خلفاء راشدین کی زندگی امت مسلمہ کے لیے مینارہ نور اور مشعل راہ ہے. مولانا بلال فانی
(30 جولائی علی گڑھ، ضیاءالرحمن) کل ہند انجمن اصلاح معاشرہ اہل سنت و جماعت علی گڑھ کی جانب سے مسجد گلستانِ رضا، شہنشاہ آباد علی گڑھ میں حضور محبوب العلماء سید محمد امان میاں قادری مدظلہ العالی والنورانی کی صدارت و مولانا شمشاد اجمل برکاتی(خطیب وامام مسجد گلستانِ رضا) کی قیادت میں دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ اور تیسرے خلیفہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی یاد میں محفل کا انعقاد ہوا جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا.
البرکات اسلامک ریسرچ سے مولانا بلال فانی تشریف لائے اور حضرت عمر فاروق و حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہما کے فضائل و مناقب بیان کرتے ہوئے کہا کہ خلفاء راشدین کی زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مینارہ نور اور مشعل راہ ہیں، اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکر صدیق، دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروق، تیسرے خلیفہ حضرت عثمان غنی، چوتھے خلیفہ حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ عنہم ہیں، چاروں خلفاء کا مقام ومرتبہ بہت بلند ہے. ہمیں خلفاء راشدین کے نقشِ قدم چل کر اپنی زندگی گزارنا چاہیے.
مولانا شمشاد اجمل برکاتی صاحب نے مولانا ضیاءالرحمن امجدی سے رپورٹ تحریر کراتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ کل ہند انجمن اصلاح معاشرہ اہل سنت و جماعت علی گڑھ کی جانب سے ہر جمعہ بعد نماز عشاء مسجد گلستانِ رضا میں نوجوان حضرات کی تربیت کے لیے محفل منعقد کی جاتی ہے جس میں مختلف اسلامک اسکالرز کو بلایا جاتا ہے.
صلاۃ و سلام کے بعد مولانا شمشاد اجمل برکاتی صاحب کی دعا سے محفل کا اختتام ہوا.
اس موقع پر مولانا شفیق مصباحی، مولانا افتخار عالم مرکزی اور کثیر تعداد میں سامعین موجود تھے.