کے بعد اجتماعی ذکر صلاۃ و سلام اور دعا ٹھیک ایک گھنٹہ پر ہوئی۔ بعدہٗ حافظ ندیم احمد رضوی نے تربیتی حلقہ میں وضو سے متعلق شرکاے اجتماع کی تربیت کی۔ اجتماع کے انعقاد میں الحاج عتیق الرحمن رضوی، محمد سعید رضا، خلیل رضا قادری، شیخ طالب رضا جیلانی، مدثر رضا جیلانی، محمد شعیب قادری، شعیب حسین اشرفی، محمد زماں رضوی، عارف رضا جیلانی، محمد زبیر جیلانی، وسیم احمد رضوی اور سہیل تابانی وغیرہ ارکان جیلانی مشن نے اپنی خدمات پیش کیں۔ ایسی تحریری رپورٹ شعبۂ نشر و اشاعت جیلانی مشن سے موصول ہوئی۔